تلنگانہ میں آج اومیکرون کے مزید 7 کیس درج،جملہ متاثرین کی تعداد 62 ہوگئی
ریاست میں مثبت کیسوں میں کمی،عوام خوفزدہ نہ ہوں،کوویڈ قواعد پر عمل کریں
رات ایک بجے تک نئے سال کی تقاریب کی اجازت: وزیرصحت ہریش راؤ
حیدرآباد: 28۔ڈسمبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں اومیکرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔آج 28 ڈسمبر بروزمنگل ریاست میں اومیکرون کے مزید 7 نئے کیس درج ہوئے ہیں۔اس طرح آج تک ریاست تلنگانہ میں اومیکرون متاثرین کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان 62 اومی کرون متاثرین میں سے 44 متاثرین ایسے ہیں جو کوویڈ ویکسین لینے کے بعدمختلف ممالک سے حیدرآباد پہنچے ہیں جبکہ دیگر متاثرین کے بیرون ملک سفر کا ریکارڈ نہیں ہے!
دوسری جانب حکومت تلنگانہ نے اومیکرون کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے نئے سال کی تقاریب پر پابندی عائد کردی ہے۔31 ڈسمبر کی نصف شب کے بعد ایک بجے رات تک ہی نئے سال کی تقاریب منائی جاسکتی ہیں۔اور ساتھ ہی عوام بالخصوص نوجوانوں اور نئے سال کی تقاریب منانے والوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ کوویڈ قواعد پر لازمی طور پر عمل کریں اور مجمع کی شکل میں نہ گھومیں۔خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مثبت کیسوں میں بڑے پیمانے پر کمی درج ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایک وجہ منظم طریقہ سے کوویڈ ویکسین دیا جانا ہی مانا جارہا ہے۔
وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے انکشاف کیا کہ مثبت کیسوں میں 10 فیصد اضافہ کے بعد ہی مختلف پابندیاں عائد کرنے کی مرکزی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ریاست میں 0.6 فیصد ہی ہے۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ نمونوں کی جانچ اور کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست میں صد فیصد کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ دے دیا گیا ہے۔ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ جلد ہی اپنی عمر کے 60 سال مکمل کرلینے والے افراد کو جلد ہی ” بوسٹر ڈوز ” دئیے جانے کا آغاز کیا جائے گا۔
اسی طرح 3 جنوری سے 15 سال سے 18 سال تک کے بچوں کو کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا آغاز کیا جائے گا۔وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ 2007ء سے قبل پیدا ہونے والے تمام بچے کوویڈ ویکسین لیے جانے کے اہل ہوں گے۔

