ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے
پنجاب کی معذور بین الاقوامی شطرنج کھلاڑی ملیکا ہانڈا کو
اپنی جانب سے 15 لاکھ روپئے اور لیاپ ٹاپ حوالے کیا

حیدرآباد: 10۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
اس ملک میں کرکٹ کھلاڑیوں کو جو عزت،شہرت اور دؤلت حاصل ہوتی ہے اتنی کسی اور کھیل کے کھلاڑیوں کو حاصل نہیں ہوپاتی۔حکومتیں بھی کرکٹ اور ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہی زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
اولمپکس میڈل حاصل کرنے والوں پر کروڑہا روپئے کے انعامات،اراضیات اور دیگر سہولتیں فوری فراہم کردی جاتی ہیں لیکن ہاکی،شطرنج کے علاوہ مختلف کھیلوں کے کھلاڑی مالی امداد کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتوں سے ہمیشہ محروم رکھے جاتے ہیں۔
اس کی مثال پنجاب سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شطرنج کی کھلاڑی ملیکا ہانڈا ہیں۔جو کہ پیدائشی طور پر قوت گویائی اور قوت سماعت سے محروم ہیں۔لیکن اس حوصلہ مند اور باہمت لڑکی نے کبھی اس محرومی کو اپنی صلاحیتوں کے درمیان حائل نہیں ہونے دیا۔
ملیکا ہانڈا نے معذورین کے بین الاقوامی شطرنج مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دو گولڈ میڈل اور چارسلور میڈل حاصل کیے ہیں۔جبکہ ایشین چمپئین شپ میں شطرنج کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے ملیکا ہانڈا نے اب تک 7 گولڈ میڈل اپنے نام کیے ہیں۔
گزشتہ ہفتہ ٹوئٹر ہینڈل پر اس باہمت اور ہونہار شطرنج کی کھلاڑی ملیکا ہانڈا Malika Handa@ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی جانب سے حاصل کیے گئے تمام میڈلس کے ساتھ برہمی اور افسوس ظاہر کرنے والے کئی ویڈیوز ٹوئٹ کیے تھے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ان کی کوئی مالی مدد نہیں کی جارہی ہے۔
4 جنوری کو ملیکا ہانڈا نے ٹوئٹر پر باقاعدہ ایک ویڈیو اور ساتھ میں ایک نوٹ لکھتے ہوئے دفتر وزیراعظم،وزارت داخلہ اور میڈیا کو ٹیاگ کیا تھا۔

اس نوٹ میں ملیکا ہانڈا نے لکھا تھا کہ "میں ملیکا ہانڈا Deaf Chess Player میں بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی پہلی ڈیف شطرنج کی کھلاڑی ہوں”۔ انہوں نے حاصل کیے گئے میڈلس کی تفصیلات بھی لکھی تھیں۔ملیکا ہانڈا کے ان ویڈیوز کو کئی ممتاز شخصیتوں نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے لیے فنڈز اکٹھاکرنے کی اپیل کی تھی۔
آنند رنگا ناتھن نے بھی ٹوئٹر پر ملیکا ہانڈا کا ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ہوئے لکھا تھا کہ”گولڈ میڈلس کا شور!،حکومت پنجاب ملیکا ہانڈا کو رقمی ایوارڈ دینے سے انکار کررہی ہے کیوں کہ اس کے پاس قوت سماعت اور گویائی سے محروم کھلاڑیوں کی مالی مدد کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے،اور ٹوئٹر ایک بہترین جگہ ہے جہاں سے ہم ان کی کوئی مالی مدد کرسکتے ہیں”۔
آنند رنگا ناتھن کے اس ویڈیو کو اسی وقت ری ٹوئٹ کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) نے جو کہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ہمیشہ فعال رہتے ہوئے مختلف افراد کی مدد کرتے رہتے ہیں نے لکھا تھا کہ”براہ کرم اس نوجوان چمپئین کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور میں اپنی جانب سے ان کی مدد کروں گا”۔بعد ازاں کے ٹی آر کے دفتر کے عملہ نے ملیکا ہانڈا کے افراد خاندان سے ربط قائم کیا اور انہیں حیدرآباد آنے کی دعوت دی۔

آج ملیکا ہانڈا 26 سالہ نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ حیدرآباد کے پرگتی بھون پہنچ کرریاستی وزیر کے ٹی آر سے ملاقات کی اور خوشگوار ماحول میں ان سب کے درمیان گفتگو ہوئی۔
ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ملیکا ہانڈا کی صلاحیتوں کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اس موقع پر کے ٹی آر نے اپنی جانب سے ملیکا ہانڈا کو 15 لاکھ روپئے کی مالی مدد فراہم کی اور ملیکا ہانڈا کو ایک خصوصی لیاپ ٹاپ بھی حوالے کیا۔
بعدازاں ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ملیکا ہانڈا کے ساتھ لی گئیں تصاویر ٹوئٹر اور فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے اپنے وعدے کے مطابق اس تجربہ کار کھلاڑی ملیکا ہانڈا کو اپنی جانب سے مدد فراہم کی۔
ساتھ ہی کے ٹی آر نے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کو اپنے اس ٹوئٹ میں ٹیاگ کرتے ہوئے نمائندگی کی ہے کہ اس ہونہار شطرنج کی کھلاڑی ملیکا ہانڈا کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔

