اب تلنگانہ کی آرٹی سی بسوں پر فحش اشتہار نظر نہیں آئیں گے،مینجنگ ڈائرکٹر سجنار کا عام مسافر کی طرح بس میں سفر

ریاستی خبریں

اب تلنگانہ کی آر ٹی سی بسوں میں فحش اشتہار نظر نہیں آئیں گے،موجودہ اشتہارات فوری ہٹانے کی ہدایت
مینجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار کا عام مسافر کی طرح بس میں سفر اور ایم جی بس اسٹیشن کا تفصیلی مشاہدہ

حیدرآباد :16۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وی سی سجنار آئی پی ایس! بس نام ہی کافی ہے،جو اپنے انوکھے اور مختلف اقدامات کے ذریعہ عوامی مقبولیت حاصل کرتے رہتے ہیں۔

تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہوگا جو وی سی سجنار سے واقف نہ ہو! 1996ء کے آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے وی سی سجنارنے کمشنر آف پولیس سائبرآباد کی حیثیت سے محکمہ اور عوام میں بالخصوص خواتین اور بچوں کے تحفظ اور کمیونٹی پولیس کے ماہر کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کی تھی۔

6 ڈسمبر 2019ء کو وی سی سجنار ملک بھر میں اس وقت سرخیوں کی زینت بنے تھے جب حیدرآباد کے نواح میں ایک وٹرنری ڈاکٹر دِشا کی اجتماعی عصمت ریزی اور بے دردانہ قتل کے چار ملزم پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے تھے۔آج جب کہیں کوئی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آتا ہے تو یہی مطالبہ کیا جاتا ہے کہ مجرموں کا اسی طرز پر انکاؤنٹر کردیا جائے۔

گزشتہ ہفتہ سعیدآباد کی سنگارینی کالونی میں پیش آنے والے 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے بعد بھی بڑے پیمانے پر یہی مطالبہ کیا گیا تھا۔(تاہم آج اس واقعہ کے ملزم راجو کی نعش اسٹیشن گھناپور کے قریب ریل کی پٹریوں سے دستیاب ہوئی اور پولیس کے بقول اس نے خودکشی کرلی ہے!)

وی سی سجنار کی اس وقت کی تصویر جب وہ کمشنر سائبرآباد تھے۔

حکومت کی جانب سے کمشنر آف پولیس سائبرآباد کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے وی سی سجنار کا گزشتہ ماہ 25 اگست کو بحیثیت مینجنگ ڈائرکٹر (ایم ڈی) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آرٹی سی) تبادلہ عمل میں لایا گیا ہے۔تب سے وہ اس محکمہ کو پٹری پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

وی سی سجناربحیثیت ایک آئی پی ایس عہدیدار کئی ایک سنسنی خیز اقدامات کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔اب انہوں نے اپنی وردی اتار دی ہے اور تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دینے میں مصروف ہیں۔

وی سی سجنار کل چہارشنبہ کے دن 11 بجے جیڈی میٹلہ بس ڈپو سے وابستہ بس نمبر 9X 272 جو کہ گنڈی میسماں سے سنٹرل بس اسٹیشن جارہی تھی میں لکڑی کا پل سے ماسک پہن کر عام مسافر کی طرح سوار ہوئے،نہ بس کنڈاکٹر کونہ بس ڈرائیور کو اور نہ ہی بس میں سوار مسافرین کو معلوم ہوا کہ یہ سیدھا سادھا شخص وی سی سجنار ہیں؟بس کنڈاکٹر سے انہوں نے مہاتماگاندھی بس ٹرمینل (ایم جی بی ایس ) تک کا ٹکٹ بھی خریدا۔

وی سی سجنار آئی پی ایس آرٹی سی بس میں ایک عام مسافر کی طرح سفر کرتے ہوئے۔

بعدازاں انہوں نے ایک عام مسافر کی طرح بس میں سفر کررہے مسافروں سے بات کرتے ہوئے ان کےمختلف مسائل اور آرٹی سی کی خدمات سے متعلق بات چیت کی۔

بعدازاں ایم جی بی ایس میں اتر کر وی سی سجنارنے پورا مہاتماگاندھی بس ٹرمینل (ایم جی بی ایس ) گھوم لیا،وہاں موجود روٹس کے پلیٹ فارمس،مختلف مقامات کو روانہ ہورہیں بسوں کو،بکنک اور ریزرویشن کاؤنٹرس کی کارکردگی کو،بس اسٹانڈ میں موجود مختلف دکانات اور بس اسٹانڈ میں صاف صفائی کے انتظام،حتیٰ کے وہاں کے بیت الخلاؤ ں میں داخل ہوکر ان کی موجود ہ حالت کا مکمل جائزہ لیا۔اس کے بعد عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف ہدایات دیں۔

وہیں آج دوسری جانب مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آرٹی سی وی سی سجنار نے اعلان کیا ہے کہ اب آرٹی سی بسوں کے اندر اور باہر فحش مواد پر مشتمل اشتہارات،فلمی پوسٹرس نہیں لگائے جائیں گے جس سے جنسی اشتعال پیدا ہوتا ہو۔

اس سلسلہ میں مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آرٹی سی وی سی سجنار کے دفتر سے آج کیے گئے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بتایا گیا ہے کہ وی سی سجنار نے عہدیداروں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ آر ٹی سی بسوں پر موجود ایسے تمام فحش اشتہارات اور فلمی پوسٹرس کو فوری ہٹادیا جائے۔

دراصل سوشل میڈیا پر ابھیرام نامی ایک صحافی نے ایک تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کرتے ہوئے آرٹی سی بسوں کے اندر اور باہر لگائے جانے والے جنسی اشتہا بڑھانے والے فحش پوسٹرس اور اشتہارات کی جانب توجہ دلائی تھی جس کی بڑی تعداد میں ٹوئٹر صارفین نے تائید کی۔

بحیثیت مینجنگ ڈائرکٹر (ایم ڈی) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آرٹی سی) وی سی سجنار۔

اس کا جواب دیتے ہوئے مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آرٹی سی وی سی سجنار نے تیقن دیا تھا کہ وہ اس سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔

بعدازاں مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپویشن وی سی سجنار نے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے کہ آئندہ سے آرٹی سی بسوں کے اندر اور باہر فحش مواد پرمشتمل پوسٹرس اور اشتہارات چسپاں کرنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے اور موجود تمام فحش مواد کو فوری بسوں سے ہٹالیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے