وقارآباد ضلع میں امن و امان کی برقراری اولین ترجیح،عوام کا تعاون ناگزیر
کوٹی ریڈی نے بحیثیت ایس پی ضلع وقارآباد اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا
وقارآباد: 26۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے آج اتوار کے دن دفتر ایس پی وقارآباد پہنچ کر بحیثیت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تین دن قبل ریاست کے جن 30 آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے عمل میں لائے گئے تھے ان میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا بھی شامل ہیں۔محبوب آباد ضلع میں بحیثیت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خدمات انجام دے رہے مسٹر این۔کوٹی ریڈی کا وقارآباد تبادلہ عمل میں لایا گیا تھا۔
مسٹر این۔کوٹی ریڈی کے دفتر ایس پی وقارآباد پہنچنے پر انہیں پولیس سلامی دی گئی۔ایڈیشنل ایس پی وقارآباد ضلع ڈاکٹر ایم اے رشید نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ ضلع میں امن و امان کی برقراری انکی اولین ترجیح ہوگی اور ضلع کے عوام کو صاف و شفاف پولیس انتظامیہ فراہم کیا جائے گا۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ وقارآباد ضلع میں امن و امان کی برقراری اورغیر سماجی حرکتوں کے سدباب کے لیے محکمہ پولیس کو عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے ضلع کے تمام پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے لیے ہمیشہ دستیاب رہتے ہوئے ان کے مسائل حل کریں۔
مسٹر این۔کوٹی ریڈی کی جانب سے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد ڈی ایس پیز وقارآباد،تانڈور اور پرگی ستیہ نارائن،لکشمی نارائن اور سرینواس،ڈی ایس پی اے آر ستیہ نارائن،کے بشمول ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ سرکل انسپکٹران و سب انسپکٹران پولیس اور دیگر ملازمین پولیس نے ان سے خیر سگالی ملاقات کرتے ہوئے انہیں گلدستے پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر وقارآباد ضلع ہوم گارڈس ویلفیئر اسوسی ایشن چاند پاشاہ اور کرشنا نے بھی ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی سے خیرسگالی ملاقات کرتے ہوئے انہیں گلدستہ پیش کیا اور ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


