ضلع وقارآباد کی چاروں بلدیات میں ایک دوسرے سے مربوط مارکیٹس کے قیام کیلئے ارا ضیات کی نشاندہی

ضلع وقارآباد کی چاروں بلدیات میں ایک دوسرے سے مربوط مارکیٹس کے قیام کیلئے ارا ضیات کی نشاندہی

دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں جائزہ اجلاس،وزیرتعلیم سبیتا ریڈی،ضلع کلکٹر،ارکان اسمبلی اور صدور بلدیہ کی شرکت

وقارآباد۔31۔ مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا ہے کہ وقارآباد ضلع میں موجود وقارآباد ،تانڈور ، پرگی اور کوڑنگل کی بلدیات میں انٹیگریٹیڈ مارکیٹس کی تعمیر کیلئے فی کس دو ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور 6 ؍ماہ میں ان چاروں بلدیات میں مارکیٹس کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی وہ آج دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

جس میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو،وقارآباد، تانڈور اور پرگی کے ارکان اسمبلی ڈاکٹر آنند ، پائلٹ روہت ریڈی ، مہیش ریڈی کے علاوہ چیئرمین ٹی ایس ای ڈبلئیوآئی ڈی سی ناگیندرگوڑ ،ایڈیشنل کلکٹر چندریا ، صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل ، صدر نشین بلدیہ وقارآباد سی۔ منجولہ رمیش، ای ای محکمہ آراینڈ بی لال سنگھ کے بشمول کمشنران بلدیہ اور متعلقہ عہدیدار شریک تھے۔

اس جائزہ اجلاس میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر ان مارکیٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جہاں عوام کو ترکاری ، سبزی ، اجناس کیساتھ ساتھ گوشت ، چکن ، مچھلی اور دیگر اشیائے ضروریہ ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب رہیں گے۔وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ ان چاروں بلدیات کی مارکیٹ میں خواتین کیلئے ڈواکرامارکیٹ کے قیام کا نظم بھی کیا جائے۔اور ہدایت دی کہ ضلع میں زیر تکمیل شمشان گھاٹوں ، ڈمپنگ یارڈس کے جاریہ کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے۔

اس اجلاس میں کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے کہا کہ ضلع میں تمام تعمیراتی کام اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور چند مسائل کی وجہ سے رکے ہوئے کاموں کو بھی 15؍ جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع کی تمام بلدیات کو فراہم کیے گئے ٹریکٹرس کے ذریعہ بلدی حلقہ جات کے مکانات سے روزآنہ کچرا اکٹھا کرکے ڈمپنگ یارڈس کو منتقل کیا جارہا ہے۔

اس اجلاس میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندراریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقارآباد میں سڑک کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے فوری سڑک کی توسیع کے کاموں کا آغاز کیا جائے۔اور ساتھ ہی وقارآباد کے اہم این ٹی آر ، بی جے آر اوراینے پلی جنکشن کو خوبصورت بناتے ہوئے پودوں کی شجرکاری کی جائے وہیں ایک کروڑ روپئے کے مصارف سے وقارآباد کے شیواریڈی پیٹ تالاب کے اطراف شجرکاری اور دیگر کاموں کے ذریعہ اس علاقہ کو خوبصورت بنایا جائے۔

ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندراریڈی نے ضلع کلکٹر اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقارآباد بلدیہ کیساتھ ساتھ تانڈور ، پرگی اور کوڑنگل کے اہم چوراہوں کو بھی خوبصورت بنانے کے اقدامات کیے جائیں ان بلدیات میں سنٹرل لائٹنگ سسٹم اوربڑے پیمانے پر شجر کاری کو یقینی بنایاجائے وزیر تعلیم نے کہاکہ ہرپندرہ دن میں ایک مرتبہ ایک بلدیہ کیلئے ایک خصوصی اجلاس منعقد کیاجائے گا۔