گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈورمیں نذیراحمد کی جانب سے ناشتہ کی مفت فراہمی کے ایک ہزار دن مکمل
تہنیتی تقریب اور واٹر کولر کا افتتاح ، صدر نشین بلدیہ اور مسلم قائدین کی شرکت،خدمات کی ستائش
تانڈور۔31 مارچ ( سحرنیوزڈاٹ کام )
ایس او ایف ایمبولنس سرویس کے مالک محمد نذیر احمدکی جانب سے تانڈور کے 200؍بستروں کے حامل گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں روزآنہ زائد از 300؍افراد میں مفت ناشتہ ( اُپما) کی سربراہی کے آج ایک ہزار دن مکمل ہونے پر ہسپتال کے احاطہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی اور محمد نذیر احمد کی جانب سے ہسپتال کے احاطہ میں نصب 35؍ہزار روپئے مالیتی واٹر کولر کا افتتاح انجام دیا گیا۔
اس تقریب میں صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کے علاوہ مقامی مسلم تنظیموں کے ذمہ داران ، علماء کرام اور مسلم ذمہ داران کی جانب سے محمد نذیر احمد کی بڑے پیمانے پر شال و گلپوشی کے ذریعہ انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد نذیر احمد بلاء تکان ایک ہزار دن سے اس سرکاری ضلع ہسپتال سے رجوع ہونے والے مریضوں ،حاملہ خواتین، انکے تیمارداروں اور انکے رشتہ داروں کے علاوہ اطراف و اکناف میں رہنے والے بے گھر اور لاوارث افراد کیلئے بہت بڑا سہارا بنے ہوئے ہیں اور یہ ایک نیک کام ہے۔
صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے خطاب کرتے ہوئے محمد نذیر احمد کی ان خدمات کو لائق ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ بلاء مذہبی تفریق غریب اور مستحق افراد کے ناشتہ کا مفت بندوبست کررہے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتال سے زیادہ تر غریب طبقہ رجوع ہوتا ہے جو کہ ہوٹلوں کے مہنگے کھانوں کی قیمت ادا کرنے کا متمحل نہیں ہوسکتا۔
صدر نشین بلدیہ سواپنا پریمل نے کہا کہ اس خدمت کے ذریعہ نذیر احمد ساری انسانیت کی خدمت کررہے ہیں جس کی تلقین تمام مذاہب میں کی گئی ہے اور اس طرح کی انسانی خدمت بلاناغہ کرنا ہرکسی سے ممکن نہیں ہے صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے اس موقع پر تیقن دیا کہ وہ اس نیک کام کو جاری رکھنے اور اس میں مزید وسعت دینے کیلئے تمامتر تعاون کریں گی۔
یاد رہے کہ محمد نذیر احمد کی جانب سے گزشتہ سال انہی دنوں میں لاک ڈاؤن کے دؤران گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور سے رجوع ہونے والے غریب ،مستحق مریضوں اور انکے ساتھ رہنے والے رشتہ داروں کی خدمت اور انہیں مالی بوجھ کے ساتھ ساتھ غذا کی عدم دستیابی سے محفوظ رکھنے کے جذبہ کے تحت صبح میں مفت ناشتہ اوررات کو کھانے کا نظم کیا گیا تھا کیونکہ لاک ڈاؤن کے دؤران ہوٹلوں کیساتھ ساتھ تمام ذرائع بند تھے۔
اس طرح لاک ڈاؤن کے دؤران محمد نذیر احمد نے روزآنہ صبح اور رات کو 400 سے زائدمستحق ، غریب اور لاوارث افراد کو ناشتہ اور رات کا کھانا مفت فراہم کرتے ہوئے انہیں راحت پہنچائی تھی۔
آج منعقدہ محمد نذیر احمد کی اس تہنیتی تقریب میں مولانا خلیل الرحمن محمدی،مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی،مولانا سہیل احمدعمری،سید اصغر حسین،عبداللہ مجاہدی ، عبدالواحد مجاہدی ،سید کمال اطہر،سراج صمدانی،ایم اے نعیم افو،مختار احمد ناز،غلام مصطفی پٹیل،خالدسیف اللہ،عبدالشکور،عبیدالرحمن مجاہدی، محمد یونس خان ،احسان مجاہدی،محمد معز، محبوب شاہ، ابرار لالہ، قیوم چاوش،ایم اے لطیف اوردیگر شریک تھے۔