تلنگانہ: آدیواسی کسانوں نے محکمہ جنگلات کی خاتون عہدیدار پر پٹرول چھڑک دیا
حیدرآباد/جیہ شنکر ضلع: 16۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے جیہ شنکر بھوپال پلی ضلع میں آج ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں محکمہ جنگلات کی ایک خاتون عہدیدار پر آدیواسیوں اور گریجن طبقہ کے برہم کسانوں نے پٹرول چھڑک آگ لگانے کی کوشش کی۔
اس علاقہ میں ہریتا ہارم پروگرام کے تحت پودے لگانے پہنچے محکمہ جنگلات کے دیگر عہدیداروں پر بھی حملہ کی اطلاعات ہیں!
بھوپال پلی منڈل کے اعظم نگر علاقہ میں موجود پندی پمپولا موضع کے مضافات میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جس کے دؤران حالات بے قابو ہوگئے تھے۔

محکمہ جنگلات کی کھلی اراضی میں محکمہ کے عہدیدار اور ملازمین پودے لگانے میں مصروف تھے کہ بڑی تعداد میں برہم آدیواسی اور گریجن طبقہ کے لوگ وہاں پہنچ گئے اور اس اراضی کے متعلق محکمہ جنگلات کے عہدیداروں اور آدیواسیوں میں بحث و تکرار جاری تھی۔
اسی دؤران ایک نوجوان نے اپنے ساتھ بوتل میں لایا ہوا پٹرول محکمہ جنگلات کی ایک خاتون عہدیدار سمیت دیگر کے اوپر انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ بڑی مقدار میں چھڑک دیا اور آگ لگانے کی کوشش کی۔
تاہم وہاں موجود چند مرد درمیان میں آگئے اور اس نوجوان کو اس حرکت سے باز رکھا تاہم اس دھکم پیل اور خوف کے ماحول میں زخمی محکمہ جنگلات کی خاتون عہدیدار کو فوری طور پر بھوپال پلی کے پرائمری ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا۔
اس سلسلہ میں مقامی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اس معاملہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
"محکمہ جنگلات کی خاتون عہدیدار پر نوجوان بوتل میں لایا گیا پٹرول چھڑکتے ہوئے۔ (ویڈیو) "
بتایا جاتا ہے کہ برہم کسان اس اراضی پر کاشت کاری کرتے ہیں انہوں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی جانب سے اس اراضی پر پودے لگائے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسی اراضی پر کاشت کاری کے ذریعہ وہ روزگار حاصل کرتے ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ یکم جولائی 2019ء کو ریاست کے کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرپور کاغذ نگر بلاک میں اسی طرز کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں اور ملازمین پر انتہائی بے رحمی کے ساتھ لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا تھا جس میں فاریسٹ رینج آفیسر سی۔انیتا شدید زخمی ہوگئی تھیں۔اس وقت ایسے الزامات سامنے آئے تھے کہ اس حملہ میں رکن اسمبلی کے بھائی ملوث ہیں!!

