چوروں کی فہرست میں پٹرول اور ڈیزل کا بھی اضافہ !محبوب نگرضلع میں پٹرول بنک سے 4,000 لیٹر ڈیزل کی چوری

چوروں کی فہرست میں پٹرول اور ڈیزل کا بھی اضافہ
محبوب نگرضلع میں پٹرول بنک سے 4,000 لیٹر ڈیزل کی چوری

حیدرآباد :10۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

اب تک مکانات اور دُکانات سے سونا،چاندی، نقد رقم ،شراب اور دیگر اشیاء کے سرقہ کی وارداتیں اور خبریں عام تھیں اب چونکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگی ہیں تو ایسے میں چوروں کی فہرست میں مذکورہ بالا اشیاء کے ساتھ ڈیزل اور پٹرول کی چوری بھی شامل ہوگئی ہے!

ایسی ہی ایک چوری کی واردات میں نامعلوم چوروں نے پٹرول بنک کے زیر زمین ٹینکر سے باقاعدہ برقی موٹرلگاکر 4,000 لیٹر ڈیزل کا سرقہ کرلیا ہے۔

تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے جڑچرلہ میں پیش آئی اس واردات کی تفصیلات کے مطابق موضع بھوریڈی پلی میں شاردا فلنگ اسٹیشن نامی پٹرول بنک زیر تعمیر ہے۔

چند دن قبل اس پٹرول بنک کے زیر زمین ٹینکر میں ٹرائل کی غرض سے بھارت آئیل کمپنی نے 4,000 لیٹر ڈیزل کا ذخیرہ کیا تھا جب اس پٹرول بنک کے مالک ویرا برہماچاری نے کل اس زیر زمین ڈیزل ٹینکر کا مشاہدہ کیا تو اس میں ایک قطرہ ڈیزل بھی موجود نہیں تھا۔

جسے نامعلوم سارقوں نے برقی موٹرکے ذریعہ ٹینکر یا بیارلوں میں بھرکر سرقہ کرلیا۔پٹرول بنک مالک ویرا برہماچاری کی شکایت پر جڑچرلہ پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔ چوری کیے گئے 4,000 لیٹر ڈیزل کی قیمت چار لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔

مانا جارہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ریاست میں یہ اس طرز کی پہلی چوری کی واردات ہے!

دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب رات کے اؤقات مکانات کے باہر رکھی گئیں کاروں اور موٹرسیکلوں سے بھی ڈیزل اور پٹرول چوری کیے جانے کی شکایات عام ہیں۔

گاڑی مالکین کیلئے اب لازمی ہوگیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اس میں موجود پٹرول اور ڈیزل کی حفاظت کا طریقہ بھی تلاش کرلیں۔