لاکھوں نم آنکھوں کی موجودگی میں امیرشریعت مولانا ولی رحمانی سرکاری اعزازت کیساتھ سپرد لحد

لاکھوں نم آنکھوں کی موجودگی میں امیرشریعت مولانا ولی رحمانی سرکاری اعزازت کیساتھ سپرد لحد

پانچ لاکھ سے زائدافرادکاہجوم،مولاناعمرین محفوظ رحمانی نے نماز جنازہ پڑھائی

مونگیر: 4۔اپریل (سحر نیوز ڈاٹ کام)
عالم اسلام بالخصوص ہندوستان کی عظیم شخصیت مفکراسلام امیرشریعت مولانا محمدولی رحمانی ؒ جنرل سکریٹری آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ آج لاکھوں نم آنکھوں کی موجودگی میں سپرد لحد کردئیے گئے۔

آسماں تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے

سبزہء نو رستہ اس گھر کی نگہبانی کرے

آپ ؒ،اپنے والدامیرشریعت مولانامنت اللہ رحمانی ؒاور دادا قطب عالم مولانامحمدعلی مونگیریؒ کے پہلومیں خانقاہ رحمانی کے احاطے میں ابدی نیندسوگئے۔نمازجنازہ امیرشریعت ؒ کے خلیفہ ارشدمولاناعمرین محفوظ رحمانی سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈنے پڑھائی۔نمازجنازہ خانقاہ رحمانی کے وسیع میدان میں ہوئی

ہجوم کاعالم یہ تھا کہ وسیع میدان،مکمل خانقاہ اورخانقاہ سے باہردور دراز تک تاحدنگاہ سروں کا سمندر ٹھاٹھیں ماررہا تھا۔خانقاہ رحمانی کے ذرائع کے مطابق پانچ لاکھ سے زائد مغموم افراد نے مولانا منت اللہ رحمانی کے اس آخری سفر میں شرکت کی۔

اس موقع پرسرکاری اعزازات بھی پیش کیے گئے جیساکہ کل بہار حکومت نےاعلان کیاتھا۔آپ بائیس برس ایم ایل سی بھی رہے ہیں اور دوبار بہارقانون سازکونسل کی ذمہ داری بھی بخوبی سنبھالی۔

رات سے ہی خانقاہ میں جوق درجوق افرادکی آمدتھی،ہرآنکھ اشکبارتھی،ہرطرف غم کی فضا چھائی تھی۔آپ کے مریدین ومتوسلین کاٹھاٹھیں مارتاسمندرتھا۔

امیرشریعت سابعؒ کے انتقال پرپوری دنیاسے اظہارتعزیت کاسلسلہ جاری ہے۔ مولانامفتی تقی عثمانی، مولاناالیاس گھمن سمیت ملک کے بھی تمام سرکردہ علماء کرام نے اظہارتعزیت کیا ہے۔

مسلم پرسنل لاء بورڈ،جمیعۃ علمائے ہند،مسلم مجلس مشاورت،جماعت اسلامی ہند،تنظیم علمائے حق،دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف،ندوۃ العلماء کے ذمہ داران، اکابر وعلماء و مشائخ اور دانشوروں نے انتہائی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے ان کے فرزندان،عقیدت مندوں،اداروں سے وابستہ افرادکے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ان کے علاوہ سیاسی شخصیات میں صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی ،وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار،سیکریٹری کل ہند کانگریس پرینکا گاندھی،صدرسماج وادی پارٹی اکھلیش یادو،  سابق وزیر اعلیٰ بہار لالویادو،صدر آر جے ڈی تیجسوی یادو،، پپویادو، پرکاش امبیڈکر،بھیم آرمی کے سربراہ چندرشیکھرآزاد، ڈگ وجے سنگھ نے گہرے غم کااظہارکیاہے۔

آپؒ کی شخصیت ہرطبقے میں مقبول تھی۔آپ مسلم پرسنل لاء بورڈسے اول دن سے وابستہ تھے۔بعدمیں 2015ء میں بورڈکے جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالا ،29 نومبر 2015ء کوامارت شرعیہ بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈکے امیرشریعت بنائے گئے۔1996ء میں سماجی اورتعلیمی خدمات کے لیے رحمانی فائونڈیشن کاقیام عمل میں لایا، 2008میں رحمانی تھرٹی قائم کرکے ملت میں نئی تعلیمی بیداری کی روح دوڑادی۔

عزم وحوصلہ اورہمت کے پہاڑشخص تھے۔آپ کے دو فرزندان مولانااحمدولی فیصل رحمانی اور مولاناحامد ولی فہدرحمانی ہیں۔بڑے فرزندسجادہ نشیں ہوں گے اورچھوٹے فرزندان کی معاونت کریں گے اوررحمانی فاونڈیشن اوررحمانی تھرٹی کے انتظامات دیکھیں گے جن کی وصیت آپ نے اپنی حیات میں کردی تھی۔ان کے علاوہ علالت سے عین قبل آپ نے اپنے اہم فیصلے میں مولاناشمشادرحمانی کونائب امیرشریعت اورمولانا انظارقاسمی کوقاضی شریعت نامزدکیاتھا۔