محافظ بن گئے حیوان ، گرلز ہاسٹل میں لڑکیوں سے کروایا برہنہ ڈانس ،حکومت مہاراشٹرا نے دیا تحقیقات کا حکم

بین ریاستی خبریں قومی خبریں

محافظ بن گئے حیوان،گرلز ہاسٹل میں لڑکیوں سے کروایا برہنہ ڈانس ،حکومت مہاراشٹرا نے دیا تحقیقات کا حکم

ممبئی۔ 3۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)
"بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ” کا نعرہ اس ملک کی بیٹیوں کے لئے اب ایک گالی بن کر رہ گیا ہے! ملک کی مختلف ریاستوں سے لڑکیوں اور خواتین پر جنسی حملوں ، ان کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کی سرخیاں روز اخبارات کے صفحات پر خون اُگل رہی ہیں۔


عوام کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں قوانین کی موجود گی کے باوجود لڑکیوں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس کی ایک اہم وجہ سیاستدانوں کی جانب سے ان مجرمین کی پشت پناہی اورزانیوں کی حمایت ہے۔ چاہے وہ جموں کے کتھوا کا معاملہ ہو یا اتر پردیش کے ہاتھرس اور اُناؤ کا!! یا پھر بہار کے مظفر پور کا!! ریاستیں الگ الگ ہیں لیکن لڑکیوں اور خواتین پر جنسی حملوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

ایسے میں مہاراشٹرا پولیس نےتو ایک ایسی شرمناک حرکت کے ذریعہ بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ کے نعرے کو ہی بدل کربیٹیوں کو پکڑو،برہنہ ڈانس کرواؤ جیسے شرمناک واقعہ میں بدل دیا ہے!! جس میں مہاراشٹرکے پولس افسران بھی شامل ہیں۔

معاملہ اتنا سنگین اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے کہ مہاراشٹرا حکومت نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس سارے معاملہ کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سارے معاملہ کی مکمل رپورٹ اندرون دو یوم حکومت کو دی جائے ، جس کے بعد خاطیوں کیخلاف خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے بموجب مہارشٹرا کے جلگاؤں کے ایک خواتین کے سرکاری ہاسٹل میں چند نامعلوم افراد اور پولس افسران کسی معاملہ کی جانچ کے بہا نے زبردستی داخل گئے معاملہ یہیں تک ہوتا تو ٹھیک تھا لیکن ہاسٹل میں داخل ہونے پولیس عہدیدار اور چند نامعلوم افراد کی ٹولی نے ہاسٹل میں مقیم خواتین کو برہنہ ڈانس کرنے پرمجبورکیا۔اس تمام شرمناک واقعہ کا ویڈیوسوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

جسکے فوری بعد وزیر داخلہ مہاراشٹرا انیل دیشمکھ نے جہاں ان اطلاعات کی سخت مذمت کی وہیں فوری چار رکنی ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے واقعہ کی مکمل تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے۔

مہاراشٹرا اسمبلی میں بیٹی پڑھاؤ ، بیٹی بچاؤ کا نعرہ دینے والی بی جے پی پارٹی کی قائد لیڈرسدھیرمونگیتورنے اس معاملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کیخلاف سخت اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اس سلسلہ میں ایک مقامی این جی او نے بھی اس واقعہ کیخلاف ضلع کلکٹر سے تحریری شکایت کرتے ہوئے اس معاملہ میں ملوث خاطیوں کی فوری گرفتاری اور انکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔