ضلع وقارآباد کے بشیر آباد میں جواں سال حافظ قرآن کا بہیمانہ قتل
وقارآباد/تانڈور :5۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ تانڈور کے بشیر آباد منڈل مستقر میں گزشتہ رات جواں سال حافظ قرآن حافظ محمد زبیر 29 سالہ کے انتہائی بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی ہے۔
حافظ محمد زبیر جو کہ بشیر آباد میں ٹیلر نگ کے ساتھ ساتھ ایک ٹینٹ ہاؤس بھی چلاتے تھے کی نعش آج بشیر آباد کے قریشی محلہ ،جیونگی روڈ , پوچماں مندر کے قریب دستیاب ہوئی ہے۔جن کا انتہائی بے رحمی کے ساتھ گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ اطلاع ہے کہ یہ قتل کی واردات صبح دو اور تین بجے کے درمیان پیش آئی ہے!
اطلاع پر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور اربن جلندر ریڈی ،سب انسپکٹر پولیس بشیر آباد جائے مقام پر پہنچ گئے بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم تانڈور کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس سلسلہ میں بشیرآباد پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔باوثوق ذرائع کے بموجب بشیر آباد پولیس اس قتل کے معاملہ میں چند افراد کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش میں مصروف ہے؟ اور مختلف زاویوں سے اس قتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
حافظ قرآن محمد زبیر کے اس بے دردانہ قتل کے واقعہ پر بشیر آباد اور تانڈور میں بالخصوص علماء و حفاظ کرام میں غم اور افسوس کی لہر دؤڑگئی ہے۔ اور پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قتل میں ملوث خاطیوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیتہ علماء ہند نے جواں سال حافظ محمد زبیر کے اس بہیمانہ قتل پر غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد مقتول حافظ محمد زبیر کے افراد خاندان کے ساتھ شامل ہے اور ان کے لواحقین کی ہر ممکنہ مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔