سعودی عرب میں ماہ شوال کا چاند نظر آگیا
کل 21 اپریل بروز جمعہ عید الفطر ہوگی
ریاض: 20۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
سعودی عرب میں آج 20 اپریل 2023ء بروز جمعرات کو ماہ شوال 1444 ہجری کاچاند نظر آگیا۔جس کے مطابق سعودی مملکت اور کئی خلیجی ممالک میں عیدالفطر کل بروز جمعہ 21 اپریل کو منائی جائے گی۔
اردو نیوز جدہ اورسعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نےمملکت میں شوال کے چاند کےنظر آنے کی تصدیق کی اور اعلان کیا کہ عیدالفطر جمعہ 21 اپریل سے شروع ہوگی۔سعودی گزٹ نے ٹوئٹر پر سعودی مملکت میں چاند نظر آنے کی اطلاع دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر نےسرکاری طور پر اعلان کیاہے کہ چاند نظر آنے کے بعد عید الفطر 21 اپریل بروز جمعہ منائی جائے گی۔اسی طرح متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں بھی کل 21 اپریل بروز جمعہ کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
عمان نے اعلان کیا کہ عیدالفطر کے پہلے دن،رمضان المبارک کے اختتام پر مذہبی تعطیل ہفتہ 22 اپریل کو منائی جائے گی۔یہ فیصلہ جمعرات کی شام رویت ہلال دیکھنے کے بعد وزارت اوقاف اور مذہبی امور کی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔
شوال کا چاند نظر نہ آنے کے بعد آسٹریلیا، سنگاپور،انڈونیشیا،ملیشیا اور برونی نے 22 اپریل،بروز ہفتہ عید الفطر کا پہلا دن قرار دیاہے۔
دوسری جانب اردو نیوز جدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔مرکزی روپت ہلال کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور اسلام آباد ہوا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق پاکستان بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے یکم شوال 22 اپریل کو ہوگا۔

"

