دلیپ کمار کو یاد کرکے سائرہ بانو آبدیدہ ہوگئیں، اداکار دھرمیندر اور ڈائرکٹر سبھاش گھئی نے دلاسہ دیا،جذباتی مناظر: ویڈیو 

دلیپ کمار کو یاد کرکے سائرہ بانو آبدیدہ ہوگئیں،طلبہ نے بنایا شہنشاہ جذبات کا پورٹریٹ
اداکار دھرمیندر اور ڈائرکٹر سبھاش گھئی نے دلاسہ دیا،جذباتی مناظر
دلیپ کمار کی 99 ویں سالگرہ پر سوشل میڈیا پر خراج عقیدت 

ممبئی: 12۔ڈسمبر (سحرنیوز ڈیسک)

فلمی دنیا کےعظیم افسانوی اداکار و شہنشاہ جذبات یوسف خان عرف دلیپ کمار کی اہلیہ محترمہ سائرہ بانو جو کہ 7 جولائی کو دلیپ صاحب کے انتقال کے بعد کل 11 ڈسمبر کو پھر ایک بار اس وقت منظر عام پر آئیں جب کل دلیپ صاحب کی 99 ویں سالگرہ تھی۔

اس سلسلہ میں مشہور شومین فلم ساز و ہدایت کار سبھاش گھئی جو کہ دلیپ صاحب کو اپنا سرپرست اور رہنماء مانتے تھے نے اپنے "وزلنگ ووڈ انٹرنیشنل کالج ممبئی” میں محترمہ سائرہ بانو سمیت دیگر اہم شخصیتوں کو مدعو کیا تھا۔اس کالج کی پرنسپل سبھاش گھئی کی دختر "میگھنا گھئی پوری” ہیں۔

 

اس کالج کے طلبہ نے شہنشاہ جذبات دلیپ صاحب کی ایک دیواری پینٹنگ بنائی ہے اور اس پینٹنگ کی نقاب کشائی کے لیے سبھاش گھئی نے دلیپ صاحب کی اہلیہ محترمہ سائرہ بانو کو مدعو کیا تھا۔

"وائرل بھیانی” جو کہ فلمی جرنلسٹ،فوٹو گرافر ہیں اور ساتھ ہی فلمی دنیا اور میڈیا میں ”پاپا رازی” کی حیثیت سے مشہور ہیں نے اپنے انسٹاگرام کے اکاؤنٹ پر”خوبصورت خراج عقیدت” کے کیاپشن کے ساتھ اس تقریب کے دو متاثرکن ویڈیوز پوسٹ کیے ہیں۔

ان میں سے اب تک ایک دیڈیو کو 92,094 صارفین نے اور دوسرے ویڈیو کو  57,744 انسٹاگرام صارفین دیکھ چکے ہیں اور سینکڑوں صارفین نے اپنے لائیکس اور کمنٹس کے ذریعہ عظیم اداکار دلیپ صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سائرہ بانو کو صبر کی تلقین کی ہے۔

اس تقریب کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ کے ایک اور مشہور اداکار اور دلیپ کمار کے قریبی دوست دھرمیندر بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

جیسے ہی محترمہ سائرہ بانو اور دھرمیندر اس کالج کے کیمپس میں پہنچے سبھاش گھئی نے ان دونوں کا پرتپاک استقبال کیا۔آپس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے دلیپ صاحب کو یاد کیا اور جذباتی بھی ہوگئے۔

اس موقع پر محترمہ سائرہ بانو غمگین اور آبدیدہ ہوگئیں۔تاہم دھرمیندر اور سبھاش گھئی نے انہیں حوصلہ دیا اور فوری انہیں دلیپ صاحب کے پورٹریٹ اور ان کی یاد میں بنائے ہوئے ایک پویلین کی جانب لے گئے۔

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ دلیپ صاحب کو اپنا سرپرست اور رہنماء ماننے والے بالی ووڈ کے مشہور فلمساز و ہدایت کار سبھاش گھئی جنہیں عظیم شومین راجکپور کے بعد ہندی فلموں کا دوسرا شومین قرار دیا جاتا ہے۔اپنے "وزلنگ ووڈ انٹرنیشنل کالج ممبئی” کے طلبہ کو دلیپ صاحب کے نام سے موسوم اسکالرشپ دیتے ہیں۔ 

سبھاش گھئی نے بحیثیت فلمساز و ہدایت کار دلیپ کمار کے ساتھ سنجیو کمار،شمی کپور اور امریش پوری جیسے منجھے ہوئے اپنے وقت کے نامور اداکاروں کے ساتھ 1982ء میں فلم ودھاتا بنائی تھی۔

جبکہ 1986ء میں مشہور فلم کرما کے ذریعہ سبھاش گھئی نے دلیپ کمار،نوتن،نصیر الدین شاہ، انیل کپور،جیکی شراف،سری دیوی اور انوپم کھیر کو پیش کیا تھا۔

پھر سبھاش گھئی نے 1991ء میں مشہور اداکار راج کمار اور دلیپ کمار کے ساتھ فلم سوداگر بناتے ہوئے ان دو بڑے اداکاروں کو ایک طویل عرصہ کے بعد ایک ساتھ فلمی پردہ پر پیش کیا تھا۔قبل ازیں اپنے وقت کے ان دونوں عظیم اداکاروں نے 1959ء میں بنی فلم پیغام میں کام کیا تھا۔

سبھاش گھئی نے کالی چرن، وشواناتھ،قرض، ہیرو،میری جنگ،رام لکھن،کھلنائیک، پردیس،تری مورتی، تال،یادیں اور اقبال جیسی کئی یادگار فلمیں بنائی ہیں۔   

 DilipKumar #SairaBanu #SubhashGhai #DharmendraDeol#