حلقہ اسمبلی تانڈور سے موجودہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو ہی دوبارہ موقع
ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر مہندر ریڈی کی ریاستی کابینہ میں شمولیت!
وزیراعلیٰ کی فہرست میں وقارآباد، کوڑنگل اور پرگی کے موجودہ ارکان اسمبلی بھی شامل
وقارآباد/تانڈور : 22۔اگست
(سحرنیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
وزیراعلیٰ تلنگانہ و قومی صدر بھارت راشٹرا سمیتی( بی آرایس )کے۔چندراشیکھراؤ کی جانب سے آنے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لیے کل جاری کردہ 115 پارٹی امیدواروں کی فہرست میں موجودہ رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جاریہ سال ڈسمبر کے اواخر میں تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات ہونےوالے ہیں۔تانڈور میں رکن اسمبلی کےحامیوں اور پارٹی کارکنوں کاجشن جاری ہے۔ اور اس یقین کا اظہار کر رہے ہیں کہ رکن اسمبلی دوبارہ شاندار اکثریت سے کامیاب ہونگے۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے انہیں دوبارہ پارٹی امیدوار بنائےجانے کے اعلان پر وزیراعلیٰ کے سی آر سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی اور پارٹی کی مضبوطی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
دوسری جانب حلقہ اسمبلی تانڈور سے چار مرتبہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی اسمبلی کےلیے اور 2014ء میں تلنگانہ اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے،موجودہ ایم ایل سی متحدہ ضلع رنگا ریڈی و سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کو وزیراعلیٰ کےسی آر کی جانب سے جاری کردہ پارٹی امیدواروں کی فہرست کے بعد مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جو کہ حلقہ اسمبلی تانڈور سے مضبوط دعویدار تھے۔
وہیں سیاسی و صحافتی حلقوں میں یہ بات زیر گشت ہےکہ اس سلسلہ میں پارٹی قیادت نے پہلے ہی ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی کو اس کے لیے رضامند کرلیا تھا۔کل تلنگانہ بھون میں جب وزیراعلیٰ کے سی آر پارٹی امیدواروں کی فہرست جاری کررہے تھے تب ریاست تلنگانہ کے پہلے اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ ڈائس پر موجود تھے۔
تاہم گذشتہ کئی دنوں سے سیاسی اورصحافتی حلقوں میں ایسی اطلاعات بھی زیر گشت ہیں کہ اگر ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی جن کی متحدہ ضلع رنگاریڈی (اضلاع وقارآباد، رنگاریڈی اور میڑچل) کی سیاست پر زبردست پکڑ ہے اور ان کے حامیوں کی تعداد کا حلقہ بھی وسیع ہے کو بی آر ایس پارٹی ٹکٹ سے محروم کرتی ہے تو پھر وہ کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔؟ اب جبکہ وزیراعلیٰ اور پارٹی سپریمو کے سی آر نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے تو دیکھنا ہوگا کہ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کا اگلا اقدام کیا ہوگا ۔؟
اسی دوران ریاست کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں یہ اطلاع شدت کے ساتھ زیر گشت ہے کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرر یڈی کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا جانے والا ہے۔! اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کو وزارت صحت کاقلمدان دیا جاسکتا ہے۔! جو کہ یکم مئی 2021 کو وزیراعلیٰ کی جانب سے اس وقت کےوزیرصحت ایٹالہ راجندر کوعہدہ سے ہٹادیا گیا تھا۔بعدازاں انہیں پارٹی سےبھی خارج کردیا گیاتھا۔بعدازاں وزیرصحت کی زائد ذمہ داری ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ کو دی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق کل یا 24 اگست کو ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا جانے والا ہے۔دوسری جانب مدیراج طبقہ سے تعلق رکھنے والے بنڈہ پرکاش جو کہ ڈپٹی چیئرمین تلنگانہ قانون ساز کونسل ہیں کو بھی وزارت کا قلمدان دینا وزیر اعلیٰ کے لیے لازمی مانا جارہا ہے اور اس کے لیے موجودہ ریاستی کابینہ سے ایک وزیر کو ہٹائے جانے کی بھی اطلاع زیر گشت ہے۔!!
اسی دوران کل جب پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان ہوا تو ایک دوسرے کے انتہائی سخت حریف مانے جانے والے ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے درمیان اس وقت خوشگوار ماحول دیکھا گیا جب رکن اسمبلی، ایم ایل سی کے مکان واقع حیدر آباد پہنچ کر انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا آشیرواد حاصل کیا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دؤران رکن اسمبلی نے پرانی تلخ باتوں اوراختلافات کو درگذر کرنے اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لیے ان سے تعاون کی خواہش کی۔ایم ایل سی ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی نے اس موقع پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے تانڈور کو مٹھائی کھلاتے ہوئے مبارکباد دی۔مانا جا رہا ہے کہ اب تانڈور میں پارٹی کے دو گرپس کے درمیان موجود رسہ کشی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔!!

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کو پارٹی کی جانب سے دوبارہ امیدوار بنائےجانے کے بعد ان کے حامیوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔حیدرآباد پہنچ کربھی کئی پارٹی قائدین نے رکن اسمبلی کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کےلیے خود کو وقف کردینے کا تیقن بھی دیا۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی سے دو دنوں کے دوران ملاقات کرنے والوں میں صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ،صدر تانڈور ٹاؤن بی آر ایس ایم اے نعیم افو،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل گوڑ،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،صدر اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق،پٹلولا نرسملو، سرینواس چاری، معز خان، امتیاز بابا کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب ضلع وقارآباد میں موجود حلقہ اسمبلی جات وقارآباد، پرگی اور کوڑنگل سے موجودہ ارکان اسمبلی ضلع ڈاکٹر میتکو آنند،مہیشور ریڈی اور پی۔نریندر ریڈی کو بھی آئندہ انتخابات میں مقابلہ کا موقع فراہم کیا گیاہے۔اس طرح ضلع وقارآباد کے چاروں اسمبلی حلقہ جات تانڈور، وقارآباد، پرگی اور کوڑنگل سے موجودہ ارکان اسمبلی ہی آئندہ اسمبلی انتخابات میں امیدوار ہونگے۔


