تلنگانہ راؤنڈاپ : 15 ڈسمبر ، ریاستی گورنر تملسائی سوندر راجن، وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، سابق وزیراعلیٰ کے سی آر

تلنگانہ راؤنڈ اپ : 15 ڈسمبر کی اہم خبریں 

⬅️ تلنگانہ دس سالہ جبر و آمرانہ حکمرانی سے آزاد : گورنر تملسائی سوندرراجن کا اسمبلی سے خطاب

⬅️ سابق وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ ہسپتال سے ڈسچارج،بنجارہ ہلز کی رہائش منتقل

⬅️ میری گاڑیوں کے قافلہ کے گزرنے کے دؤران ٹریفک کو نہ روکا جائے: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

⬅️ محکمہ پولیس اور صحت میں جلد تقررات عمل میں جائیں : جائزہ اجلاس میں ریونت ریڈی کی ہدایت

⬅️ آئی اے ایس عہدیداروں کا بڑے پیمانے ردو بدل

حیدرآباد : 15۔ڈسمبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)

تلنگانہ دس سالہ جبر وآمرانہ حکمرانی سے آزاد : گورنر تملسائی سوندر راجن کا اسمبلی سے خطاب :-

گورنر تلنگانہ محترمہ تملسائی سوندر راجن نے آج ریاستی اسمبلی کےمشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہےکہ ریاست کو آمرانہ حکمرانی سے آزاد کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے عوام نے حال ہی میں منعقدہ ریاستی انتخابات میں دس سال کے جبر سے خود کو آزاد کرنے کا واضح فیصلہ دیا ہے۔اس کے لیے انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی اس اجتماعی دانشمندی کی تعریف کرتی ہیں۔

گورنر محترمہ تملسائی سوندر راجن نے ریاستی اسمبلی کے تیسرے قانون ساز اجلاس کے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ اب آزادی اور آزادی کی تازہ ہوا میں سانس لے رہا ہے۔ریاست کو بی آر ایس حکومت کے آمرانہ رجحانات اور آمرانہ حکمرانی سے آزاد کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے فیصلہ میں واضح طور پر کہا گیا کہ وہ کسی قسم کا جبر برداشت نہیں کریں گے۔گورنر محترمہ نے کہا کہ یہ فیصلہ شہری حقوق اور جمہوری حکمرانی کے لیے سنگ بنیاد بن گیاہے۔حکمرانوں کو عوام سے الگ کرنے والی آہنی رکاوٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور میں یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کر ر ہی ہوں کہ تلنگانہ میں شیشے کے گھر اور رکاوٹیں ہٹا کر حقیقی عوامی حکمرانی کا آغاز ہو گیا ہے۔

گورنر محترمہ تملسائی سوندر راجن نے یہ الزام عائد کرتےہوئےکہ گزشتہ حکومت کی خراب حکمرانی کی وجہ سے ریاست میں پورا مالیاتی نظم و ضبط تباہ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت پٹری سے اتری ہوئی مالی صورتحال کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔اورعوام پر مالی بوجھ عائد کیے بغیرہم مالی سمجھداری لانا چاہتے ہیں اور عوام کو بہترین نظم و نسق اور فلاح و بہبود پیش کرنا چاہتے ہیں۔ یہی ہماری حکومت کا
مقصد اور ہدف ہے۔

انہوں نے ریاستی عوام کو تیقن کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومت کے دؤر میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرے گی اور انہیں مالی بوجھ ڈالے بغیر دور کرے گی۔اس کے لیے وائٹ پیپرز جاری کرکے ہر محکمہ کی مالی حالت عوام کےسامنے رکھی جائے گی اور اصل حقائق منظر عام پر لائے جا ئیں گے۔شفاف حکومت کے حصہ کے طور پر وائٹ پیپر جاری کریں گے جس کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا۔

ریاستی گورنر نے اسمبلی سےاپنے خطبہ میں مزید کہا کہ طرز حکمرانی کے طور پر 48 گھنٹوں کے اندر حکومت نے 6 گیارنٹی اسکیمات میں سے دو پر عمل آوری شروع کردی ہے،جس میں سرکاری آر ٹی سی بسوں میں خواتین کےلیےمفت بس سفر اور راجیو آروگیہ شری اسکیم کےتحت غریبوں کو 10 لاکھ روپے کاہیلت انشورنس شامل ہے۔ریاستی گورنر نے کہاکہ تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کی جانب سےموجودہ حکومت یو پی اے کی اس وقت کی چیئرپرسن شریمتی سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا تھا۔

سابق وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ ہسپتال سے ڈسچارج :-

حالیہ سابق وزیراعلیٰ تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ آج 11 بجے دن ہسپتال سےڈسچارج کردئیےگئے۔سابق وزیراعلیٰ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد سیدھے بنجارہ ہلز کے نندی نگر میں موجود اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوئے۔یاد رہے کہ 8 ڈسمبر کی رات کے سی آر اپنے فارم ہاؤز کے واش روم میں پھلس کر گرگئے تھے جس کے باعث اس کے کولہے کی ہڈی میں فریکچر ہوا تھا جس کی سرجری کی گئی وہ ہسپتال میں ایک ہفتہ تک زیر علاج رہے۔اس کے بعد وہ تیزی کے ساتھ روبصحت ہو رہے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ کے سی آر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیےجانے کے موقع پر ان کے فرزند و سابق وزیر کے ٹی آر، سابق وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤبھی موجود تھے،جو کے سی آر کے ساتھ روانہ ہوگئے۔ڈاکٹرز نے سابق وزیراعلیٰ کو چار تا پانچ ہفتوں تک مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے مکمل صحتیاب ہونے کے لیے 7 تا 8 ہفتے درکار ہونگے۔

میری گاڑیوں کے قافلہ کے گزرنے کے دؤران ٹریفک کو نہ روکا جائے : وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا حکم 

حالیہ انتخابات میں ریاست تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے اقتدار پر آنے اور ریونت ریڈی کےوزیراعلیٰ بننے کےبعد کئی ایک حیرت انگیزاقدامات کیے جارہے ہیں،جس سے عوام تجسس میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔سوشل میڈیا اور میڈیا پر ریونت ریڈی کے کئی ایک سخت فیصلوں پر لکھا اور کہا جا رہا ہے کہ ریونت ریڈی کے اقدامات نے فلم نائیک کے ہیرو انیل کپور کی یاد کو تازہ کرکے رکھ دئیے جس میں انیل کپور ایک دن کے لیے چیف منسٹر بننے کے فوری بعد عوام اور انتظامیہ کے مفاد میں کئی ایک بروقت اقدمات کرتے ہیں جن سے عوام بہت خوش ہوتی ہے۔

آج ایک ایسے ہی اپنے اقدام کےذریعہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اپنی عوامی مقبولیت میں اضافہ کا باعث بنے ہیں۔جس کے ذریعہ انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ان کی گاڑیوں کے قافلہ کے گزرنےکے دؤران کہیں بھی ٹریفک کو نہ روکا جائے۔ریونت ریڈی نےحکم جاری کیا ہے کہ کسی بھی مقام پر ان کے گزرنے کے دؤران ٹریفک کو روک کر عوام کو مشکلات کا شکار نہ بنایا جائے اور وہ عوام کے ساتھ عام ٹریفک میں ہی گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ گزرنا پسند کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے اس حکم کے بعد کل 16 ڈسمبر سے وزیراعلیٰ کی گاڑی سمیت ان کےساتھ موجود گاڑیوں کے قافلہ کو عام ٹریفک کے درمیان سے گزارنے کےلیے عہدیدار اقدامات میں مصروف ہوگئے ہیں۔عام طور پر ایسا ہوتاہے کہ وزیراعلیٰ کے گزرنے کے دؤران نصف گھنٹہ قبل سے ہی کئی کلومیٹر تک عام ٹریفک کو روک دیا جاتا ہے یا پھر ٹریفک کا رخ موڑ دیا جاتا ہے،جس سے دیگر گاڑی سواروں کو شدید پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

محکمہ پولیس اور صحت میں جلد تقررات عمل میں جائیں : اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی ہدایت:-

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نےمتعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی ہےکہ محکمہ پولیس اورمحکمہ صحت میں موجود مخلوعہ جائدادوں پر جلد تقررات عمل میں لائے جائیں۔وزیراعلیٰ آج شام ڈاکٹر  بی آر امبیڈکر سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس اجلاس میں ریاستی وزیر محکمہ صحت و طبابت دامودر راج نرسمہا،چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری،ڈی جی پی روی گپتا کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔

اس اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ان تقررات کے عمل کے دؤران کسی بھی قسم کی دھاندلیاں نہ ہوں اس کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔مکمل صاف و شفاف طریقہ کار کےذریعہ تقررات کو یقینی بنایاجائے۔ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی کہ تقررات کےعمل کےدؤران سرزد ہونے والی غلطیوں اور انہیں روکنے کے لیے درکار اقدامات پرمشتمل سفارشی رپورٹ بھی انہیں سونپی جائے۔وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اس اجلاس میں عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کےقیام کےبعد سےتمام سرکاری محکمہ جات میں عمل میں لائے گئے تقررات کی مکمل تفصیلات بھی انہیں فراہم کی جائیں۔

اس اجلاس میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نےریاستی ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ تلنگانہ جدوجہد کے دؤران اپنی خدمات سے محروم ہونے والی اس وقت کی ڈی ایس پی نلینی ریڈی کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نلینی ریڈی سے ربط قائم کیاجائے اگر وہ محکمہ پولیس میں دوبارہ شامل ہونا چاہتی ہیں انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ شامل کیا جائے یا پھر ان کی خواہش پر کسی اور سرکاری محکمہ میں ملازمت فراہم کی جائے۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ریاستی ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ تلنگانہ میں گزشتہ 9 سال سےہوم گارڈز کےتقررات عمل میں نہیں لائےگئے ہیں۔ اور محکمہ پولیس کی خدمات میں مزید بہتری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہوم گارڈز کے تقررات عمل میں لائے جائیں۔اور ساتھ ہی موجودہ ہوم گارڈز کی صحت، معاشی دشواریوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، حیدرآباد میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہوم گارڈز کی خدمات میں مزید توسیع و اضافہ کیا جائے۔

اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے خدمات کے دؤران شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہونے والے اور زیادہ وقت تک ڈیوٹی کرنے والے ریاست تلنگانہ کے تمام ملازمین پولیس،محکمہ آرٹی سی کے ملازمین کے بچوں کو بہتر تعلیم کی فراہمی کے لیے درکار سہولتوں سے بھی انہیں واقف کروایا جائے۔ریونت ریڈی نے اس اجلاس میں یہ ہدایت بھی دی کہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے لے کر پولیس کانسٹیبلس تک اور آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیداروں سے لے کر بس کنڈاکٹرز اور نچلے درجہ کے ملازمین کے بچوں کوسینک اسکولوں کی طرح خصوصی ریسیڈینشیل اسکولوں کے قیام کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔

آئی اے ایس عہدیداروں کا بڑے پیمانے پر رد و بدل،امرپالی سید علی مرتضیٰ رضوی،مشرف علی فاروقی، سندیپ کمار جھا اور دیگر شامل :۔

آج ایک اہم اقدام کے تحت تلنگانہ کی کانگریسی حکومت نے کئی سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کی بڑ ےپیمانے پرکئی اہم عہدوں پر تبدیلیاں عمل میں لائی ہیں۔

اقتدار سے محروم بی آر ایس حکومت کے اقتدار کے دوران کاشتکاری کے شعبہ کو بجلی کی فراہمی میں بے ضابطگیوں کے خدشات نے نومنتخب چیف منسٹر اینمولہ ریونت ریڈی کو اپنی انتظامیہ میں شعبہ برقی کو اولین ترجیح دینے پر مجبور کیاہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکومت نے انرجی ونگ اور ڈسکامس کی نگرانی کے لیے تجربہ کار اعلیٰ عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا ہے۔

سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کے ردوبدل کے ایک حصہ کےطور پر سیکریٹری محکمہ صحت جناب سید علی مرتضیٰ رضوی کو انرجی (توانائی) کے سکریٹری کے طور پر مقرر کیاگیاہے وہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسمیشن کارپوریشن TS TRANSCO اورتلنگانہ اسٹیٹ جنریشن کارپوریشن TS GENCO کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر کے طور پر مکمل اضافی چارج سنبھالیں گے۔مزید برآں جوائنٹ سکریٹری برائے سیاحت سندیپ کمار جھا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو کے جوائنٹ منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیاگیا ہے۔جبکہ مشرف علی فاروق آئی اے ایس کو چیرمین و مینجنگ ڈائرکٹر TSSPDCL کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔

اسی طرح محترمہ شیلجا رامائیر کا پرنسپل سکریٹری برائے محکمہ سیاحت تقررعمل میں لایا گیا ہے،جو صحت اور خاندانی بہبود کے کمشنر کے علاوہ پرنسپل سکریٹری برائے ہیلت میڈیکل اینڈ فیملی ویلفیئر کےطور پر مکمل اضافی چارج سنبھال رہی ہیں۔

جبکہ ایک اور سینئر آئی اے ایس عہدیدار محترمہ امر پالی کوجوائنٹ میٹرو پولیٹن کمشنر حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی HMDAکے طور پر اور منیجنگ ڈائرکٹر موسیٰ ندی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ MRDCL کے مکمل اضافی چارج کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔

بی گوپی آئی اے ایس کو ڈائریکٹر محکمہ زراعت مقرر کیا گیا ہے۔اس عہدہ پر ایم۔راگھونندن راؤ خدمات انجام دے رہے تھے۔اس ردوبدل کے ذریعہ ریاستی حکومت نے ان مذکورہ بالا محکمہ جات کو مزید کارکرد اور جوابدہ بنانے کی جانب قدم اٹھایا ہے۔!

یہ بھی پڑھیں ” 

پرساد کمار ، تانڈور کی ایک دودھ فروش ماں کے فرزند ، تلنگانہ اسمبلی کے تیسرے اسپیکر کے طور پر منتخب

 

تبلیغی جماعت کا وقارآباد ضلع کے پرگی میں 8,7,6 جنوری کوسہء روزہ صوبائی اجتماع، حکومت تلنگانہ نے ڈھائی کروڑ روپئے منظور کیے