قومی یکجہتی کے ذریعہ مذہبی منافرت،فرقہ پرستی کو ملک سے پاک کرنا ضروری: تانڈور میں عید ملن تقریب،ایم ایل سی اور ایم ایل اے کا خطاب

قومی یکجہتی کے ذریعہ مذہبی منافرت اور فرقہ پرستی سے ملک کو پاک کرنا ضروری
انسانیت کی خدمت اور دیگر مذاہب کا احترام تمام مذاہب کی بنیادی تعلیم
تانڈور میں جمعیتہ علماء کی عید ملن تقریب،ایم ایل سی،ایم ایل اے اور دیگر کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن قانون سازکونسل وسابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ تمام مذاہب کا اولین پیغام اور ان کی بنیادی تعلیم ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا اورساتھ ہی بلا لحاظ مذہب انسانیت کی خدمت کو ترجیح دینا ہے۔

وہ آج جمعیتہ علماءضلع وقارآباد کی جانب سے عیدالفطر کی مناسبت سے اخوت و بھائی چارگی کے پیغام کو عام کرنے کے جذبےکےتحت تانڈور کے وائٹ پیالیس فنکشن ہال میں منعقدہ "عید ملن استقبالیہ” سے خطاب کررہے تھے۔

صدر جمعیتہ علماءضلع وقارآباد مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی کی زیرنگرانی منعقدہ اس تقریب میں محمدخورشیدحسین امیر منتظمہ مسلم ویلفیئراسوسی ایشن تانڈور،نائب امیرعبدالاحد،صدر مجلس اتحادالمسلمین تانڈورعبدلہادی شہری،ریاستی صدرویلفیئرپارٹی آف انڈیا سیدکمال اطہر،محترمہ ڈاکٹر حسنیٰ محمد،جنرل سیکریٹری انڈین میڈیکل اسوسی ایشن۔تلنگانہ،تانڈور،کے۔جناردھن پاسٹر اینڈ ڈی ایس،جنرل سیکریٹری ضلع بی جے پی یو۔رمیش،صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،صدر ٹاؤن بی جے پی سدرشن گوڑ،محمدطاہر قریشی،صدرعیدگاہ وقبرستان کمیٹی محمدیوسف خان

سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف،صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اےنعیم افو،ایم اے ستارمجاہدی (گولکنڈہ)،سیدعبدالغفورپاشاہ، محمدمنصور کریم،عبداللہ مجاہدی،رکن ضلع آر ٹی اومحمد جاوید،کرنم پرشوتم راؤ،عبدالرحمٰن مجاہدی،راجوگوڑ،صدرٹاؤن کانگریس پربھاکرگوڑکے علاوہ مختلف مذاہب و طبقات کے سرکردہ و با اثرشخصیات،رہنمایان،سیاسی وسماجی شخصیتوں،دانشوران،ڈاکٹرز،وکلاء،ٹیچرز،مختلف تنظیموں اور کاروباری اداروں کے ذمہ داران،برادران وطن کے علاوہ تمام مساجد کے صدور وسیکریٹریز اور معززین شہرنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس تقریب سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی رکن قانون سازکونسل اوررکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آرمختلف اسکیمات کے ذریعہ ریاست کےمسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کوختم کرنے کے اقدامات میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گنگا جمنی تہذیب اور سیکولرازم کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ پورے ملک میں ایک مثال ہے۔جہاں تمام مذاہب و طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام پر امن ماحول میں بھائی چارگی کے ساتھ رہتے ہیں۔

ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور پائلٹ روہت ریڈی نے عید ملن تقریب کے اہتمام پرجمعیتہ علماءضلع وقارآباد کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب کے ذریعہ تمام مذاہب کے ماننے والے ایک پلیٹ فارم پر آتے ہیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی مزید مضبوط ہوتی ہے۔

اس تقریب سے مختلف قائدین اور نمائندوں نے اپنے خطاب میں روایتی ہندوستانی تہذیب اور بھائی چارگی کو مزید پختہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مذہبی منافرت ،فرقہ پرستی اور شرپسندی کے ماحول سے ملک کو پاک کرنے پر زور دیا۔اس تقریب میں میں روایتی ہندوستانی تہذیب کے بہترین مناظر دیکھے گئے جہاں رکن قانون ساز کونسل و رکن اسمبلی کے بشمول تمام شرکاءنے بلاتفریق مذہب گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکبادی پیش کی۔

بعدازاں ان تمام مہمانوں کی جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی جانب سے کھجور،خشک میوہ جات اور شیر خورمہ سے تواضع کی گئی۔اس تقریب میں سابق ارکان بلدیہ محمدعرفان،سیدزبیر پاشاہ،صدراردوگھروشادی خانہ عبدالرزاق،رکن بلدیہ مختارناز،سی پی آئی قائد وجئےلکشمی پنڈت، فاروق ساحل،نائب صدر تلنگانہ کانگریس مینارٹی سیل خالدسیف اللہ،پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری کےعلاوہ دونوں جانب کے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس عیدملن تقریب کی کارروائی مولانا عبدالرحمٰن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیتہ علماءضلع وقارآباد نے چلائی۔