وقارآباد ضلع میں جادو ٹونا کے نام پر لڑکی کے پیر جلانے والا نقلی بابا ناقابل ضمانت دفعات کے تحت گرفتار:ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس

وقارآباد ضلع میں جادو ٹونا کے نام پر لڑکی کے پیر جلانے والا نقلی بابا
پی ڈی ایکٹ اور ناقابل ضمانت دفعات کے تحت گرفتار
ضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس
وزیرتعلیم نے لڑکی کو اپولو ہسپتال منتقل کرنے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی

وقارآباد؍پرگی: 20۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع،پرگی کے مؤضع نسکل میں سنسان مقام اور جنگل میں موجود ایک درگاہ میں نقلی اور خودساختہ بابا کی جانب سے گزشتہ جمعہ کو جادو ٹونا کے ذریعہ علاج کے نام پر دھارور منڈل کے موضع کوکندہ کی ساکن 18سالہ بیٹی اشونی کے جسم پر شیطان کے حاوی ہوجانے اور علاج کرنے کے نام پر اس لڑکی کے دونوں پیروں اور ایک ہاتھ کو جلتے کوئلوں سے جلاکر شدید زخمی کرنے والے نقلی بابا رفیق کو پرگی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

اس سلسلہ میں ایس پی ضلع وقارآباد این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے پرگی پولیس اسٹیشن میں ملزم نقلی بابا رفیع کو میڈیا کے روبرو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نقلی بابا لوگوں کو جادو ٹونا کے نام پر لوٹتے ہوئے ان کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔

وقارآباد ضلع کے ہی دھارور منڈل کے موضع کوکندہ کے ساکن وینکٹیش کی بیٹی اشونی 18 سالہ جو کہ وقارآباد کے گوتمی ڈگری کالج کی طالبہ ہے۔کی طبیعت خراب ہونے پر اس کے والدین کی جانب سے اس نقلی بابا رفیق سے رجوع کیا گیا تھا۔جہاں اس نے لڑکی کے بدن پر شیطان کے حاوی ہوجانے اور جادو ٹونا کے ذریعہ اس کا علاج کرنے کا یقین دلاتے ہوئے لڑکی کے ماں باپ سے رقم وصول کی اور اس لڑکی کو جلتے ہوئے کوئلوں پر چلاتے ہوئے اس کے دونوں پیروں پر اپنے دونوں پیر رکھ کر بعدازاں لڑکی کے ایک ہاتھ کو بھی شدید جھلسادیا۔اب اشونی ہسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔

گرفتار شدہ نقلی بابا اور متاثرہ لڑکی۔

ضلع ایس پی مسٹر این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ جادو ٹونا کے نام پر علاج کرنے کا یقین دلاتے ہوئے اشونی کو شدید زخمی کرنے والے اس نقلی بابا رفیق کے خلاف لڑکی کے باپ کی شکایت پر اس کے خلاف ناقال ضمانت دفعات 326a،420،506 اور 508  کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔بعدازاں اسے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔ضلع ایس پی نے کہا کہ اس نقلی بابا کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی لگایا جائے گا۔

اس پریس کانفرنس میں ایس پی ضلع وقارآباد این ۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ عوام ایسے نقلی دھوکہ باز افراد سے چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیماری کے علاج کے لئے ہسپتال موجود ہیں۔عوام ان دھوکہ بازوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

ساتھ ہی ضلع ایس پی نے عوام سے کہا کہ اگر مزید دیگر افراد بھی گرفتار شدہ رفیق کی دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہوں یا ضلع میں کسی اور ایسےدھوکہ باز جادوگروں اور عاملوں کا شکار ہوئے ہوں تو وہ 100 نمبر پر ڈائل کرتے ہوئے یا قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں۔

اس واقعہ کی اطلاع کے بعد رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نےمتاثرہ لڑکی کے والدین سےفون پر بات کی۔جبکہ رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر ایم۔آنند اور سابق وزیر جی۔پرساد کمار نے ہسپتال پہنچ کر اس لڑکی سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو ہدایت دی کہ لڑکی کا موثر علاج کیا جائے۔

اسی دؤران آج رات ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے اس واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی وقارآباد سے اس معاملہ کی تفصیلات حاصل کیں اور فون پر متاثرہ لڑکی کے والدین سے بات کرتے ہوئے انہیں تیقن دیا کہ لڑکی کے بہتر علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔بعدازاں وزیرتعلیم نے کلکٹر ضلع وقارآباد بی۔نکھیلا کو ہدایت دی کہ متاثرہ لڑکی اشونی کو فوری طور پر وقارآباد کے خانگی ہسپتال سے کنچن باغ حیدرآباد میں موجود اپولو ہسپتال منتقل کیا جائے۔

” اس غیر انسانی عمل کی مکمل تفصیلات سحر نیوز ڈاٹ کام کی اس لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہیں "

وقارآباد ضلع : جادو ٹونا کے نام پرنقلی بابا کی غیرانسانی کرتوت، 18سالہ لڑکی کو آگ پر چلایا، دونوں پیر اور ایک ہاتھ جھلس گئے، لڑکی ہسپتال میں زیرعلاج