تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں تربیتی طیارہ گرکر تباہ
پائلٹ اور تربیتی خاتون پائلٹ ہلاک
حیدرآباد/نلگنڈہ: 26۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں آج ایک ہلکا تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔اس حادثہ میں پائلٹ سمیت تربیتی خاتون پائلٹ ہلاک ہوگئے۔یہ حادثہ نلگنڈہ ضلع کے تنگاترتی موضع، پیدااورو منڈل میں پیش آیا ہے۔اس حادثہ میں ہلاک تربیتی نوجوان خاتون کی شناخت تمل ناڈو کی ساکن مہیما کے طور پر کی گئی ہے تاہم پائلٹ کی شاخت ظاہر نہیں ہو پائی ہے۔ایک اور اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ پائلٹ بھی خاتون تھیں؟
یہ تربیتی طیارہ موضع کے ایک کھیت میں گرپڑا۔جائے حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد نلگنڈہ پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اس نے ایک خاتون پائلٹ کی شناخت کی جو مردہ پائی گئی تھی۔اس حادثہ کا شکار دو نشستی 152 ماڈل سیسنا تربیتی طیارہ ناگرجنا ساگر کی خانگی فلائی ٹیک ایوی ایشن کمپنی کی ملکیت ہے۔
نلگنڈہ پولیس نے کہا کہ انہیں پیداوورا منڈل کے ٹنگاتورتی گاؤں میں کھیتوں میں پر کام کرنے والے کسانوں سے اطلاع ملی کہ انہوں نے دیکھا کہ ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ہے اور اس سے گہرا دھواں اٹھ رہا ہے۔اطلاع کی بنیاد پر پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ہلکا تربیتی طیارہ ہائی ٹینشن بجلی کے تاروں سے ٹکرانے کے بعد حادثہ کا شکار ہوا ہوگا؟ ایک اور اطلاع میں بتایا جارہاہے کہ ناگرجنا ساگر ایر بیس سے اڑان بھرنے کے چند منٹوں بعد ہی یہ تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثہ کا شکار ہوا ہے؟ ماہرین کے مطابق اس حادثہ کے وقت موسم بھی ساز گار تھا۔تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی اس افسوسناک واقعہ کے حقائق واضح ہوں گے۔
اس تربیتی طیارہ کے اچانک کھیتوں میں گرجانے کے باعث قریب ہی زرعی کاموں میں مصروف کسان اور مزدور خوف کے عالم میں وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔بعد ازاں جب طیارہ گرکر تباہ ہوا تو وہاں عوام کا ہجوم جمع ہوگیا اس حادثہ کی اطلاع کے بعد عوام کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔اس واقعہ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئے۔

