وقارآبادضلع میں ضعیف باپ کی پٹائی کرنے والا بیٹا اور بہو گرفتار، دونوں جیل منتقل، بزرگوں کے ساتھ غیر انسانی برتاؤ کے خلاف ہوگی کارروائی : ضلع ایس پی

وقارآباد ضلع میں ضعیف باپ پر ظلم کرنے والا بیٹا اور بہو گرفتار،جیل منتقل
بزرگوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی
متاثرہ بزرگ اور ظلم سے واقف افراد پولیس سے شکایت کریں: ضلع ایس پی

وقارآباد:13۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے دوما منڈل کے تحت موجود موضع باسپلی کے ساکن رامیا(78سالہ) کو اس کے چھوٹے بیٹے چندریا نے اس کی پانچ ایکڑ زرعی اراضی کی پٹہ پاس بک،رعیتو بندھو اسکیم کے تحت حاصل ہونے والی رقم اور آسرا اسکیم کے تحت آنے والی ماہانہ پنشن صرف اس کو دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے درندگی کی ساری حدیں پارکرتے ہوئےاس ضعیف شخص کی چار دن قبل موضع میں لاٹھی سے بے انتہا پٹائی کی تھی۔

اس ضعیف متاثرہ باپ رامیا نے میڈیا کو بتایاتھا کہ اس کے بیٹے چندریاکے ساتھ اس کی بہو نے بھی اس کی گھر کے اندر لے جاکر پٹائی کی تھی اور اس کی بہو نے اس کی گردن پر پیر رکھ دیا تھا کہ وہ اس کا قتل کردے گی۔ضعیف رامیا نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس کے بیٹے چندریا اور بہو نے اس کے گلے پر چاقو رکھ کر دھمکی دی کہ وہ اس کو قتل کردیں گے۔رامیانے بتایا تھاکہ بیٹے اور بہو کےظلم اور مارپیٹ سے تنگ آکر وہ اپنے کھیت میں ایک جھونپڑی بناکر زندگی بسر کررہا ہے۔

اس واقعہ کے میڈیا کے ذریعہ منظرعام پر آنے کے فوری بعد ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس کی ہدایت پر سرکل انسپکٹرپولیس دوما منڈل وینکٹ رامیا نے ضعیف شخص رامیا کے بیٹے چندریا اور اس کی بہو کےخلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔بعد ازاں دوما پولیس نے انہیں عدالتی تحویل میں دیتے ہوئے بیٹے چندریا کو پرگی کی جیل اور بہو کو چنچلگوڑہ جیل منتقل کردیا۔

اس سلسلہ میں ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ رقم یا پھر کسی اور معاملہ میں ضلع وقارآباد میں ضعیف والدین یا دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مارپیٹ کرنے یا انہیں ہراساں کرنے والوں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضلع ایس پی نے کہاکہ اپنے مکانات میں موجود ضعیف افراد کی عزت اور احترام کیاجائے اور انہیں سکون کی زندگی گزارنے کاموقع دیا جائے۔ کیونکہ ان کی بہتر دیکھ بھال اولاد کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

ضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےمتنبہ کیاکہ ایسی غیرانسانی سرگرمیوں میں ملوث اپنے ضعیف ماں باپ اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ ظالمانہ برتاو،ان کے ساتھ مارپیٹ،انہیں گھر سے باہر نکال دینے یا پھر انہیں وقت پر غذا اور دوا فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جیل بھیجا جائے گا۔

ساتھ ہی ضلع ایس پی نے کہا کہ اگر ضلع کے کسی بھی مقام پر والدین یا رشتہ دار اس قسم کے ظلم کا شکار ہوں تو سیدھے ان سے شکایت کریں۔یا پھر اگر کوئی ان واقعات سے واقف ہو تو بھی وہ انہیں یا قریبی پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دیں۔ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لئے آنے والی ہر شکایت پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔

 

” اس واقعہ کی ویڈیو اور مکمل تفصیلات سحر نیوز ڈاٹ کام کی اس لنک پر” :-

وقارآبادضلع میں ماہانہ پنشن اور رعیتو بندھو اسکیم کی رقم دینے کا مطالبہ، بیٹے اور بہو کے ہاتھوں پٹائی، ظلم سے پریشان ضعیف شخص جھونپڑی میں رہنے پر مجبور