تلنگانہ میں پہلے مرحلہ کے تحت 30,453 سرکاری ملازمتوں پر تقررات
ریاستی محکمہ فینانس نے جی اوز جاری کردئیے،بیروزگاروں کے لیے خوشخبری
حیدرآباد:23۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
حکومت تلنگانہ نے آج ریاست کے بیروزگاروں کے لیے ایک خوشخبری دیتے ہوئے پہلے مرحلہ کے تحت 30,453 سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے لیے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔اس سلسلہ میں ریاست کے محکمہ فینانس نے اجازت دیتے ہوئے آج رات دیر گئے محکمہ واری سطح پر تقررات کے سلسلہ میں ایک ساتھ 11 جی اوز جاری کردئیے ہیں۔
وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے 9 مارچ کو ریاستی اسمبلی کے فلور سے ریاست تلنگانہ کے بیروزگاروں کو سب سے بڑی سوغات دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ریاست کے تمام سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جملہ 91,142 جائیدادوں پر تقررات کے لیے جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل کیے جانے کے بعد جو 80,039 جائیدادیں باقی رہ جاتی ہیں ان پر تقررات کے لیے جی اوز /نوٹیفکیشن نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے۔اس طرح وزیراعلیٰ نے کنٹراکٹ ملازمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے 11،103 ملازمین کی جائیدادوں کومستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں بھی راحت فراہم کی تھی۔
اس سلسلہ میں آج 23 مارچ کو محکمہ فینانس کی جانب سے گروپ۔1،محکمہ داخلہ، جیل، محکمہ ٹرانسپورٹ محکمہ صحت و طبابت کی جائیدادوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے اہلیتی ٹسٹ "ٹیٹ TET” کے انعقاد کے لیے محکمہ فینانس نے احکام جاری کیے ہیں۔ان تمام محکمہ جات میں تقررات کے لیے اداروں کا تقرر کیا جائے گا۔
باقی ماندہ مزید سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے لیے وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ،دیگر متعلقہ محکمہ جات کے وزراء،عہدیدار اور محکمہ فینانس کے عہدیدار مزید جی اوز جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ کو ہدایت دی تھی کہ وہ محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد 80,039 سرکاری جائیدادوں پر فوری تقررات کا اعلان کریں۔
جس کے بعد وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ،وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی، وزیر آبکاری سرینواس گوڑ اور دیگر وزرا نے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار اور محکمہ فینانس کے اسپیشل سیکریٹری راما کرشنا راؤ اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ متعدد مرتبہ مشاورتی اجلاس منعقد کیے تھے۔
” وزیراعلیٰ کے سی آر 8 مارچ کو اسمبلی میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کرتے ہوئے ” تفصیلات اس لنک پر”

