ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے عوام کو جھٹکا
اہم ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ
سکندرآباد میں پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت 50 روپئے کردی گئی
دیگر ریلوے اسٹیشنوں کی قیمت میں دُوگنا اضافہ
حیدرآباد: 09۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت میں زبردست اضافہ کرتے ہوئے ٹرین کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین اور انہیں ٹرینوں تک چھوڑنے کی غرض سے ریلوے اسٹیشنوں تک آنے والے ان کے رشتہ داروں کو زور کا جھٹکا دیا گیا ہے۔
اب جبکہ ریاست تلنگانہ میں تلسنکرانتی کا تہوار آنے والا ہے تو ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے والے اور انہیں سفر کے سامان کے ساتھ ٹرینوں میں سوار کروانے کی غرض سے ان کے رشتہ دار اور دوست احباب بڑی تعداد میں ریلوے اسٹیشنوں تک پہنچتے ہیں اور اس کے لیے انہیں پلیٹ فارم ٹکٹ لینا لازمی ہوتا ہے۔
اس سلسلہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے آج رات ٹوئٹ کرتے ہوئے ریاست کے اہم ریلوے اسٹیشنوں پر موجودہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت اور اضافہ شدہ قیمت کی تفصیلات کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ تلسنکرانتی کے پیش نظر ریاست کے ریلوے اسٹیشنوں پر کورونا وبا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے پلیٹ فارمس پر ہجوم کو کم کرنے کی غرض سے پلیٹ فارم ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
جس کا اطلاق 8 جنوری سے ہوگیا ہے اور یہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی اضافہ شدہ قیمتیں 8 جنوری تا 20 جنوری 2022ء قائم رہیں گی۔
ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ریاست کے اہم ریلوے اسٹیشنوں پر موجودہ اور اضافہ شدہ قیمتوں کی تفصیلات یہ ہیں۔
1۔) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر موجودہ ریلوے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت 10 روپئے ہے جبکہ 8 جنوری سے اس کی قیمت 50 روپئے کردی گئی ہے۔
2۔)حیدرآبادریلوے اسٹیشن،3۔) ورنگل ریلوے اسٹیشن،4۔)کھمم ریلوے اسٹیشن،5۔) لنگم پلی ریلوے اسٹیشن،6۔)قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن،7۔) محبوب آباد ریلوے اسٹیشن،8۔) راما گنڈم ریلوے اسٹیشن،9۔) منچریال ریلوے اسٹیشن،10۔) بھدراچلم روڈ ریلوے اسٹیشن،11۔) وقارآباد ریلوے اسٹیشن،12۔) تانڈور ریلوے اسٹیشن،13۔) بیدر ریلوے اسٹیشن،14۔) پرلی ویجناتھ ریلوے اسٹیشن اور 15۔) بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن پر
موجودہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت 10 روپئے ہے جبکہ 8 جنوری سے 20 جنوری تک اس کی قیمت 20 روپئے کردی گئی ہے۔

