پانچ ہزار روپئے کے جرمانوں کی ادائیگی سے قاصر دلبرداشتہ مزدور نوجوان نے اپنی موٹرسیکل کو ہی نذرآتش کردیا
وقارآباد/تانڈور:08۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں پولیس کی جانب سے مختلف وجوہات پر گاڑیوں پر بڑے پیمانے پر جرمانے عائد کیے جانے کے باعث گاڑی مالکین انتہائی پریشان ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کوروناوباء کے آغاز کے بعد سے زیادہ تر کاروبار تباہ ہوگئے ہیں اور لاکھوں لوگ بیروزگار بھی ہوئے ہیں۔
اور اس پر پٹرول، ڈیزل ، پکوان گیس کے علاوہ تمام اشیائے ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتوں نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اس پر پولیس کی جانب سے ہزاروں روپیوں کے جرمانوں نے رہی سہی کسر پوری کرکے رکھ دی ہے۔
ان تمام مشکلات کا سب سے زیادہ شکار متوسط طبقہ Middle Class ہورہا ہے۔جس کے لیے کسی بھی حکومت نے آج تک کوئی اسکیم نہیں بنائی!!
ذاتی گھر،سرکاری یا قابل بھروسہ خانگی ملازمتوں سے محروم متوسط طبقہ بہت زیادہ پریشان حال ہے۔کیونکہ ماہانہ مکانات کے اونچے کرائے، برقی کے من مانی بِلس، قرض کی رقم پر ماہانہ سود کی ادائیگی،اقساط پر لی گئی گاڑیوں اور گھریلو سامان کی EMI، بچوں کے تعلیمی اور دیگر اخراجات کی چکی میں یہ مڈل کلاس طبقہ پہلے ہی سے پِس رہا ہے! اس پر پولیس کی جانب سے بے تحاشہ جرمانے!!
ایسا بھی نہیں ہے کہ یہ مرکزی یا ریاستی حکومتوں کو ٹیکس ادا نہیں کرتا! بلکہ اس کی جانب سے خریدی جانے والی ہر چیز پر جی ایس ٹی کے بشمول دیگر ٹیکس بھی شامل ہوتے ہیں!!
ایسے ہی پولیس کی جانب سے جرمانے عائد کیے جانے اور جرمانوں کی رقمی ادائیگی سے قاصر ایک نوجوان نے اپنی موٹرسیکل کو نذرآتش کرتے ہوئے اس کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کردیا!
اس نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ روزآنہ مزدوری کرکے اپنا اور اپنے افراد خاندان کا پیٹ بھرتا ہے ایسے میں اس کی موٹرسیکل پر پولیس کی جانب سے پانچ ہزار روپئے کے جرمانوں کی رقم ادا کرنے کیلئے دباؤ اور ہراسانی سے پریشان تھااس لیے اس نے اپنی موٹر سیکل ہی جلادی۔
وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود پدیمول منڈل مستقر میں آج شام پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات پولیس اور متاثرہ نوجوان کے بموجب سنگپا جو کہ مزدور پیشہ بتایا گیا ہے روزآنہ اپنی موٹرسیکل نمبر TS 34D 2183 پر اطراف و اکناف کا دؤرہ کرتے ہوئے مزدوری کیا کرتا ہے۔
جلتی ہوئی موٹرسیکل (ویڈیو )
سنگپا نے بتایا کہ اس کی موٹرسیکل پر مختلف اؤقات میں قواعد کی خلاف ورزی کے نام پر پولیس نے جملہ 5,000 روپئے کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
آج اتوار کی شام دیر گئے تانڈور منڈل کے گوتاپور موضع کے قریب کرنکوٹ پولیس گاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھی کہ پولیس کی جانب سےسنگپا کی موٹرسیکل کو روک کر بتایا گیا کہ اس گاڑی پر 5,000 روپئے کے جرمانے قابل ادا ہیں اور فوری طور پر وہ جرمانوں کی رقم ادا کردے اور وہاں سے اسے روانہ کردیا گیا۔
پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کیے جانے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم کی ادائیگی سے قاصر سنگپاموٹرسیکل پر واپس اپنے موضع پدیمول پہنچا اوربرہمی کی حالت میں پدیمول سوسائٹی کے عقب میں اپنی موٹرسیکل کو زمین پر گراکر اس پر پٹرول چھڑک کر خود اپنے ہاتھ سے موٹرسیکل کو نذرآتش کردیا۔
اس واقعہ کی اطلاع پر پدیمول پولیس جائے مقام پر پہنچ گئی اس وقت تک موٹرسیکل جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی تھی۔سنگپا نے بتایا کہ وہ مزدور پیشہ ہے اور یہ موٹرسیکل اس کے سسرال والوں نے دی تھی۔وہ پہلے ہی پٹرول کی قیمتوں سے پریشان ہے اور اس پر پولیس کے جرمانے!!پھر اس پر وہ کئی دنوں تک مزدوری نہ ملنے سے الگ پریشان رہتا ہے۔ان سب سے دلبرداشتہ ہوکر ہی اس نے اپنی موٹرسیکل کو آگ لگائی ہے۔
اس سلسلہ میں پدیمول پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔