ہندوستانی فلمی گانوں اور ڈائیلاگس پر ہونٹ ہلانے والے تنزانیہ کے بھائی اور بہن کی انسٹا گرام پر دھوم

ہندوستانی فلمی گانوں اور ڈائیلاگس پر ہونٹ ہلانے والے
تنزانیہ کے  بھائی کِلی پال اور بہن نیما پال کی انسٹا گرام پر دھوم
سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل،لاکھوں فالوورس

حیدرآباد :23۔جنوری(سحرنیوزڈیسک)

کہتے ہیں کہ موسیقی،ادب و شاعری کے ساتھ دیگر مخصوص فن کسی خاص ملک یا اس ملک کے کلچر کی جاگیر نہیں ہوتے بلکہ یہ پنچھیوں، ندیوں اور ہوا کے جھونکوں کی طرح آزاد ہوتے ہیں۔جو ایک دوسرے کے ملکوں کے درمیان انسانوں کی جانب سے سرحدوں کی شکل میں کھینچی گئیں لکیروں کو خاطر میں نہیں لاتے اور ایک خوشبو کی طرح دنیا بھر میں پھیل جاتے ہیں۔

اس کی مثال براعظم افریقہ کے مشرقی حصہ میں واقع ملک تنزانیہ کے ایک بھائی اور بہن کی جوڑی ہے۔جو انسٹاگرام پر مشہور ہندوستانی فلموں بالخصوص بالی ووڈ کی ہندی فلموں کے علاوہ تلگو، تمل اور دیگر علاقائی زبانوں کے مشہور گانوں اور کئی مرتبہ ڈائیلاگس پر اپنے ہونٹ کچھ اس طرح ہلاکر سب کو حیرت زدہ کردیتے ہیں کہ جیسے یہ دونوں ہندی/اردو کے ساتھ دیگر ہندوستان کی علاقائی زبانیں بخوبی جانتے ہوں!

تنزانیہ کے اس بھائی کلی پال Kili_Paul@ اور ان کی بہن Neema Paul@ کی جانب سے بنائے ہوئےمختلف انداز اور نغموں و ڈائیلاگ پرمشتمل ویڈیوز ان دنوں انسٹاگرام Instagram@ پر دھوم مچائے ہوئے ہیں جنہیں لاکھوں کی تعداد میں لائیکس اور ستائشی کمنٹس بھی حاصل ہوتے ہیں کلی پال کا ایک ٹیوب چینل بھی "Kili Maasai” کے نام سے موجود ہے جہاں ان کے چار لاکھ 36 ہزار سبسکرائبرس ہیں۔

ان دونوں کے ویڈیوز دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ کسی بھی شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں نہ مذہب حائل ہوتا ہے،نہ غربت اور نہ ہی شکل و صورت! اس کے لیے بس محنت عزم،ہمت،حوصلہ اور خوداعتمادی لازمی ہے!!

انسٹاگرام پر کِلی پال Kili Paul کے 14 لاکھ فالوورس ہیں جبکہ ان کی بہن نیماپال کے ایک لاکھ 65 ہزار فالوورس ہیں۔کلی پال کبھی تنہا ویڈیو بناکر پوسٹ کرتے ہیں تو کبھی اپنی بہن کے ساتھ ویڈیو بناتے ہیں ان دونوں بھائی بہن کے ویڈیوز کو بہت زیادہ پسند کیا جانے لگا ہے۔اور ان کے ویڈیوز سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمس پر بھی وائرل ہوتے ہیں۔

اپنے روایتی مسائی لباس میں یہ دونوں بھائی اور بہن پُرفضا مقام پر موجود اپنے ایک چھوٹے سے مکان کے باہر،قریبی قدرتی نظاروں والے خوبصورت مقامات پر اور درختوں کے پاس ویڈیوز بناتے ہیں۔

کلی پال اور ان کی بہن نیماپال نے 22 جنوری کو ایک ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کیا ہے جس میں کِلی پال،نیمال پال سے پوچھتے ہیں کہ "اچھا تمہاری فیوریٹ ایکٹریس کون ہے؟ تو نیمال پال کا جواب ہوتا ہے”جیکلن فرنانڈیز”!پھر کِلی پال ان سے پوچھتے ہیں کہ اچھا تو پھر ان کے نام کا اِملا Spelling بولو،توفوری نیماپال کا جواب ہوتا ہے”عالیہ بھٹ ہے،عالیہ بھٹ”۔اس ویڈیو کو اب تک 2،21،139 انسٹاگرام فالوورس نے دیکھا ہے۔

کلی پال اور نیما پال کا تعلق ماسائی”Maasai” انسانی آبادی یا قبیلہ سے ہے جو کہ شمالی،وسطی اور جنوبی کینیا اور شمالی تنزانیہ میں آباد ہے جو کہ اسلام اور عیسائی مذہب کے ماننے والے ہوتے ہیں۔

کِلی پال نے چار دن قبل تلگو کے مشہور اداکار”الّو ارجن AlluArju# کی مشہور تلگو فلم "پشپا” کے ایک ڈائیلاگ پر بنایا ہوا ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کیا تھا جس کے ڈائیلاگ ہیں” جھکوں گا نہیں،پشپا نام سن کر فلاورسمجھی کیا؟ فائر ہے میں”۔ یہ فلم 17 ڈسمبر2021 کو ہندی میں ڈب کرکے ریلیز کی گئی تھی۔جس میں الّو اروند کے ساتھ”فہد فاصل” اور اداکارہ "رشمیکا مندنا” نے اداکاری کی ہے۔کِلی پال کے اس ویڈیو کو اب تک 3،82،000 انسٹاگرام صارفین نے دیکھا ہے۔