حیدرآباد : آؤٹر رِنگ پر 100 کروڑ کے صرفہ سےخوبصورت سنٹرل لائٹنگ سسٹم کا ریاستی وزرا کے ٹی آر اور سبیتا ریڈی نے افتتاح کیا

حیدرآباد: آؤٹر رِنگ روڈ پر 100 کروڑ کے صرفہ سے دلنشین سنٹرل لائٹنگ سسٹم
ریاستی وزرا کے ٹی آر اور سبیتا ریڈی نے افتتاح انجام دیا، دیگر بھی شریک
کے ٹی آر نے خوبصورت تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیں

حیدرآباد: 16۔ڈسمبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت حیدرآباد تمام شعبہء حیات بالخصوص آئی ٹی ہب،میڈیکل ہب کے طور پر سارے ملک میں اپنی ایک علحدہ شناخت بنانے میں مصروف ہے اور اس میں کامیابی بھی حاصل ہوتی جارہی ہے۔

حیدرآباد کی تاریخی معظم جاہی مارکیٹ۔ MoazzamJahiMarket#

کورونا وائرس کی جان لیوا دوسری لہر کے دؤران ملک کی ریاستوں آندھراپردیش،کرناٹک،اڑیسہ،چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا سے کورونا متاثرین اپنے علاج کے لیے حیدرآباد کے سرکاری اور خانگی ہسپتالوں سے رجوع ہوئے تھے۔ 

دنیا کے مختلف ممالک کے علاوہ خود ہندوستان کی کئی ریاستوں سے آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات کے ماہرین کی بڑی تعداد پرکشش تنخواہوں کے ساتھ حیدرآباد میں ملازمتیں حاصل کررہی ہے۔!!

اب تو دبے لفظوں میں سوشل میڈیا پر اس احساس کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ طویل صبر آزما اور پرامن جدوجہد کے بعد 2014ء میں علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل کرلی گئی۔

لیکن اب دیکھا یہ جارہا ہے کہ حیدرآباد میں حیدرآبادیوں سے زیادہ تعداد دیگر ممالک اورمختلف ریاستوں کے عوام کی نظر آتی ہے!! ویسے بھی ہر ہندوستانی کو یہ جمہوری حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ طور پر ملک کی کسی بھی ریاست اور شہر کو اپنا بسیرا بناسکتا ہے،ان ریاستوں اور شہروں میں ملازمتیں حاصل کرسکتا ہے!

” رؤشنیوں سے منور آؤٹر رنگ روڈ کا خوبصورت ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے”

ایسی شکایتیں کرنے والوں کو صرف یہی مشورہ دیا جاسکتا ہے کہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کومختلف طریقوں سے ضائع کرنے کے بجائے ایک مثبت سوچ اور عملی منصوبہ کے ساتھ وہ سب کچھ حاصل کرسکتے ہیں جو حیدرآباد میں دیگر ریاستوں کے نوجوان حاصل کررہے ہیں!

شرط یہ ہے کہ اپنے خول سے باہر نکلیں،راتوں کو چبوتروں کو آباد کرنا چھوڑدیں،صبح جلد رضائی سے اپنا منہ باہر نکالنے کی عادت ڈال لیں، سورج کے اُگنے سے قبل خود جاگ جائیں،وقت کی قدر کریں،عالیشان دعوتوں اور نوابی مزاج کو کم کریں،حقہ سنٹروں،پان کے ڈبوں اور ہوٹلوں کے علاوہ دیگر غیر ضروری مشاغل سے دور رہیں تو ہر منزل پانا آسان ہے!!

"” قلی قطب شاہ نے دعا کی تھی کہ "مِرا شہر لوگاں سوں معمور کر”۔یہ دعا کتنی مقبول ہوئی کہ اب شہر میں نہ صرف مکانات کی قلت ہے بلکہ ٹریفک جام اس قدر ہونے لگے ہیں کہ ہم کو اپنے گھر کے سامنے والی سڑک پار کرنے میں پانچ منٹ لگ جاتے ہیں اور ہم دوسرے کنارے پر پہنچنے کے بعد ماتھے کا پسینہ پونچھتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔میر انیس نے دعا کی تھی یہ شہر بنام حیدر۔آباد رہے۔یہ دعا بھی ایسی مقبول ہوئی کہ اس کا نام بعض لوگوں کی کوششوں کے باوجود قائم و دائم ہے۔” "(بشکریہ: میرا کالم/سید امتیازالدین، روزنامہ سیاست سے اقتباس)

حیدرآباد کوعالمی سطح کا شہر بنانے اور اس موتیوں کے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔حیدرآباد سے 32 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود پٹن چیرؤو جسے پہلے ہی سے انڈسٹریل ایریا کی حیثیت حاصل تھی اب اور مزید ترقی کی سمت گامزن ہے ممبئی۔حیدرآباد قومی شاہراہ پر،شہر کے مضافات میں موجود پٹن چیرؤو ضلع سنگاریڈی کا حصہ ہے۔

حلقہ اسمبلی پٹن چیرؤو کے علاقہ میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ،ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی،وزیر لیبر سی۔ملاریڈی اور دیگر نے آج رات ” متنگی ٹول پلازہ ” کے قریب آؤٹر دِنگ روڈ پر ایل ای ڈی بلبس پرمشتمل سنٹرل لائٹنگ سسٹم کا افتتاح انجام دیا۔

اس سلسلہ میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ نے اس لائٹنگ سسٹم کے آغاز کے بعد اس آؤٹر رِنگ روڈ کے خوبصورت اور دلکش مناظر والی تصاویر ٹوئٹر اور فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” آؤٹر رنگ روڈ ORR# کے تمام چوراہوں اور سروس روڈز کے اہم حصوں کو 6,340 کھمبوں اور 13,009 LED فکسچر کے ساتھ  100.22 کروڑ روپئے کی لاگت سے جملہ 190.5 کلومیٹر شاہراہ کو روشنی سے منور کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔” "اچھے کام پر HMDA# بہت خوب”۔

اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ نے اس خوبصورت روشنی سے منور شاہراہ کی ڈرون سے لی گئی ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جو کہ انتہائی دلکش اور دلنشین ہے۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،رکن اسمبلی پٹن چیرؤو مہیپال ریڈی،رکن قانون ساز کونسل شمبھی پور راجو،صدرنشین ضلع پریشد سنگاریڈی منجو شری جئے پال ریڈی اور صدر نشین ضلع پریشد رنگاریڈی انیتا ریڈی کے علاوہ دیگر اس تقریب میں شریک تھے۔