تمام طبقات عیدو تہوار آپسی میل ملاپ کے ساتھ منائیں، امن و امان کو مکد رکرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی: ایس پی وقارآبادضلع

تمام طبقات عیدو تہوار آپسی میل ملاپ کے ساتھ منائیں
امن و امان کو مکدر کرنے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد
پھیلانے والوں کے خلاف ہوگی سخت کارروائی
گنیش چتورتھی کےضمن میں تانڈور میں امن اجلاس،ایس پی وقارآبادضلع کا خطاب

وقارآباد/تانڈور: 29۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے تمام طبقات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے عید و تہوار قومی یکجہتی اور آپسی تعاون اور بہتر میل ملاپ کے ساتھ پرامن ماحول میں پرسکون انداز میں منائیں اورایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔

ضلع ایس پی آج وقارآباد ضلع کے تانڈور شہر کے تلسی گارڈن میں محکمہ پولیس تانڈور کی جانب سے آنے والے گنیش تہوار کے ضمن میں منعقدہ امن اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں دونوں جانب کے ذمہ داران اور سیاسی قائدین شریک تھے۔

ضلع ایس پی وقارآبادمسٹر این۔کوٹی ریڈی نے اپنے خطاب میں انتباہ دیا کہ امن وامان کو مکدرکرنے والوں اورسوشل میڈیا کےذریعہ نفرت انگیز  اور مذہبی طور پر اکسانے والے مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ گنیش اتسو کے دوران اور نمرجن کے دن کا پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کیا جائے گا انہوں نے اپیل کی کہ امن و امان کی برقراری میں عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

اس امن اجلاس میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپانرسملو،نونامزد صدرنشین ضلع لائبرریز راجو گوڑ،صدر ٹاون ٹی آرایس ایم اےنعیم افو،صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن محمد بابر،جنرل سیکریٹری ہندو اتسو سمیتی پی۔ نرسملو، تحصیلدار چنا اپلا نائیڈو کے علاوہ مختلف جماعتوں کے ارکان بلدیہ،تانڈور اربن و رورل کے سرکل انسپکٹران و سب انسپکٹران پولیس،سیاسی سماجی و مذہبی نمائندے اور دیگر شریک تھے۔

قبل ازیں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ کےساتھ شہر کےمختلف مقامات پرایستادہ کیے جانے والے گنیش منڈپات کے مقامات اور گنیش نمرجن کے دن استعمال ہونے والے آبی ذخائر کا مشاہدہ کیا۔