تلنگانہ میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں صرف 6 پرچہءسوالات ہوں گے
اردو دوسری زبان کے طور پر لی جاسکتی ہے،سیکریٹری محکمہ تعلیمات کے احکام جاری
حیدرآباد:11۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے محکمہ تعلیمات نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے معاملہ میں آج ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جاریہ تعلیمی سال سے امتحانی پرچے کم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔
اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات نے آج 11 اکتوبر کو سرکاری احکامات جاری کیے ہیں کہ پرچہ سوالات کی تعداد 11 سے کم کر کے 6 کی جارہی۔
یہ فیصلہ کوویڈ کے پس منظر میں چند ماہ کے حالات کی وجہ سے طلباء پر بوجھ ڈالے بغیر کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ 2021-2022 تعلیمی سال کے لیے کیا گیا ہے۔
اب سالانہ امتحانات میں ہر مضمون کے لیے صرف ایک پرچہء سوال ہوگا۔

ان احکامات میں کہا ہے گیا کہ اس سال ” اردو کو دوسری زبان ” کے طور پر لیا جائے۔سکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے پرچہءسوالات میں کمی اور اردو کو دوسری زبان (سیکنڈ لینگویج) کے طور پر لیے جانے پرمشتمل احکامات جاری کیے ہیں۔
دسویں جماعت کے ” سالانہ امتحانات 2022 ” آئندہ سال ماہ مارچ اور اپریل میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ تعلیمات کے اس فیصلہ پر ماہرین تعلیم اور زیادہ تر سرپرستوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیمات کی جانب سے لیا گیا یہ فیصلہ طلباء کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا اور ان پر دباؤ میں کمی ہوگی۔کیونکہ سالانہ امتحانات میں 11 پرچہء سوالات کی وجہ سے امتحانات کے انعقاد میں کئی دن لگ جایا کرتے تھے اور یہ امتحانات میں شرکت کررہے طلبا و طالبات کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہوتا تھا۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ کورونا وبا کے اس دؤر میں جبکہ تیسری لہر کے امکانات اور پیش قیاسیوں کے درمیان طلبہ اور ان کے سرپرست تشویش کا شکار تھے اب حکومت کے اس فیصلہ سے طلباء کو فائدہ ہوگا۔
وہیں اردو کو سرکاری طور پر دوسری زبان (سیکنڈ لینگویج) کے طور پر شامل کیے جانے سے اردو زبان کی مزید ترقی و ترویج کے امکانات ہیں اور اب طلبہ اردو کو تلگو یا ہندی کے ساتھ دوسری زبان کے طور پر منتخب کرسکتے ہیں۔

