ضلع وقارآباد کے تانڈور میں بھی انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کا آغاز، دو منٹ کی تاخیر تین طالبات امتحان میں شرکت سے محروم

ضلع وقارآباد کے تانڈور میں بھی انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کا آغاز
دو منٹ کی تاخیر، تین طالبات امتحان میں شرکت سے محروم

وقارآباد/تانڈور:06۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آج 6 مئی سے آغاز ہوگیا۔امتحانات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر سے امتحانی مراکز پہنچنے والے طلبہ کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہ دئیے جانے کے لزوم کے باعث تانڈور میں تین طالبات دو منٹ کی تاخیر سے امتحانی مراکز پہنچنے کی وجہ سے امتحان میں شرکت سے محروم رہیں بعد ازاں نم آنکھوں اور مایوسی کے ساتھ اپنے مکانات واپس ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ جونیئر کالج تانڈور میں زیرتعلیم دو طالبات کا سندھوگرلز جونیئر کالج امتحانی مرکز ہے۔جبکہ اسی کالج کی ایک اور طالبہ کا امتحانی مرکز سدھارتا جونیئر کالج ہے۔

دو طالبات اپنے موضع کوٹ پلی سے آر ٹی سی بس کے ذریعہ امتحان میں شرکت کی غرض سے دو منٹ کی تاخیر سے اپنے امتحانی مرکز سندھوگرلز جونیئر کالج تانڈور پہنچیں۔تاہم اس وقت تک امتحانی مرکز کے گیٹ باہر سے مقفل کردئیے گئے تھے۔

تاہم یہ دونوں طالبات کالج انتظامیہ سے منت وسماجت کرتی رہیں کہ ان کا ایک تعلیمی سال ضائع ہوجائے گا انہیں امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے۔لیکن ان طالبات کو امتحان لکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایک اور طالبہ تانڈور منڈل کے انتارام موضع سے خاندان کے ایک فرد کے ساتھ موٹرسیکل پر اپنے امتحانی مرکز سدھارتا جونیئر کالج تانڈور پہنچیں لیکن راستے میں موٹرسیکل خراب ہوگئی اس لڑکی کو بھی امتحانی مرکز پہنچنے تک دو منٹ کی تاخیر ہوگئی اس طالبہ کو بھی امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔جس کے بعد یہ طالبہ بھی انتظامیہ سے منت و سماجت کے بعد امتحان میں شرکت کی اجازت نہ دئیے سے مایوس نم آنکھوں کے ساتھ اپنے مکان واپس لوٹ گئیں۔

30 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے کوٹ پلی موضع سے امتحان میں شرکت کے لیے تانڈور پہنچنے والی ان دونوں طالبات نے بتایا کہ بس کی آمد میں تاخیر کے باعث وہ امتحانی مرکز تاخیر سے پہنچیں!َ؟

انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم کے سالانہ امتحانات میں شرکت کررہے تمام طلبا و طالبات کے لیے لازمی ہے کہ وہ قواعد اور لزوم کی پابندی کرتے ہوئے نصف گھنٹہ قبل ہی اپنے امتحانی مراکز کو پہنچ جائیں۔