حجاب گرل مسکان خان کے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم،شاہ رخ خان،سلمان خان اور عامر خان نے کوئی رقم نہیں دی

حجاب گرل مسکان خان کے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار ‌گرم
سلمان خان،شاہ رخ خان اور عامر خان نے رقمی اعلان نہیں کیا
برج خلیفہ والا ویڈیو بھی فیک،جھوٹے یوٹیوبرس کے پروپگنڈہ کو ہوا نہ دیں!

حیدرآباد: 13۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

کرناٹک کے مانڈیا کے پی ای سی کالج میں حجاب مخالف شرپسندوں کے جھنڈ سے تنہا لڑجانے والی مسکان خان کے متعلق سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر محض اپنی تشہیر اور یوٹیوب چینلوں کے ذریعہ پیسہ کمانے کی غرض سے خوب جھوٹ پھیلایا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر چند صارفین کا کہنا ہے کہ یہ مہم محض اپنے حقیر مالی فائدہ کی غرض سے پڑوسی ملک کے وہ یوٹیوبرس چلارہے ہیں جو مذہب کے نام پر قوم کا استحصال کرکے پیسہ کمانا خوب جانتے ہیں!!۔ایسے لالچی اور جھوٹے یوٹیوبرس کی ان دنوں چاندی بنی ہوئی ہے۔اور مسکان خان کے نام پر ان کا روزگار خوب چل رہا ہے۔

افسوس تو تب ہوتا ہے کہ ایسے جھوٹے یوٹیوب چینلوں کو لاکھوں،کروڑوں لوگ سبسکرائب بھی کرتے ہیں،ان کے ویڈیوز دیکھتے بھی ہیں، لائیک بھی کرتے ہیں اور شیئر بھی خوب کرتے ہیں۔

لیکن زیادہ افسوس تو اس بات پر ہوتا ہے کہ خود ہمارے ملک کے بے خبر لوگ بنا کسی تصدیق ایسے جھوٹے یوٹیوب چینلوں کے لنکس کو بالخصوص واٹس ایپ پر وائرل کرکے خوب خوش ہوتے ہیں کہ جیسے انہوں نے ثواب کمالیا ہو! ایسے بھولے بھالےلوگوں کی وجہ سے جھوٹے یوٹیوبرس کا کاروبار خوب چلتا ہے۔اس معاملہ میں بنا تصدیق کسی بھی مواد کو وائرل کرنا ٹھیک نہیں ہوتا۔

سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر گزشتہ چند دنوں سے دنیا بھر میں مشہور دبئی کی بلند ترین "برج خلیفہ” کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے یاد رہے کہ اس برج خلیفہ پر دنیا کی اہم شخصیتوں،اہم واقعات یا بھاری معاوضہ لے کر تشہیری مواد پیش کیا جاتا ہے۔

وائرل شدہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ برج خلیفہ پر انگریزی میں "مسکان خان” لکھا ہوا ہے اور ان کی تصویر بھی نظر آرہی ہے۔دراصل یہ ویڈیو کسی ٹک ٹاک یوزر نے بنایا ہے جو کہ فیک ہے۔کوئی بھی اپنے اسمارٹ فون کے ذریعہ تصاویر اور ویڈیوز پر ایسی ایڈیٹنگ کرسکتا ہے۔

اب آئیے پڑوسی ملک پاکستان کے چند یوٹیوبرس کی جانب سے جو کہ ہمیشہ ہندوستانی مسلمانوں کے لیے "نادان دوست” ثابت ہوتے آئے ہیں!!۔کیونکہ یہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی واقعہ کو جھوٹ اور بے بنیاد باتوں میں لپیٹ کر پیش کرتے ہیں۔ان کا مقصد صرف اور صرف یوٹیوب ویوز، لائیکس اور شیئرنگ کے ذریعہ پیسہ کمانا ہوتا ہے۔اسے عام زبان میں "دھندہ” کہا جاتا ہے!!

مانڈیا کالج حجاب گرل مُسکان خان اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی ویڈیوز اور فوٹوز کے ساتھ پاکستانی یوٹیوب چینل”کہانی سنٹر” نے دو دن قبل ایک ویڈیو بناکر پیش کیا ہے جس میں ایک کاغذ کا پرزہ دکھاتے ہوئے اسے ثبوت کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار سلمان خان نے حجاب گرل مسکان خان کو تین کروڑ روپئے کا چیک بھجوادیا ہے۔اس جھوٹ پر مبنی ویڈیو کو اب تک 18،48،627 لوگوں نے دیکھا ہے جبکہ اس جھوٹ پرمبنی ویڈیو کو 1،52،000 لوگوں نے لائیک کیا ہے۔اس جھوٹے ویڈیو کا لنک ملک کے پرجوش واٹس ایپ صارفین ثواب کی نیت سے شیئر کررہے ہیں!!۔

اسی طرح یوٹیوب پر”بلال علی ٹی وی” نامی یوٹیوبر نے بھی اداکار شاہ رخ خان اور مسکان خان کی جھوٹ پرمشتمل ایک منٹ 12 سیکنڈ کی مختصر ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان نے مانڈیا مسکان خان واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مسکان خان کے لیے دو کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے! اس جھوٹے اور بے بنیاد مختصر ویڈیو کو اب تک 10،72،906 افراد نے دیکھا ہے اور 36،000 افراد نے لائیک کیا ہے۔

وہیں پاکستان کے ہی "ٹرینڈنگ نسیم” نامی یوٹیوبر نے بھی اداکار عامرخان کی تصویر اور مسکان خان کے ویڈیو پر مشتمل 51 سیکنڈ کے ویڈیو میں غلط بیانی اور جھوٹ سے کام لیتے ہوئے کہاہے کہ عامر خان نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئےمسکان خان کو تین کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس جھوٹے اور بے بنیاد ویڈیو کو بھی یوٹیوب پر اب تک 7،67،025 ناظرین نے دیکھا اور 21،000 نے لائیک کیا ہے۔ 

اسی طرح یوٹیوب پر”بلال علی ٹی وی” نامی یوٹیوبر نے ہی ایک اور ایک منٹ پانچ سیکنڈ کا ویڈیو بناتے ہوئے کہا ہے کہ دُبئی کے "ہمدان بن محمد” نے بڑا اعلان کرتے ہوئے حجاب گرل مسکان خان کی ستائش کرتے ہوئے 15 کروڑ انعام دے دیا اس جھوٹے یوٹیوب چینل نے یہ واضح نہیں کیا کہ 15 کروڑ درہم یا روپئے؟ اس ایک منٹ پانچ سیکنڈ کے ویڈیو کو بھی اب تک یوٹیوب پر 2،44،261 ناظرین نے دیکھا ہے جبکہ 8،400 افراد نے لائیک کیا ہے۔

اس معاملہ میں پاکستانی یوٹیوبر” بلال علی ٹی وی” جھوٹ اور گھٹیاپن کی تو حد ہی کردی ہے۔اس نے اپنے مزید دیگر ویڈیوز بھی بنائے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ”اداکار امیتابھ بچن نے مسکان خان کو تین کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے”،اسی یوٹیوبر نے ایک اور ویڈیو میں کہاہے کہ "فلم اداکار اجئے دیوگن نے مسکان خان کو 11 کروڑ روپئے کا انعام دیا ہے”۔اسی جھوٹے یوٹیوبر بلال علی ٹی وی”کے ایک اور یوٹیوب ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ” کپل شرما شو کے کپل شرما نے بھی مسکان خان کو 5 کروڑ کا انعام دیا ہے”۔

اس جھوٹے بلال علی ٹی وی نے تو ایک اور ویڈیو میں کہہ دیا کہ”مسکان خان کو پاکستانی وزیراعظم نے پاکستان بلایا ہے”۔اس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ گھٹیا یوٹیوبر ایسے نصف درجن سے زیادہ ویڈیوز بناکر پیسہ کمانے کے ساتھ ہندوستانی مسلمانوں کا کس طرح نقصان کررہا ہے؟

یہ تو وہ چار جھوٹے پاکستانی یوٹیوبرس کی تفصیلات ہیں پتہ نہیں ایسے کتنے جھوٹے یوٹیوبرس اور ہوں گے جو کہ مذہبی استحصال کے ساتھ ساتھ جھوٹ پر مبنی ایسے ویڈیو بناکر اپنا” دھندہ ” چلارہے ہوں گے!

ضرورت شدید ہے کہ ایسے ویڈیوز کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا جائے۔اور ایسے ویڈیوز کے لنکس ہرگز سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر نہ پھیلائے جائیں۔کیوں کہ اس سے غلط پیغام جائے گا کہ جو لڑکیاں اپنے دم پر حجاب کے لیے اپنی دستوری اور قانونی لڑائی لڑرہی ہیں انہیں باقاعدہ یہ بڑی شخصیتیں فنڈنگ کررہی ہیں!جس سے یہ اس معاملہ کو الگ رخ دے دیا جائے گا!

فی الوقت کرناٹک کے کالجوں میں حجاب پہننے کی اجازت کا معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں زیردؤراں ہے۔اور کل 14 فروری کو اس کی دوبارہ سماعت ہونے والی ہے۔ہمارے لیے لازمی ہے کہ ہم اس ملک کے قانون اور دستور پر مکمل یقین رکھیں،اس معاملہ میں اشتعال انگیزی کا ہرگز شکار نہ ہوں اور نہ ہی اپنی جانب سے کسی اشتعال انگیزی کو ہوا دیں!!

(نوٹ: احتیاطً ان جھوٹے ویڈیوز کے لنک یہاں پیش نہیں کیے جارہے ہیں،ان کے اسکرین شاٹ پیش ہیں)