دو سال بعد آج نصف شب کے بعد سے ملک میں بین الاقوامی پروازیں مکمل بحال ہوں گی

دو سال بعد آج نصف شب کے بعد سے ہندوستان میں
بین الاقوامی پروازیں مکمل بحال ہوں گی

نئی دہلی: 26۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافرین کے لیے آج 26 مارچ کی نصف شب کے بعد سے(اتوار) مکمل دو سال کے طویل عرصہ کے بعد ہندوستان سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ جس سے مختلف ممالک کا سفر کرنے یا پھر ملک واپس ہونے والےتارک وطن کے لیے بہت بڑی سہولت دوبارہ حاصل ہونے جارہی ہے ۔

حکومت ہند نے بین الاقوامی فلائٹس پاسنجرس کی آمد پر دو سال قبل کورونا وبا کے باعث پابندی عائد کردی تھی۔اور اس پابندی کو آج 26 مارچ کی نصف شب سے برخاست کیا جارہا ہے۔اس پابندی کے باعث بین الاقوامی فضائی سرویس درہم برہم ہوگئی تھی جس سے کئی ایرلائنس معاشی بحران کا شکار ہوگئے تھے۔

اب جبکہ دنیا بھر میں کورونا وبا کی شدت میں مکمل کمی واقع ہوئی ہے تو مرکزی حکومت نے عائد کردہ پابندی کو برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت ہند نے کوویڈ وبا میں کمی کو اور کوویڈ ویکسین لیے جانے کو دیکھتے ہوئے متعلقہ غیر ملکی ذرائع سے گفت و شنید کے بعد بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی کو برخاست کردیا ہے۔محکمہ شہری ہوا بازی کے عہدیداروں کے مطابق ہندوستان آنے والی اورہندوستان سے مختلف ممالک جانے والی مسافر تمام کمرشیل پروازوں کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

2020 میں دنیا بھر میں کورونا وبا کی شدت پھر گزشتہ سال اومیکرون وبا کے آغاز کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند نے تمام بین الاقوامی کمرشیل پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔تاہم چند ممالک کے ساتھ ہنگامی حالات کے تحت ایرببل معاہدہ کے بعد محدود تعداد میں چند ممالک کی پروازوں کو اجازت دی تھی۔حکومت ہند نے 28 فروری کو ہی آخری مرتبہ بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع کی تھی۔تاہم اب حکومت کے اعلان کے بعد یہ تمام پابندیاں برخاست کردی گئی ہیں۔

ہندوستان نے سعودی عرب،کویت،متحدہ عرب امارات،عمان، قطر،عراق،آسٹریلیا،افغانستان،بنگلہ دیش، بحرین، کینیڈا، بھوٹان، ایتھوپیہ، فرانس ، جرمنی، فن لینڈ،جاپان، کینیا،مراقش، مالدیپ،ماریشس،نیدر لینڈ، نیپال،نائجیریا،سوئزرلینڈ،سری لنکا، یوکرین،تنزانیہ اور برطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک سے ہندوستانی حکومت نے ایر ببل معاہدہ کیا تھا۔اب جبکہ موسم گرما میں مسافرین کی آمد ورفت میں اضافہ ہوجاتا ہے تو ایسے وقت میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی ایسے مسافرین کے لیے خوشخبری ہے۔