تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے،لیکن تمام احتیاطی اقدامات لازمی : چیف منسٹر کے سی آر

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے
لیکن تمام احتیاطی اقدامات لازمی،حکومت کورونا سے نمٹنے تیار
ریاست کے مختلف ٹاؤنس میں بستی دواخانوں کے قیام کی ہدایت
محکمہ صحت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر کے سی آر

حیدرآباد: 03۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے آج رات دیر گئے واضح طور پر کہا ہے کہ فی الوقت ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے ریاست کے عوام کو یہ حوصلہ بھی دیا ہے کہ اومیکرون سے گھبرانے یا خوفزدہ ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔لیکن اس سے تحفظ کے لیے تمامتر احتیاطی اقدامات لازمی ہیں اور اس سلسلہ میں چوکسی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ حکومت تلنگانہ تمام وسائل اور درکار سہولتوں کے ساتھ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔آج شام دیر گئے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے پرگتی بھون میں وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہ کیا۔

چیف منسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ اب تک ریاست کے تمام ہسپتالوں میں موجود 99 فیصد بستروں کو آکسیجن بستروں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ساتھ ہی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر تمام ہسپتالوں کے صد فیصد بستروں کو آکسیجن سہولتوں سے لیس کیا جائے اور ساتھ ہی بستی دواخانوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ہدایت دی کہ حیدرآباد میٹروپولٹین ڈیولپمنٹ اتھارٹی (HMDA) کے حدود میں موجود کنٹونمنٹ زون کے علاقوں میں عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے فی وارڈ جملہ 6 بستی دواخانے قائم کیے جائیں۔رسول پورہ میں 2،ایل بی نگر ، سیری لنگم پلی،قطب اللہ پور،اوپل، کوکٹ پلی، جل پلی، ملکاجگیری،پیرزادی گوڑہ،میر پیٹ، نظام پیٹ، بوڈاوپل اور جواہر نگر میں ایک ایک بستی دواخانوں کے قیام کی بھی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے حیدرآباد میں قائم بستی دواخانوں کی طرز پر اضلاع کے ٹاؤنس میں بھی بستی دواخانے قائم کرنے کی محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔

چیف منسٹر نے ورنگل میونسپل کارپوریشن کے حدود میں چار اور نظام آباد میں تین بستی دواخانے قائم کیے جائیں۔اسی طرح محبوب نگر، نلگنڈہ،راما گنڈم،کھمم اور کریم نگر میں دو،دو جبکہ سوریہ پیٹ،جگتیال،سدی پیٹ،مریال گوڑہ،کوتا گوڑم،نرمل،پالونچہ،وقارآباد، تانڈور،منچریال، کاماریڈی،آرمور،بھینسہ، بودھن، ظہیرآباد،سنگاریڈی،ونپرتی، گدوال، تیلا پور،سرسلہ،امین پور،بولارم،میدک اور گجویل میں ایک، ایک بستی دواخانے قائم کرنے کی ہدایت دی۔