شادی میں شرکت کرنے والے 370 افراد میں سے 86 افراد کورونا وائرس سے متاثر،مزید کی تشخیص جاری
نظام آباد :4۔اپریل (سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک اور ریاست میں کورونا وائر س کی دوسری لہر کے دؤران بڑی تعداد میں عوام کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ،جسے دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے تین دن قبل ہی جی او نمبر 68، اور جی او نمبر69 جاری کرتے ہوئے عوام کو مختلف سخت ہدایات دی ہیں جس میں تقاریب ، اجتماع ، مذہبی اور دیگر تقریبات پر پابندی کیساتھ ساتھ سماجی فاصلہ قائم رکھنے اور ماسک کا استعمال لازمی طورپر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ عوام کورونا وائرس سے دہشت زدہ تو ہیں لیکن اس سے محفوظ رہنے کیلئے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات کو نظر انداز کرتے ہوئے خود اس وائرس کا شکار ہورہے ہیں!
حکومت کی جانب سے ایک ہی مقام پر زائد افراد کے اجتماع پر پابندی کردی ہے لیکن اس کے باؤجود ضلع نظام آباد میں ایک شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 370 افراد نے شرکت کی ان میں سے 86 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں جبکہ اس شادی کی تقریب میں شریک دیگر شرکا کے بھی کورونا وائرس ٹسٹ کیے جارہے ہیں۔
ضلع نظام آباد کے ورنی منڈل کے موضع سدا پور میں حال ہی میں ایک شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں بتایا جاتا ہے کہ سینکڑوں افراد شریک ہوئے تھے جن میں سے محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے شادی میں شرکت کرنے والے 370 افراد کی کورونا جانچ کی گئی تو ان میں سے 86 افراد کی کوروناوائرس رپورٹ مثبت آئی ہے۔وہیں آج اتوار کوموضع سدالور میں خصوصی کیمپ منعقد کرتے ہوئے اس شادی کی تقریب میں شریک مزیدافراد کی بھی عہدیدار کورونا جانچ کررہے ہیں۔
اس واقعہ کے بعد مؤضع سدالور اور اطراف و اکناف کے مواضعات کے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیاہے۔
ضرورت شدید ہے کہ عوام کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات لازمی طورپر کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور طبی ماہرین کی جانب سے دی جارہی احتیاطی اقدامات پر لازمی طورپر عمل کریں۔
اسی دؤران ریاست میں آج کورونا وائرس کے 1,321 نئے معاملات درج ہوئے ہیں اور پانچ متاثرین کی موت واقع ہوگئی ہے۔