تلنگانہ میں تین دنوں تک شدید گرمی کی لہر،محکمہ موسمیات نے دی وارننگ،عوام کو احتیاطی اقدامات کا مشورہ 

ریاستی خبریں قومی خبریں

تلنگانہ میں تین دنوں تک شدید گرمی کی لہر،محکمہ موسمیات نے دی وارننگ،عوام کو احتیاطی اقدامات کا مشورہ 

حیدرآباد : 30 ۔مارچ (سحرنیوز ڈاٹ کام)
انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک ریاست تلنگانہ میں گرما کی شدت میں اضافہ کی وارننگ جاری کی ہےاور ساتھ ہی ان تین دنوں کے دؤران دوپہر 12 بجے سے 3 بجے سہء پہر تک دھوپ میں گھومنے پھرنے سے احتیاط کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 31 مارچ ، یکم اپریل اور 2 اپریل کو ان تین دنوں کے دؤران ریاست کے کئی حصوں میں موسم انتہائی خشک رہے گا اور دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری تا 43 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

اس سلسلہ میں محکمہ موسمیات حیدرآباد نے کل 30 مارچ کی دوپہر Orrange Warning جاری کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ ریاست کے اضلاع وٹاؤنس عادل آباد ، نظام آباد، جگتیال، منچریال ، کمرم بھیم ، نرمل ، راجنا سرسلہ ، کریم نگر، پیدا پلی ، بھوپال پلی ، ملگ، کوتہ گوڑم ،کھمم ، نلگنڈہ ،سوریہ پیٹ ، محبوب آباد، ورنگل اربن ، ورنگل رورل،جنگاؤں ، محبوب نگر، ناگر کرنول ، نارائن پیٹ ونپرتی اور جوگولامبا گدوال میں گرما کی شدت میں اضافہ اور شدید دھوپ کا انتباہ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی اس وارننگ کے بعد لازمی ہے کہ ان اضلاع اور ٹاؤنس کے عوام بالخصوص ضعیف افراد،بچے ، مختلف امراض کا شکار افراد اور مزدور طبقہ دوپہر 12 بجے سے 3 بجے سہء پہر تک دھوپ میں بلاء ضرورت باہر گھومنے پھرنے سے احتیاط کریں اور گرم لو سے بچنے کی غرض سے اپنے جسم  پانی اور نمکیات کی ہونے والی کمی کو برقرار رکھنے کیلئے مناسب مشروبات کا انتظام کریں۔

ڈائرکٹر انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) حیدرآباد مسز کے۔ناگارتنا نے اس سلسلہ میں بتایا کہ شمال سے آنیوالی گرم ہواؤں کے باعث ریاست میں گرما کی شدت میں اضافہ ہوگا اور دھوپ و گرما کی شدت کی آئندہ دو یا تین دنوں تک جاری رہے گی۔
ڈائرکٹر انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) حیدرآباد مسز کے۔ناگارتنا کے بموجب شمالی تلنگانہ میں جاریہ سال موسم گرما میں امکان ہے کہ ریاست کے درجہ حرارت میں مزید دو تا تین ڈگری درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

وہیں ریاست کے اضلاع عاد آباد، نظام آباد، نرمل ، آصف آباد،جگتیال ،جنگاؤں، کریم نگر، پیدا پلی ، ملگ، بھوپال پلی ، نارائن پیٹ ، کوتہ گوڑم،نلگنڈہ ، ورنگل اربن ، ورنگل رورل میں تین تا چار ڈگری سیلسیس درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے بموجب ریاست کے عادل آباد میں سب سے زیادہ 42 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ریاست کے دیگر مقامات پر بحیثیت مجموعی 39.3 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔

عوام کیلئے ضروری ہے کہ وہ آئندہ تین دنوں تک گرم لو کی شدت اور دھوپ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کریں ، بالخصوص ضعیف و معمر افراد ، بچے اورمختلف امراض کے شکار افراد کے تحفظ کو یقینی بنائیں ، بلاء وجہ دھوپ میں گھومنے سے احتیاط کریں ، ٹھنڈے قدرتی مشروبات کا استعمال کریں ، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور ساتھ ہی او آرایس کا بھی استعمال کرتے ہوئے جسم سے خارج ہونے والی نمکیات اور پانی کو بحال کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب ریاستی حکومت کے ادارہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے اپنے خودکار موسمی اسٹیشن میں منگل کے دن سب سے زیادہ درجہ حرارت 42.8 ڈگری سیلسیس کومرم بھیم ضلع میں ریکارڈ کیا ہے جبکہ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ 39.4 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے. اس ادارہ کے بموجب حیدرآباد میں ان تین دنوں کے دؤران 40 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے