شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان 20 اکتوبر تک جیل میں رہیں گے
عدالت نے ضمانت کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کیا
ممبئی: 14۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان 23 سالہ جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ خصوصی عدالت نے آج جمعرات کو کروز منشیات کیس میں آریان خان کی جانب سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیاہے۔اور آریان خان کو دوبارہ جیل بھیج دیا۔ امکان ہے کہ عدالت آئندہ ہفتے 20 اکتوبر کو اپنا فیصلہ صادر کرے گی۔
درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا کہ آریان خان گزشتہ چند سال سے ممنوعہ اشیاء کے باقاعدہ صارف تھے۔شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان جو کہ اس کیس کے ملزم نمبر 1 ہیں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا کہ وہ مبینہ طور پر” غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور بیرون ملک کچھ ایسے افراد کے ساتھ رابطے میں تھے جو بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کل چہارشنبہ کو عدالت میں ایک بیان میں کہا تھا کہ آریان خان نے بڑی مقدار میں نشیلی ادویات خریدیں۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آج عدالت کو بتایا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان اکثر ممنوعہ اشیاء لیتا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی نمائندگی کررہے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ نے آن ریکارڈ بیانات کا حوالہ دیتےہوئے دعویٰ کیا کہ آریان خان گزشتہ چند سالوں سے منشیات کا استعمال کر رہا ہے۔
جبکہ کل چہارشنبہ کے دن اس کیس کی سماعت دؤران آریان خان کے وکیل امیت دیسائی نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے دعووں کے جواب میں عدالت کو بتایا تھا کہ 2 اکتوبر کو جب نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں نے دھاوہ منظم کیا تھا اس وقت آریان خان کروز پر بھی نہیں تھا لہذا ان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ کا الزام مضحکہ خیز ہے۔
آریان خان کو ان کے دوست ارباز مرچنٹ سمیت 8 افراد کے ساتھ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر گوا جانے والے کورڈیلیا کروز جہاز پر دھاوے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور وہ گزشتہ جمعہ سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔جہاں انہیں کوویڈ ٹسٹ کے نگیٹیو آنے کے بعد پانچ دنوں تک کورنٹین میں رکھا گیا تھا بعدازاں انہیں سیل میں منتقل کیا گیا۔
” 3 اکتوبر کو آریان خان کی باقاعدہ گرفتاری سے متعلق تفصیلی رپورٹ اس لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہے "
ڈرگس معاملہ میں شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی باقاعدہ گرفتاری کی توثیق

