سلمان خان میری جان، مبارکباد نے میری جیت کو مزید خاص بنادیا، ملاقات کے لیےممبئی جاؤں گی: ورلڈباکسنگ چمپئن نکہت زرین

سلمان خان میری جان،مبارکباد نے میری جیت کو مزید خاص بنادیا
میں سب سے بڑی مداح ہوں،ملاقات کے لیےممبئی جاؤں گی
ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین نے سلمان خان کا شکریہ ادا کیا

حیدرآباد:21۔مئی
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

نکہت زرین جن کا تعلق ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے نظام آباد شہر سے ہے۔نےجمعرات کو استنبول،ترکی میں منعقدہ فلائی ویٹ فائنل میں تھائی لینڈ کی جیتپونگ جوٹاماس کو شکست دے کر خواتین کی عالمی چمپئن شپ میں 52 کلوگرام کے زمرہ میں سونے کاتمغہ حاصل کرتے ہوئے ملک،قوم اور ریاست کا سر فخر سے اونچا کردیا۔گولڈ میڈل کے ساتھ نکہت زرین کو ایک لاکھ ڈالر کا انعام بھی حاصل ہواہے۔

نکہت زرین کی جانب سے خواتین کی باکسنگ میں عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ملک کانام رؤشن کرنے پر انہیں وزیراعظم نریندرمودی،وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ،ریاستی وزیرآبکاری سرینواس گوڑ،مرکزی وزراء پیوش گوئل،کرن رجیجو،سابق مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر،وزیراعلیٰ اڑیسہ نوین پٹنائک،گورنرتلنگانہ محترمہ تملسائی سؤندرراجن،سیکریٹری وزیراعلیٰ تلنگانہ سمیتاسبھروال آئی اے ایس،ایڈیشنل ڈائرکٹرجنرل آف پولیس تلنگانہ سواتی لکڑا آئی پی ایس،صدر تلنگانہ بی جے پی ورکن پارلیمان کریم نگربنڈی سنجے کمار،صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی،بی جے پی کےرکن پارلیمان نظام آباد دھرما پوری اروند،بی جے پی کےرکن اسمبلی ایٹالہ راجند،کانگریسی رکن اسمبلی حلقہ ملگ دانا سری اناسویا(سیتا اکا)،مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی وی سی سجنار،مشہورصنعت کار آنند مہندراکے علاوہ ملک کی نامورسیاسی شخصیتوں کی جانب سے ٹوئٹر کے علاوہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی دؤران کل رات نکہت زرین نے "این ڈی ٹی وی”سے خصوصی بات چیت کی۔اس دؤران نیوز اینکر نے نکہت زرین سے پوچھا کہ اب جبکہ وزیراعظم نریندرمودی نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے تو کیا انہیں”سلمان بھائی”(اداکارسلمان خان) سے کوئی پیغام حاصل ہوا ہے؟

نکہت زرین نے نیوز اینکر سے پوچھا کہ”کون بھائی؟”۔
نیوز اینکر نے کہا کہ جس کی آپ مداح ہیں!
تو نکہت زرین کا جواب تھا” کون بھائی”۔”اچھا آپ کا بھائی”؟۔
میرا بھائی تو نہیں ہے،آپ بھائی کہتی ہیں،؟
نہیں میں نے کبھی بھائی نہیں کہا تھا۔
لوگوں کا بھائی ہوگا،”وہ تو میری جان ہے”

پھر نکہت زرین نے کہا کہ”سلمان خان میں آپ کی بہت بڑی مداح ہوں،میراخواب ہے کہ ان سے ملوں،انہوں نے مزید کہا کہ میرا خواب ہے کہ میں سب سے پہلے 2024 میں پیرس میں ہونے والے اولپک گیمس میں گولڈ میڈل جیتوں،پھر سیدھےممبئی جاکرسلمان خان سے ملاقات کروں”۔

نکہت زرین کے اس انٹرویو والے مختصر ویڈیو کلپ کو این ڈی ٹی وی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا۔اس ویڈیو کلپ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار سلمان خان Salman Khan@نے اپنے ٹوئٹ میں نکہت زرین Nikhat Zareen@ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ”گولڈ میڈل کے لیے مبارکباد نکہت”
” نکہت زرین کی این ڈی ٹی وی سے بات چیت کا وہ حصہ اس 55 سیکنڈ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے”

نکہت زرین نے رات ہی سلمان خان کی مبارکباد والا ٹوئٹ ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں ٹیاگ کیااور اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ” ڈائی ہارڈ فین گرل ہونے کے ناطے،یہ میرے پسندیدہ خوابوں میں سے ایک ہے جو پورا ہوا ہے۔میں اس پرکبھی یقین نہیں کرسکتی تھی کہ سلمان خان میرے لیے ٹویٹ کریں گے۔میں بہت عاجز ہوں۔میری جیت کو مزید خاص بنانے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔میں اس لمحے کو ہمیشہ اپنے دل میں رکھوں گی”۔

بعدازاں گزشتہ رات ہی اپنے اسی ٹوئٹ کو نکہت زرین نے سلمان خان کی مبارکباد والے ٹوئٹ کے اسکرین شاٹس کے ساتھ اپنے آفیشل فیس بک پیج پر بھی پوسٹ کیا ہے۔

 

 

NikhatZareen #WorldBoxingChampion #SalmanKhan#