"بھارت ماتا کی جئے” کے نعروں کیساتھ یہ کیسا انصاف ہے؟

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

"بھارت ماتا کی جئےکے نعروں کیساتھ یہ کیسا انصاف ہے؟

عصمت ریزی کی متاثرہ نابالغ لڑکی اور ملزم کو ایک ہی رسی میں باندھ کر گاؤں میں گشت کروایا گیا

مدھیہ پردیش:29،مارچ (ایجنسیز/سحر نیوزڈاٹ کام)
گزشتہ چند سال سے ملک میں ایک نئی لہر پیدا کردی گئی ہے کہ کسی کو بھی سر راہ مارو، پیٹو یا انکے مکانات سے گھس کرانہیں قتل کردو مگر شرط یہ ہے کہ خود کو محفوظ رکھنے کیلئے "بھارت ماتا کی جئے” کا نعرہ ضرور لگاؤ!!

ان ظالم درندوں کو کون سمجھائے کہ ” ماں ” لفظ ہی ممتا کا سمندر ہوتا ہے جو نہ اپنے بچوں پر ظلم کی اجازت دیتی ہے اور نہ دوسروں کی اؤلادوں پر ظلم کرنے کی یا انکے قتل کی!

مدھیہ پردیش میں ایک ایسا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 16 سالہ نابالغ لڑکی اور اسکی عصمت ریزی کرنے والے ملزم کو ایک ہی رسی میں باندھ کر مارتے پیٹتے گاؤں میں گشت کروایا گیا۔
یہ درندگی پرمشتمل واقعہ مدھیہ پردیش کے قبائیلی اکثریتی ضلع علی راج پورمیں اتوار کو پیش آیا ہے۔
سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس ویڈیو میں ایک نابالغ لڑکی کیساتھ ایک لڑکا بھی ایک ہی رسی میں بندھا ہوا ہےاور انہیں گاؤں میں گشت کرواتے ہوئے گھونسے اور لات مارے جارہے ہیں !
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے بموجب اس دؤران ” بھارت ماتا کی جئے ” کے نعرے لگائے تھے۔
بعد ازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے اس لڑکی کو بچاتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیا۔

سب ڈیوثرنل آفیسر آف پولیس (ایس ڈی او پی ) دلیپ سنگھ بلوال نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متاثرین کی جانب سے درج دو شکایتوں پر دو ایف آئی درج کرلیے گئے ہیں۔

ان میں سے ایک ایف آئی آرنابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کے 21 سالہ ملزم کے خلاف درج کرلی گئی ہے اور ایک ایف آئی آر لڑکی کے افراد خاندان اور گاؤں کے ان افراد کے خلاف درج کرلی گئی ہے جنہوں نے متاثرہ لڑکی کو گاؤں میں گشت کرواتے ہوئے مارپیٹ کی۔

ایس ڈی او پی دلیپ سنگھ بلوال نے بتایا کہ عصمت ریزی کا ملزم شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے ۔ایس ڈی پی او بلوال نے بتایا کہ عصمت ریزی کے ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعات کے ساتھ ساتھ جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کی دفعہ ” پوسکو ” کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔جبکہ عصمت ریزی کی شکار نابالغ لڑکی کے افراد خاندان اور اس ہجوم میں شامل افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 294، 355، 323، 342 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اور تمام ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

دوسری جانب مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق 16 سالہ لڑکی اورعصمت ریزی کے شادی شدہ ملزم کے درمیان معاشقہ چل رہا تھا اور انہیں گاؤں والوں کی جانب سے ہفتہ کی رات رنگے ہاتھوں پکڑنے کے بعد اس طرح دونوں کو رسی سے باندھ کر گاؤں میں گشت کروائی گئی!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے