تانڈور میں پولیس کی تلاشی مہم، خاتون کے پاس سے 21 تولے سونا ضبط
ونائیک چوک پر ایک شخص کے قبضہ سے تین لاکھ روپئے نقد رقم بھی ضبط
وقارآباد/تانڈور: 03۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
ریاست تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کےبعد سے وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات پر بھی پولیس کی تلاش مہم کے دوران نقد رقم اور قیمتی اشیاء کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔آج 3 نومبر کو وقار آبادضلع کی تانڈور ٹاؤن پولیس نے حیدرآباد روڈ پر خوانجہ پور گیٹ کے قریب تلاشی مہم کے دؤران ایک خاتون کے پاس سے 21 تولے سونا ضبط کرلیا ہے۔سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی کے مطابق یہ خاتون امریکہ سے براہ حیدرآباد تانڈور آرہی تھیں۔جبکہ کل 2 نومبر کو تانڈور کے ونائیک چوک پر ایک شخص کے قبضہ سے تین لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کرلی گئی۔
سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی کےمطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر آج تانڈور کی ایک خاتون بھوانی جوکہ امریکہ کے فلوریڈا سے تانڈور آنے کی غرض سےحیدرآباد ایئرپورٹ پہنچیں اور وہ حیدرآباد سے تانڈور آ رہی تھیں کہ خوانجہ پور گیٹ کےقریب قائم کردہ چیک پوسٹ پر پولیس گاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھی۔
تلاشی کےدوران پولیس نے ایک کار کی تلاشی لی تو دیکھا کہ کار میں سوار خاتون بھوانی کےپاس 21 تولے سوناموجود تھا ازروئےقواعد زیادہ مقدار میں سونا کی موجودگی اور ان سےمتعلق قابل قبول دستاویزات موجود نہ ہونے کے باعث پولیس نے اس سونا کو ضبط کرلیا۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندر ریڈی نے کہا کہ ضبط شدہ سونا اسکریننگ کمیٹی کےحوالے کیا گیا، جہاں سےسونا کی مالک خاتون جائز دستاویزات پیش کرتے ہوئے اپنا سونا حاصل کرسکتی ہیں۔
مانا جارہا ہے کہ یہ خاتون 6 مختلف زیوارت پرمشتمل یہ سونا پہن کر امریکہ سے حیدرآباد پہنچی تھیں،بعد ازاں انہوں نے حیدرآباد سے تانڈور تک کار کے سفر کے دوران انہوں نے زیور چھین لینے، راستے میں چوری یا لوٹ کےخوف سے ان زیورات کو اپنے بدن پرسے اتارکر اپنے سفری بیاگ میں رکھ دیا ہوگا!َ؟
دوسری جانب کل تانڈور کے ونائیک پر پولیس کی تلاشی مہم کے دوران پولیس نے ایک شخص کے قبضہ سے تین لاکھ روپئے ضبط کرلیے، اس رقم سے متعلق کوئی دستاویزات موجود نہیں تھے۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی نے کہا کہ ضبط شدہ رقم اسکریننگ کمیٹی کے حوالے کر دی گئی جہاں سے اس رقم کے مالک جائز و قابل قبول دستاویزات پیش کرتے ہوئے اپنی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

اسی دؤران یکم نومبر کو دفتر ضلع ایس پی وقار آباد کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں ایس پی ضلع وقار آباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انکشاف کیا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 اکتوبر کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردئیےجانے کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ Election Code# ہوگیا۔تب سے یکم نومبر تک وقار آباد ضلع کے مختلف مقامات پر 81 معاملات میں جملہ ایک کروڑ 77 لاکھ، 98 ہزار 61 روپئے ضبط کیے گئے ہیں، جن کے کوئی دستاویزات موجود نہیں تھے۔
” یہ بھی پڑھیں "


