ایک ہی بستر پر کوروناوائرس کے دومتاثر ین زیرعلاج،ناگپور کے سرکاری ہسپتال میں دلخراش مناظر
مہاراشٹرا/ناگپور: 30مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران ریاست مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے متاثرین میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے کئی شہروں میں لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو کیساتھ ساتھ دفعہ 144 نافذ کردیا ہے جس میں ناگپور ، ناندیڑ اور پونہ بھی شامل ہیں۔
کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے اتوار کو ہی مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے عہدیداروں کو یہاں تک ہدایت دی کہ ریاست میں دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن کامنصوبہ تیا رکریں۔
ان مریضوں کی بڑھتی تعداد سے سرکاری اورخانگی ہسپتالوں میں بستروں کی قلت کا بھی سامنا ہے ایسے میں مہاراشٹرا کے ایک بڑے شہر ناگپور کےگورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے کئی ایسے افسوسناک فوٹوز وائرل ہوئے ہیں جس میں ہسپتال کے ایک ہی بستر پر دو کورونا وائرس متاثرین کا علاج کیا جارہا ہے۔
اسے مہاراشٹرا کی حکومتی مشنری کی ناکامی یا نا اہلی قرار دینے سے قبل غور کرلیا جائے کہ ہسپتالوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کیا ہوگی جس کے باعث ڈاکٹرس اس طرح متاثرین کا علاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں؟
اس سلسلہ میں ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس متاثرین خانگی ہسپتالوں میں علاج کے لیے زائد اخراجات کے باعث سرکاری ہسپتالوں کارُخ کررہے ہیں تو ایسے حالات میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ پر کام کا بوجھ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔
ان فوٹوز کے وائرل ہونے کے بعد ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے اوراب اس حالت کو درست کرلیا گیا ہے،ایک مریض کیلئے ایک بستر دیا جارہا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل ناگپور ڈاکٹر اویناش گاوندے نے کہا ہے کہ کوروناوائرس متاثرین اورناگپور کے باہری مقامات سے آنے والے ایمرجنسی مریضوں کوہی ہسپتال میں داخل کیا جارہاہے۔
دوسری جانب ناگپور میں پیر 29 مارچ کو 3,100 کورونا وائرس متاثرین کے نئے معاملات درج ہوئے ہیں جبکہ 55 کی موت واقع ہوئی ہے اس طرح ناگپور میں کورونا وائرس متاثرین کی جملہ تعداد 2,21,997 تک پہنچ گئی ہے۔