تلنگانہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، مزید چند دنوں تک کوئی راحت نہیں، سڑکیں سنسان، بلاء ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں : محکمہ موسمیات

تلنگانہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، مزید چند دنوں تک کوئی راحت نہیں
سڑکیں سنسان، بلاء ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں : محکمہ موسمیات
ٹھنڈے مشروبات اور سفید کپڑوں کا استعمال کریں: محکمہ صحت

حیدرآباد : 17۔مئی (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ گذشتہ چند دنوں سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور دن بہ دن درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔8 بجےصبح سے ہی گرما کی شدت میں اضافہ عوام کوپریشان کیےہوئےہے۔اور سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں۔ایسے میں مرکزی محکمہ موسمیات IMD# نے انتباہ جاری کیاہےکہ تلنگانہ میں گرمی کی لہر مزید چند دنوں تک جاری رہے گی اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔

مرکزی محکمہ موسمیات نے گذشتہ دنوں ہی پیش قیاسی کی تھی کہ جاریہ سال ملک میں مانسون کےتاخیر سےداخلہ کا امکان ہے۔اس سال مانسون کا تاخیر سے 4 جون تک کیرالہ پہنچنے کا امکان ہے۔جبکہ ہرسال مانسون یکم جون تک کیرالہ پہنچ جایا کرتا اور اس کے بعد سارے ملک میں بادل چھاجایا کرتے تھے اور بارش کا آغاز ہوتاتھا۔گذشتہ سال مانسون 29 مئی کو ہی کیرالہ پہنچ گیا تھا۔جبکہ 2020ء میں یکم جون اور سال 2021 میں 3 جون کو مانسون کیرالہ میں داخل ہوا تھا۔مرکزی محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق جاریہ سال ملک بھر میں مانسون حوصلہ افزاء ہوگا۔اور شعبہ زراعت کے لیے حوصلہ افزاء بارش ہوگی۔

اس طرح شدیدگرمی اور بڑھتےہوئے درجہ حرارت سے پریشان تلنگانہ کے عوام کو جاریہ ماہ کے اختتام تک گرمی سے راحت ملنے کا امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔!!غیر موسمی بارش اگر ہوتی ہے تو اس سے درجہ حرارت میں کمی ممکن ہےلیکن محکمہ موسمیات نے ایسی کوئی پیش قیاسی نہیں کی ہے۔

گرما کی شدت سے ریاست کےعوام کا برا حال ہے۔محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہےکہ ریاست کےکئی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 2-3 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔کئی اضلاع میں 40 ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت کا ہندسہ پار ہوگیا ہے۔اور چند اضلاع میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہو رہا ہے۔جبکہ چند اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے ایک دو ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ ہورہا ہے۔ایسے میں ڈائرکٹر محکمہ موسمیات حیدرآباد ڈاکٹر ناگا رتنا نے کہاہے کہ 19 مئی سے ریاست تلنگانہ میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ گرم موسم مزید گرم شدت اختیار کرے گا۔

آج محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق آج 17 مئی سے 20 مئی تک ریاست کے مختلف اضلاع میں 39 ڈگری تا 44 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوگا۔ان تین دنوں کےدؤران ریاست میں موسم مکمل خشک رہے گا۔اور کم سے کم درجہ حرارت 26 تا 29 ڈگری ریکارڈ ہوگا۔جبکہ گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کے حدود میں 38 تا 40 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوگا۔اور ان تین دنوں کے دوران موسم مکمل خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات حیدرآباد کی رپورٹ کےمطابق کل 16 مئی کو ریاست میں سب سےزیادہ 45.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت سوریہ پیٹ ضلع میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور آنے والے تین دنوں میں یہاں درجہ حرارت 43.3 تا 43.6 ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔کل نلگنڈہ میں 45.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے، یہاں بھی آنے والے تین دنوں کے دوران درجہ حرارت 43 ڈگری سے اوپر ہی ہوگا۔

کل 16 مئی کوریاست کےاضلاع کریم نگر میں 44.9 ڈگری،بھدرادری کوتہ گوڑم میں 44.8،کھمم میں 44.6،جگتیال میں 44.5،محبوب آباد میں 44.2، جئے شنکر بھوپال پلی اور منچریال میں 43.9 ڈگری،جبکہ اضلاع نرمل کومرم بھیم، پیدا پلی اور ورنگل میں 43.8 ڈگری،یادادری بھونگیر میں 43.7،

ملگ اور ناگرکرنول میں 43.6،جنگاؤں میں 43.2،سدی پیٹ میں 43،ہنمکنڈہ میں 42.8،راجناسرسلہ،محبوب نگراور نظام آباد میں 42.5 ڈگری سیلسیس کاماریڈی اور عادل آباد میں 42.2 ڈگری ، نارائن پیٹ میں 42، اضلاع میڑچل۔ملکاجگیری اور وقارآبادمیں 41.8ڈگری، ونپرتی میں 41.6، جوگولامبا گدوال میں 41.3، حیدرآباد میں 41.2،رنگاریڈی میں 40.9،سنگاریڈی میں 40.6 اور ضلع میدک میں 40.5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں کے دوران ان اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ یا کمی کا امکان ہے۔

شمالی ہند سے آنے والی گرم ہواؤں کےباعث پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں بھی عوام شدید گرمی اوربڑھتے درجہ حرارت سے پریشان ہیں۔ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہو رہا ہے۔

تلنگانہ کے چند اضلاع میں 15 مئی کو لو لگنے سے چند اموات کی اطلاع ہے۔میڈیا اطلاعات کےمطابق کومرم بھیم ضلع میں ایک، منچریال ضلع میں ایک اور حسن پرتی میں ایک شخص کی لو لگنے سے موت کی اطلاع ہے اس سے زیادہ اموات کی اطلاع نہ میڈیا میں موجود ہے اور نہ ہی سرکاری طور پر اس کی تصدیق کی گئی ہے۔!!

ریاست تلنگانہ میں جاری گرمی کی شدید لہر کے دوران ریاستی محکمہ صحت نے کل ہی عوام کو متنبہ کیا ہے کہ لو سے بچنے کے تمام احتیاطی اور حفاظتی اقدامات لازمی طور پر کیے جائیں۔عوام کو انتباہ اور مشورے دئیے گئے ہیں کہ

٭٭ بلاء ضرورت دوپہر کے وقت دھوپ میں سڑکوں پر نہ نکلیں۔
٭٭ دوپہر 12بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری سڑکوں پر نہ گھومیں۔
٭٭ انتہائی ضروری کام پر ہی باہر نکلنا ضروری ہوتو دھوپ اور گرم لو سے بچنے کے اقدامات بھی کرلیں۔
٭٭ ورنہ اپنے گھروں تک ہی محدود رہ کر اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
٭٭ گرما کے دوران ہرگز سیاہ کپڑوں کا استعمال نہ کریں۔
٭٭ سفید کپڑوں کو ترجیح دیں جس سے دھوپ اور گرمی کا اثر کم ہوتا ہے۔
٭٭ ساتھ ہی گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے صاف پانی، دہی، چھاچھ، لیموں، ناریل کا پانی اور او آر ایس ORS# کا استعمال کریں۔

لو لگنے کی علامات :۔
⬅️ بدن سے پسینے کا عدم اخراج۔
⬅️ گلے کا خشک ہوجانا۔
⬅️ حد سے زیادہ کمزوری۔
⬅️ شدید سر درد۔
⬅️ قلب کی دھڑکن میں اضافہ۔
⬅️ پیشاب کا نہ آنا۔
⬅️ اگر کوئی لو لگنے کے باعث ان تمام تکالیف کا شکار ہو تو اس شخص کو فوری ہسپتال سے رجوع کیا جائے۔