بیوی کی زچگی کیلئے رقم حاصل کرنے نوجوان نے ایک مسافر کا قتل کردیا،مقتول کے پاس سے70روپئے ملے

جرائم و حادثات قومی خبریں

بیوی کی زچگی کیلئے رقم حاصل کرنے نوجوان نے ایک مسافر کا قتل کردیا،مقتول کے پاس سے 70 روپئےملے

ممبئی : 4۔اپریل(سحر نیوز ڈاٹ کام)
اچھے دنوں کی امید میں لاکھوں لوگ جہاں بیروزگار ہوگئے ہیں وہیں اپنے معاشی مسائل کوحل کرنے کیلئے کوئی چھوٹے موٹے کام کرنے پر مجبور ہے تو کوئی جرائم کی طرف راغب ہورہا ہے!

یہ الگ بات ہے کہ انتخابات میں کروڑ ہا روپئے پانی کی طرح بہانے والی سیاسی جماعتوں اوراس ملک کے حکمرانوں کو اس سے کوئی فرق پڑتا نظر نہیں آرہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد سے اور اب کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران اس ملک کے عوام اور بیروزگار افراد کی زندگی کیسے گزررہی ہے؟

ممبئی میں ایک ایسا افسوسناک واقعہ منظر عام پر آیا ہے جہاں ایک 23 سالہ نوجوان نے اپنی بیوی کی زچگی کیلئے ہونے والے اخراجات کی رقم حاصل کرنے کی غرض سے ہاربر لائن پر ایک مسافر کے پاس لوٹ مارکرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔تاہم اس نوجوان کو مقتول مسافر کے پاس سے 70 روپئے حاصل ہوپائے۔
اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات کے مطابق شیخ 30 کی بیوی حاملہ تھی اور اسکی بیوی دردزہ کی شکایت پر زچگی کی غرض سے سائن کے ایک ہسپتال میں داخل کروائی گئی تھی شیخ نے زچگی کیلئے رقم حاصل کرنے کی غرض سے مجرمانہ اقدام کرتے ہوئے جیسوال نامی شخص کا قتل کردیاجو کہ گھاٹ کوپر کی ایک زیپ(چین) بنانے کی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔

شیخ نے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آرپی) کے روبرو اپنا اقبال جرم کرلیا ہے کہ اس نے معاشی مسائل اور بیوی کی زچگی کیلئے رقم کی شدید ضرورت پر ہی یہ قتل کیا تھا۔

ریلوے پولیس کو 29 مارچ کو پنویل۔چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنلس کے درمیان لوکل ٹرین میں کے لگیج کمپارٹمنٹ سے ایک نعش دستیاب ہوئی تھی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مشاہدہ میں واضح ہوا تھا کہ ایک شخص متعدد مرتبہ ضربات پہنچاکر اس شخص کو قتل کررہا ہے۔

ایک سینئر انسپکٹر گورنمنٹ ریلوے پولیس چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنلس نے میڈیا کو بتایا کہ شیخ نے جیسوال کے پاس سے اس کا موبائل فون اور پرس چھین لینے کے بعد اس خوف سے اس کا قتل کردیا کہ وہ پولیس میں اسکے خلاف شکایت درج کروائے گا۔

پولیس نے شیخ کی گرفتاری کے دوسرے دن مقتول کی شناخت جیسوال کی حیثیت سے کی تھی جو جونپور،اتر پردیش کا متوطن تھا اور روزگار کے سلسلہ میں ممبئی کے من خورد علاقہ میں اپنے دو بھائیوں شیوا پربھات اور پنکج کیساتھ رہتاتھا جنہوں نے جیسوال کی نعش کی شناخت کی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے