حافظ محمد زبیر کا قتل ان کے دوست محمد محمود نے کیا تھا،ملزم گرفتار
ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا کی پریس کانفرنس،قتل میں مستعملہ چاقو برآمد
وقارآباد/تانڈور :09۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
چار دن قبل وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود بشیر آباد منڈل مستقر میں ایک جواں سال حافظ قرآن حافظ محمد زبیراحمد 29سالہ کے بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی تھی جس میں انتہائی بے دردی کے ساتھ ان کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔
اس سلسلہ میں آج کرنکوٹ پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا نے بتایا کہ حافظ محمد زبیر کے قتل میں ملوث ان کے دوست محمد محمود ولد عبدالکریم ساکن بشیرآباد کو گرفتار کرلیا گیاہے۔

اس پریس کانفرنس میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندر ریڈی سب انسپکٹر پولیس کرنکوٹ ودیا چرن ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
پریس کانفرنس میں قتل کے ملزم محمد محمود کو پیش کرتے ہوئے ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا نے میڈیاکو بتایا کہ مقتول حافظ محمد زبیر احمد ملزم محمد محمود کی ماموں زاد بہن سے پیار کرتے تھے اور شادی کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے موبائل فون کے ذریعہ چاٹنگ کیا کرتے تھے۔
اس کے خلاف کئی مرتبہ حافظ محمد زبیر کو تاکید بھی کی گئی تھی کہ وہ اس سے باز آجائیں تاہم ان پر کوئی اثر نہیں ہوا تھا اور وہ یہ غلط سلسلہ ہنوز جاری رکھے ہوئے تھے۔
ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے بتایا کہ ملزم کے بموجب مقتول حافظ محمد زبیر احمد اس سے قبل بھی ایک لڑکی کے ساتھ شادی کا وعدہ کرتے ہوئےعشق کے نام پر ایسا ہی کھیل کھیل چکے تھے اور اس لڑکی کی شادی کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے جس پر اس لڑکی کے شوہر نے اسے طلاق دے دی تھی دوبارہ اس لڑکی کی شادی کے بعد بھی یہی سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مقتول نے اس لڑکی کی زندگی تباہ کی تھی۔اور اسی طرز پر مقتول ملزم محمد محمود کی ماموں زاد بہن کے ساتھ بھی یہی کھیل کھیل رہے تھے۔
ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے میڈیا کو بتایا کہ مقتول کی ان حرکتوں کے خلاف حافظ محمد زبیر احمد کو کسی بھی طور پر قتل کرنے کا محمد محمود نے منصوبہ بنایا اور اسی منصوبہ کے تحت 5 اگست کی ابتدائی ساعتوں میں بشیرآباد۔جیونگی روڈ پر حافظ محمد زبیر احمد اپنی موٹرسیکل پر گزر رہے تھے کہ محمد محمود ان کو روک کر موٹرسیکل پر سوار ہوا اور پوچماں مندر کے قریب موٹرسیکل کے پہنچتے ہی محمد محمود نے اپنے ساتھ لائی ہوئی اسٹیل کی تیز دھار چاقو سے موٹرسیکل چلارہے حافظ محمد زبیر احمد کا گلا کاٹ دیا اور قتل کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا۔

ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے بتایا کہ مفرور محمد محمود کو کل دوپہر تانڈور کے ریلوے اسٹیشن سے تحویل میں لیا گیا اور تفتیش کے بعد اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے تمام تفصیلات پولیس کو بتائیں۔محمد محمود کے قبضہ سے قتل میں استعمال کی گئی چاقو کے علاوہ دو موبائل فونس ضبط کرلیے گئے ہیں۔اور آج ہی محمد محمود کو عدالتی تحویل میں روانہ کیا جارہا ہے۔
” حافظ محمد زبیر کے قتل والی نیوز اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے: "
ضلع وقارآباد کے بشیر آباد میں جواں سال حافظ قرآن کا بہیمانہ قتل

