اندھیر نگری ، چوپٹ راج ! تانڈور میں وقفہ وقفہ سے برقی کی آنکھ مچولی سے عوام میں برہمی

Uncategorized

اندھیر نگری،چوپٹ راج

تانڈور میں وقفہ وقفہ سے برقی کی آنکھ مچولی سے عوام میں برہمی

تانڈور۔31۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)

تانڈور میں موسم گرما کے آغاز سے قبل ہی وقفہ وقفہ سے برقی کی آنکھ مچولی جاری تھی اب جبکہ موسم گرما میں یہاں دن کا درجہ حرارت 39؍ ڈگری ریکارڈ ہورہا ہے ایسے میں برقی سربراہی کی ابتر حالت پر عوام میں برہمی پیدا ہوگئی ہے۔

دن اور رات کے اؤقات بناء کسی اطلاع یہاں زائد از دس تا پندرہ مرتبہ اچانک برقی سربراہی کا مسدود کردیا جانا عام بات بن کر رہ گئی ہے جس سے صنعتوں اورمختلف کارخانوں میں کام ٹھپ ہورہا ہے وہیں تعلیمی اداروں کے بند رہنے کے باعث اسکولی طلبہ سمیت عوام کو بھی مکانات میں گرما کی شدت سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تاہم اس معاملہ میں مقامی سیاسی قائدین اور منتخبہ عوامی نمائندوں کو کوئی فرق پڑتا نظر نہیں آتا، جبکہ دفتر برقی کو برقی مسدودی کی وجہ جاننے کیلئے فون کیا جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہاں کوئی عملہ موجود نہیں ہے اور اسی لیے فون نہیں اٹھایا جارہا یا پھر صارفین کی انکے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہے؟ یہی حال محکمہ برقی کے اے ای کا بھی ہے پہلی بیل پر ہی فون کاٹ دیا جاتا ہے یا پھر ان کا موبائل نیٹ ورک کے باہر ہوتا ہے؟

عوام کا استفسار ہے کہ ریاست میں بلاء وقفہ برقی سربراہی کے حکومت کے دعوؤں کے دؤران تانڈور میں اس طرح برقی مسدودی کی وجہ کیاہے؟

وقفہ وقفہ سے تانڈور میں برقی کی اس آنکھ مچولی سے یہاں موجود کئی خانگی ہسپتالوں،میڈیکل ہالس،ہوٹلوں،آئس کریم سنٹرس اور دیگر کاروبار پر بھی برقی کی آنکھ مچولی سے مالکین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔عوام کا مطالبہ ہے کہ تانڈور میں برقی سربراہی کو باقاعدہ بنایا جائے جہاں سے محکمہ برقی کو ماہانہ لاکھوں روپئے کے برقی بلس حاصل ہوتے ہیں۔

جبکہ تانڈور پتھر ،سمنٹ اوردیگر کارخانوں کیلئے ساری ریاست اور وقارآباد ضلع میں اپنی ایک شناخت رکھتا ہے۔ تانڈور میں موجود پتھر کی صنعت کو گزشتہ سال کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے کئی شدید مسائل کا سا منا ہے ایسے میں وقفہ وقفہ سے برقی مسدودی کے باعث ان صنعتوں میں کام متاثر ہونے سے مزدور طبقہ بھی پریشان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے