شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان اور دیگر سات افراد سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی پوچھ تاچھ

کشتی میں پارٹی کے دؤران کے دھاوہ،ممنوعہ نشیلی اشیا ضبط
شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان اور دیگر سات افراد سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی پوچھ تاچھ

ممبئی :03۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

فلم اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ فرزند آریان خان سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) اپنی تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ میں مصروف ہے۔

آریان خان ان 8 افراد میں شامل ہیں جنہیں کل رات ممبئی کے سمندر میں ایک کشتی (کروز) میں جاری پارٹی کے دؤران دھاوہ منظم کرتے ہوئے تحویل میں لیا گیا تھا جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ یہ کروز ممبئی سے گوا جارہی تھی!!

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے۔آریان خان کے ساتھ دیگر سات افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جن میں نوپور ساریکا،اسمیت سنگھ،من من دھمیچا،موہک جسوال ،گومیت چوپڑہ،وکرانت چھوکراور ارباز مرچنٹ شامل ہیں۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورونے بتایا کہ ان تمام کے بیانات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیم اس کشتی میں مسافرین کے بھیس میں سوار ہوئی تھی جس میں پارٹی منائی جارہی تھی۔

Photo : Twitter Video Screen Shot

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے مطابق اس کشتی میں جاری پارٹی سے ممنوعہ نشیلی ادویہ ایکسٹیسی ،کوکین، میفیڈرون(ایم ڈی) اور چرس ضبط کی گئی ہے۔

عہدیداروں کے مطابق اس پارٹی کا آغاز اس وقت ہوا جب کشتی ممبئی کے ساحل سے سمندر میں پہنچی تھی۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ ان تمام کے بیانات ریکارڈ کیے جارہے ہیں اور حقائق کی بنیاد پر باقاعدہ گرفتاریاں عمل میں لاتے ہوئے انہیں این ڈی پی ایس عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس معاملہ کے بعد ٹوئٹر پر ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کو این سی بی کے دفتر میں بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڈے نے کہا کہ آریان خان پر کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی انہیں ابھی تک گرفتار کیا گیا ہے۔

این سی بی ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کا موبائل فون قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اسے اسکین کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے ذریعہ منشیات کے رکھنے ،استعمال کرنے یا اس میں ملوث ہونے کے اشاروں کی جانچ کی جا سکے۔

یاد رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور ڈائرکٹر آف ریونیوانٹلی جنس (ڈی آر آئی) گزشتہ چند ماہ سے انتہائی متحرک ہے۔

ان محکموں کے عہدیداروں نے گزشتہ ماہ ایک کامیاب کارروائی انجام دیتے ہوئے گجرات کے کچھ ضلع میں موجود بندرگاہ مندرا پورٹ پر 3.000 کلو ہیروئن (ڈرگ) کا بڑا ذخیرہ ضبط کرلیا تھا۔یہ بندرگاہ ادانی گروپ کے انتظامیہ کے تحت چلائی جاتی ہے۔

اور بین الاقوامی بازار میں جس کی قیمت 21 ہزار کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ڈائرکٹر آف ریونیوانٹلی جنس (ڈی آر آئی) کا ماننا ہے کہ ہندوستان اور دنیا بھر میں پہلی مرتبہ اس نشیلی ادویہ کا اتنا بڑا ذخیرہ ضبط کیا گیا ہے۔

(اس خبر کی مکمل تفصیلات نیچے دی گئی لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہیں)

گجرات کی مندرا بندرگاہ سے 21 ہزار کروڑ روپئے مالیتی تین ہزارکلو ہیروئن ضبط،ایک جوڑا گرفتار