چیوڑلہ حلقہ لوک سبھا میں موجود سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے فنڈس جاری کئے جائیں
رکن پارلیمان چیوڑلہ رنجیت ریڈی کی مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی سے نمائندگی
وقارآباد/تانڈور:4۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی سے آج دہلی میں ان کے دفتر میں تلنگانہ کے ٹی آرایس ارکان پارلیمان کے ساتھ رکن پارلیمان حلقہ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے ملاقات کی اور تلنگانہ کی رامپا مندر جس کو بین الاقوامی معیار کا سیاحتی مقام بنانے کے لیے مناسب فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔
ساتھ ہی رکن پارلیمان حلقہ چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی کو ایک تحریری یادداشت حوالے کرتے ہوئے نمائندگی کی کہ ان کے حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ میں موجود سیاحتی مقامات درگم چیرؤ، آبی ذخائر گنڈی پیٹ اور حمایت ساگرکے ساتھ ساتھ ضلع وقارآباد میں موجود اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ کی ترقی کے لیے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی کو رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے بتایا کہ یہ تمام سیاحتی مقامات حیدرآباد سے قریب ہیں اور ان مقامات کی سیاحت کے لیے روزآنہ اور تعطیلات کے مواقع پر بالخصوص موسم گرما میں سیاحوں کی کثیر تعداد پہنچتی ہے ان مقامات کی مزید ترقی اور سیاحوں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی کے لئے فنڈ س جاری کئے جائیں۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی جو کہ حلقہ پارلیمان سکندرآباد کی لوک سبھا میں نمائندگی کرتے ہیں نے اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ اکثر سیاحت کی غرض سے اننت گیری ہلز آیا کرتے تھے۔
اور تیقن دیا کہ وہ بہت جلد اننت گیری ہلز کا دؤرہ کریں گے اور درکار فنڈس کی اجرائی کو یقینی بنائیں گے ساتھ ہی درگم چیروؤ،گنڈی پیٹ اور حمایت ساگر کی ترقی کے لیے بھی فنڈس کی اجرائی کو ممکن بنائیں گے تاکہ اس سے سیاحت کو مزید ترقی حاصل ہو۔