وقار آباد ضلع میں گائے اور بچھڑوں کی منتقلی پر سخت پابندی، دس چیک پوسٹ کا قیام
جانوروں کی منتقلی کے لیے سخت لزوم، غیر مجاز افراد کو گاڑیوں کی تلاشی کی اجازت نہیں
مختلف شرائط پر عمل کرنا لازمی ورنہ جانوروں کی ضبطی : ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی
وقار آباد : 21/جون
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی ،آئی پی ایس،سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع نےکہا ہے کہ عیدالاضحی کے ضمن میں ضلع وقارآباد میں کسی بھی قیمت پر گائے اور بچھڑوں کی منتقلی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور محکمہ پولیس کی جانب سے اس پر سخت نظر رکھی جائے گی۔
عیدالاضحی کے پیش نظر ضلع ایس پی نے آج دفتر ایس پی وقارآباد میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔جس میں ضلع کے پولیس عہدیداروں، محکمہ افزائش مویشیان کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا کہ عیدالاضحی کے ضمن میں گائے اور اس کے بچھڑوں کی منتقلی پر سخت پابندی عائدرہے گی اور ساتھ ہی بنا جائز دستاویزات کے دیگر جانوروں کی منتقلی کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منتقل کیےجانےوالے جانوروں کےساتھ” ذبح کرنے کے قابل” کا تصدیق نامہ اور گاڑیوں کے تمام کاغذات کا موجود ہونا لازمی ہوگا۔اور ہر گاڑی میں جانوروں کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔گاڑیوں میں ایک ساتھ بڑی تعداد میں جانور منتقل نہ کیے جائیں۔
ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہاکہ غیر قانونی طریقہ سےجانوروں کی منتقلی کو روکنے کی غرض سےضلع کے مختلف مقامات پر دس چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔ضلع ایس پی نے اس اجلاس میں کہا کہ اگر کوئی کسان اپنے جانوروں کی خرید و فروخت کرتے ہیں تو فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ گرام پنچایتوں یا بلدیات کے عہدیداروں سے خرید و فروخت کی سند یا رسید حاصل کریں اور جانوروں کی منتقلی کے دؤران اس رسید کا ساتھ میں موجود ہونا لازمی ہوگا۔
ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی نے انتباہ دیا کہ مذکورہ بالا تمام قواعد کی خلاف ورزی کرنےوالوں کے جانور ضبط کرتےہوئے انہیں گاؤ شالہ منتقل کرتے ہوئے ان کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔ضلع ایس پی وقارآباد نے کہاہےکہ ضلع وقارآباد کے مختلف مقامات پر دس بین ریاستی اور بین ضلعی چیک پوسٹس قائم کیے جارہے ہیں۔
ساتھ ہی ضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے یہ انتباہ بھی دیاہےکہ جانوروں کی غیر قانونی طریقہ سے منتقلی کی اگر کسی کے پاس اطلاع ہو تو وہ پولیس کومطلع کریں۔انہوں نے کہا کہ غیر مجاز اور غیر سرکاری افراد کی جانب سے گاڑیوں کو روکنے والوں،ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں،جانوروں کو زبردستی گاڑیوں سے اتارنے والوں،جانوروں سے لدی ہوئی گاڑیوں اور افراد کو پریشان و ہراساں کرتے ہوئے ان پر حملے کرنے والوں اور اس معاملہ میں مذہبی تناؤ پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع ایس این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے یہ انتباہ بھی دیا کہ سوشیل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے قدیم یا جدید ویڈیوس، فوٹوز یا دیگر مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نےکہاکہ کسی بھی مذہبی عقیدہ کے خلاف سوشیل میڈیا پر نفرت انگیز مواد نہ پھیلایا جائے۔ضلع ایس پی نے واضح کیاکہ محکمہ پولیس کی سوشل میڈیا پرسخت نظرہے۔کسی کےبھی مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والے پوسٹس، کمنٹس، لائیک یا فارورڈ پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بھی اس پر نظر رکھیں۔
ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےکہاہے کہ بقرعید کے پرامن انعقاد کیلئے محکمہ پولیس تمام اقدامات کو یقینی بنائے گا اور ضلع میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس کیساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔

دفتر ایس پی میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد سرینواس راو، ایڈیشنل ایس پی ڈی ٹی سی مرلی دھر،وٹرنری عہدیدارضلع وقارآباد انیل کمار،ضلع مارکٹنگ کےعہدیدار سارنگا پانی، وقارآباد, پرگی اور تانڈور سب ڈویژن کےمتعلقہ عہدیداروں،سرکل انسپکٹران پولیس،سب انسپکٹران پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیدار بھی شریک تھے۔


