اپنی جیب میں چند پھولوں کے بیج رکھ لے، تیری میت پر ڈالنے کے کام آئیں گے، یوکرینی جانباز خاتون کی روسی فوجی کو للکار،ویڈیو وائرل

فتح کا جشن ہو کہ ہار کا سوگ
زندگی میّتوں پہ روتی ہے!!

تُو اپنی جیب میں چند پھولوں کے بیج رکھ لے
جب پھول اُگیں گے تو تیری میّت پر ڈالنے کے کام آئیں گے
یوکرینی جانباز خاتون کی روسی فوجی کو للکار،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

نئی دہلی :25۔فروری
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

کسی بھی ملک پر حملہ کرتے ہوئے اس پر زبردستی مسلط کی جانے والی جنگ سے ہونے والی خونریزی و بربادی کے مناظر اس مظلوم ملک کے عوام کو ذہنی اور نفسیاتی طور پر بہت خوفزدہ کردیتے ہیں۔وہیں چند بہادر لوگ بھی ہوتے ہیں جو اپنے ملک کی حفاظت کے لیے دشمن سے لڑ بھی جاتے ہیں۔

وہیں یہ بات مشہور ہے کہ جنگ،فساد اور تشدد کے دؤران خواتین اور بچے ہی زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور سب سے زیادہ نقصان انہی کا ہوتا ہے۔کیونکہ اس جنگ، فساد اور تشدد میں کسی خاتون کے باپ،شوہر یا بھائی کی موت ہوتی ہے تو بچے اپنے والد سے محروم ہوجاتے ہیں!!۔چاہے وہ جنگ جیتنے والا ملک ہو یا پھر جنگ ہارنے والا! ان ممالک کے فوجی ہوں یا عام شہری!!

ساحر لدھیانوی نے جنگ پر لکھی گئی اپنی نظم میں اس بات کو بڑی خوبی کے ساتھ پیش کیا تھا کہ؎
ٹینک آگے بڑھیں کہ پیچھے ہٹیں
کوکھ دھرتی کی بانجھ ہوتی ہے
فتح کا جشن ہو کہ ہار کا سوگ
زندگی میّتوں پہ روتی ہے

کل صبح روس نے یوکرین پر حملہ کردیا اور اس پر جنگ مسلط کردی ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف Kyiv# کے بڑے حصہ پر قبضہ کرلیا ہے؟۔جبکہ ایک اور اطلاع میں بتایا جارہا ہے کہ روس نے کیف پر قبضہ کے لیے اپنی گوریلا فوج کو کیف سے 5 کلومیٹر کے فاصلہ تیار رکھا ہے!!لاکھوں کی تعداد میں روسی فوج نے یوکرین کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔روس کا دعویٰ ہے کہ اس نے یوکرین کے 70 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔جس میں 11 ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔جبکہ یوکرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چیرنی وہیو کے قریب روس کے 20 ٹینکس تباہ کیے ہیں!

اسی دؤران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو یوکرین کا ہے۔21 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روسی فوج کے سپاہیوں کی موجودگی میں ایک سپاہی کو ایک یوکرین کی خاتون انتہائی بے خوف اور نڈر انداز میں ڈانٹ رہی ہے اور روسی فوجی بے بس ہے کہ وہ کرے تو کیا کرے؟ 

ٹوئٹر پر جاریہ روس اور یوکرین جنگ پر نظر رکھنے والے صحافی Intel Rogue@ نامی ہینڈل سے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا گیا ہے کہ”ہینیچسک میں خاتون کا روسی فوج سے مقابلہ”تم یہاں کیوں آئے ہو؟ کسی کو تمہاری ضرورت نہیں ہے!” 🤣۔

ساتھ ہی یہ خاتون انتہائی دیدہ و دلیری کے ساتھ اس فوجی کو کچھ مشورہ دے رہی فوجی اپنے ہتھیار تھامے ہوئے کچھ کہنے کی کوشش کرتا ہے جسے یہ خاتون چپ کرواتی ہیں۔ایک اور جگہ بتایا گیا ہے کہ یہ یوکرینی بہادر خاتون اس روسی فوجی سے کہہ رہی ہے کہ”اس سرزمین پر قبضہ کرنے سے قبل تو اپنی جیب میں چند پھولوں کے بیج رکھ لے”۔ تاکہ ان بیجوں سے جو پھول کھلیں گے وہ تیری موت کے بعد تیری میت پر پھولوں کا ہار ڈالتے ہوئے تجھے خراج پیش کرنے کے کام آئیں گے۔”!!

یعنی یہ خاتون اس فوجی سے کہہ رہی ہے کہ بیجوں سے پودا اُگنے میں اور ان پر پھول آنے میں بہت وقت لگے!یا پھر یوکرین پر قبضہ کرنا اتنا آسان نہیں ہے!یوکرین پر حملہ کے بعد روس میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔