پیغمبر اسلام ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے سوامی کیخلاف تانڈور پولیس میں شکایت درج

پیغمبراسلام ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے سوامی نرسنگھانند کیخلاف تانڈور پولیس میں شکایت درج

تانڈور۔09۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

پیغمبراسلام حضرت محمد ؐﷺ  کی شان اقدس میں گزشتہ چند دنوں سے سوامی نرسنگھا نند کی جانب سے کی جارہیں گستاخیوں پر مسلمانوں میں غم و غصہ پیدا ہوگیا ہے۔سوامی کی جانب سے باقاعدہ دہلی پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد اور پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کی اجازت انتہائی قابل مذمت ہے کہ کیونکر ملک کا میڈیا اس جنونی اور پاگل شخص کی پشت پناہی میں مصروف ہے؟

جبکہ کوئی عام مسلمان کبھی کسی بھی مذہب کی توہین یا انکے مذہبی پیشواؤں کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں بولتا ایسے میں ایک منظم سازش کے تحت ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے اور مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی غرض سے سوامی نرسنگھا نند جیسے گھٹیا اور نچلی ذہنیت کے لوگوں کو سامنے لایا جاتا ہے۔

جبکہ یہ بات بھی طئے ہے کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضوراقدسﷺ کی شان مبارک میں گستاخی ہرگزبرداشت نہیں کرسکتا۔

ان خیالات کا اظہار صدر اہلسنت والجماعت تانڈور محمد آصف علی چشتی ،سابق رکن بلدیہ سید زبیر لالہ اور دیگر نے کیا ہے۔اس سلسلہ میں آج بعد نماز جمعہ اہلسنت والجماعت کے ایک وفد نے صدر اہلسنت والجماعت تانڈور محمد آصف علی چشتی کی قیادت میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) روی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کے مرتکب سوامی نرسنگھا نند کیخلاف ایک تحریری شکایت حوالے کی اورمطالبہ کیا کہ اسکے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے کارروائی کی جائے۔

اہلسنت والجماعت کے اس وفد میں نائب صدر عبدالرحیم قادری،سید زبیر لالہ،سید اختر علی قادری ،سیدمنظور پاشاہ،سید پرویز لالہ،قطب الدین قادری ، محمدواجد علی،حافظ وجاہت علی ،محمد رفیق اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔