کوویڈ اور اومی کرون کے بڑھتے معاملات
حکومت تلنگانہ کی جانب سے مختلف پابندیاں عائد،جی او جاری
حیدرآباد: 25۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں کوویڈ اور اومی کرون کے بڑھتے ہوئے معاملات،مرکزی وزارت صحت کی مختلف ہدایات اور پھر تین دن قبل ریاستی ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد آج ریاستی حکومت نے مختلف پابندیاں عائد کی ہیں۔
اس سلسلہ میں آج شام چیف سیکریٹری تلنگانہ سومیش کمار نے جی او نمبر 327 جاری کیا ہے جس کے تحت آج 25 ڈسمبر سے 2 جنوری 2022ء تک ریاست میں جلسوں،جلوسوں اور ریالیوں پر پابندی عائد رہے گی۔تقاریب میں کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کرنا لازمی ہوگا۔
اسی طرح عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا ورنہ گزشتہ جاری کیے گئے جی او کے تحت ماسک کے عدم استعمال پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے۔
تقاریب میں جسمانی فاصلہ کا لازمی طور پر خیال رکھنا ہوگا اور ماسک لازمی طور پر پہننا ہوگا۔بنا ماسک کے تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والوں کو تقریبات میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔تقاریب کے مقام پر تھرمل اسکیانرز کا نظم لازمی طور پر کرنا ہوگا۔
ساتھ ہی ریاست کے عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کوویڈ اور اومی کرون سے تحفظ کے لیے تمامتر احتیاطی اقدامات کیے جائیں ماسک لازمی طور پر پہنا جائے اسی طرح عوامی مقامات اور تقریبات میں جسمانی فاصلہ کا خاص خیال رکھا جائے۔
اس جی او کی اجرائی کے بعد واضح ہوجاتا ہے کہ جاریہ سال نئے سال کی بڑی تقاریب کا انعقاد ممکن نہیں رہے گا!! اور ایسی تقاریب میں حکومت کی جانب سے آج جاری کیے گئے قواعد پر عمل کرنا لازمی ہوگا!!

آج جاری کیے گئے اس جی او نمبر 327 کے ذریعہ ریاست کے تمام ضلع کلکٹران و ضلع مجسٹریٹ، پولیس کمشنران،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان تمام ہدایات کو سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے۔

