رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی نے پائلٹ کی ڈپلومہ سند پرگرائجویٹ کا بوگس ووٹ ڈالا ہے

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی نے پائلٹ کی ڈپلومہ سند  پرگرائجویٹ کا بوگس ووٹ ڈالا ہے

کانگریسی قائدین کا الزام،اسپیکر اسمبلی سے شکایت کا اعلان،اسمبلی کی رکنیت سے معطلی کا مطالبہ

وقارآباد/تانڈور۔22۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام )
ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ،محبوب نگر کیلئے 14 مارچ کو رائے دہی منعقد ہوئی تھی 17 مارچ سے ووٹوں کی گنتی اور 20 مارچ کو اس حلقہ کے نتیجہ کا اعلان کیا گیا جس میں ٹی آرایس امیدوار سرابھی وانی دیوی کامیاب ہوئیں۔

لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ انتخابات حلقہ اسمبلی تانڈور کیلئے نیک شگون ثابت نہیں ہوئے ہیں کیونکہ رائے دہی کے چند گھنٹوں بعد سی پی آئی، کانگریس اور ٹی جے ایس کے فلورلیڈران بلدیہ تانڈور محمد آصف ، سوماشیکھر ، پربھاکر گوڑ اور سرینواس ریڈی نے صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل پر اس رائے دہی کے دؤران بوگس ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن ، کلکٹر ضلع وقارآبادپوسومی باسو کیساتھ ساتھ آرڈی او تانڈور اشوک کمار اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور روی کمار سے تحریری شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صدر نشین بلدیہ نے اپنی ایک اور سسرالی بہو کے ووٹ کااستعمال کیا ہے اس سلسلہ میں ان اپوزیشن قائدین نے 20 مارچ کو دفتر بلدیہ کے باب الداخلہ پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر صدر نشین بلدیہ تانڈور کو عہدہ سے معطل کیا جائے۔

20 مارچ کو ہی صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی بوگس یا جعلی ووٹ نہیں ڈالا ہے اور نہ ہی انہیں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔صدر نشین بلدیہ نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں انکے نام کی موجودگی ، انتخابی عہدیدار کی اجازت اور پولنگ ایجٹس کی منظوری کے بعد ہی انہوں نے ووٹ ڈالا تھا۔فی الحال یہ معاملہ زیر تحقیقات ہے۔

یہ معاملہ ساری ریاست میں موضوع بحث تھا کہ اسی دؤران آج صدر کانگریس ضلع وقارآباد وسابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی نے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کے باہر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی جب گرائجویٹ ہی نہیں ہیں تو پھر کس طرح انہوں نے 14 مارچ کی رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ ڈالا ؟۔

صدر کانگریس ضلع وقارآباد و سابق رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔(ویڈیو دیکھا جاسکتاہے)

ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کے شکست خوردہ کانگریسی امیدوار جی۔ چنا ریڈی،انچارج کانگریس حلقہ اسمبلی تانڈور ایم ۔ رمیش اور دیگر کانگریسی قائدین کیساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔ رام موہن ریڈی نے دستاویزات پیش کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی ہندوستان میں انٹر میڈیٹ کی تکمیل کے بعد پائلٹ کی تربیت حاصل کرنے کیلئے امریکہ گئے تھے۔

جہاں انہیں ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ فیڈرل ایوی ایشن اڈمنسٹریشن (ایف اے اے) یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکہ کی جانب سے سنگل انجن کا طیارہ اڑانے کا لائسنس جاری کیا گیا جس کا نمبر 3277787 ہے اور یہ 24 مئی 2008ء کو جاری کیا گیا ہے اس میں بھی انہیں انٹر میڈیٹ تک تعلیمیافتہ لکھا گیا ہے۔

صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔ رام موہن ریڈی نے کہا کہ ایک غیر ملکی لائسنس کی بنیاد پر وہ انٹرمیڈیٹ کے بعد گرائجویٹ کیسے بن سکتے ہیں اور گرائجویٹ کی حیثیت سے انہوں نے 14 مارچ کو اپنا ووٹ کس بنیاد پرڈالا ہے؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس سے واضح ہوجاتا ہے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بوگس اور جعلی ووٹ ڈالا ہے۔رام موہن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اسی طرح بوگس ووٹنگ کے باعث تلنگانہ جہد کاراورکانگریسی امیدوارجی۔ چناریڈی کو شکست ہوئی ہے!

صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔ رام موہن ریڈی نے کہا کہ جس طرح ڈرائیونگ لائسنس ہوتا ہے اسی طرح رکن اسمبلی تانڈور کے پاس صرف پائلٹ کا لائسنس ہے اور وہ گرائجویٹ نہیں ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے بوگس اور جعلی ووٹ کا اندراج کرواتے ہوئے ووٹ ڈالا ہے اور اعلان کیا کہ کل کانگریس کی جانب سے اس سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاملہ پر مشتمل شکایت درج کروائی جائے گی اور مطالبہ کیا جائے گا کہ بوگس ووٹ ڈالنے کی پاداش میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی اسمبلی کی رکنیت فوری طورپر ختم کردی جائے ۔