حیدرآباد کے بیگم بازار اور بنجارہ ہلز میں ایک کروڑ سے زائد حوالہ کی رقم ضبط، تین گرفتار

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

 

حیدرآباد کے بیگم بازار اور بنجارہ ہلز میں ایک کروڑ روپئے سے زائد
حوالہ کی رقم ضبط،بشمول اسسٹنٹ پروفیسر تین گرفتار

حیدرآباد: 28۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے پولیس کی جانب سے کروڑہا روپئے مالیتی حوالہ کی رقم کا سلسلہ جاری ہے۔ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے آج شہر کے مشہور تجارتی علاقہ بیگم بازار سے تلاشی کے دؤران کیول رام نامی حوالہ کاروباری کے قبضہ سے 48 لاکھ 50 ہزار روپیوں پرمشتمل نقد اور تین موبائل فون ضبط کرلیے۔بعدازاں ضبط شدہ رقم اور بیوپاری کیول رام کو ٹاسک فورس پولیس نےبیگم بازار پولیس کےحوالےکردیا۔جہاں سے پولیس نے اس رقم کو عدالت میں جمع کرواتے ہوئے بیوپاری کو اس رقم سے متعلق جائز دستاویزات پیش کرنے کی نوٹس دی ہے۔

دوسری جانب سب انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن ایم۔ارون کمار اپنے ماتحت عملہ کےساتھ کل رات 8 بجےگاڑیوں کی تلاشی مہم میں مصروف تھے کہ ایک کار سے پولیس نے 70 لاکھ روپئے برآمد کیے۔اس سلسلہ میں دو افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

بنجارہ ہلز روڈ پر پوما شوروم کےقریب دوارکاپوری کالونی کےقریب پولیس کی تلاشی مہم جاری تھی کہ ایک ماروتی بریزا نمبر TS 07 HC 5546وہاں سے گزررہی تھی۔پولیس نے شبہ کی بنیاد پر اس کار کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے پلاسٹک کور میں رکھے ہوئے 2,000 اور 500 روپیوں کی کرنسی نوٹوں پرمشتمل 70 لاکھ روپئے برآمد ہوئے۔تاہم اس کے جائز دستاویزات موجود نہیں تھے۔

جس کے بعد پولیس نے اس رقم کوضبط کرتے ہوئے کار میں موجود پی۔کشن راؤ(38سالہ) ساکن ڈی ڈی کالونی اور ویمولہ ومشی(26سالہ)ساکن قسمت پور،حیدرآباد کو تحویل میں لے لیا۔سب انسپکٹر پولیس ایم۔ارون کمار کےمطابق ان دونوں نے رقم کےمتعلق کوئی جائز دستاویزات پیش نہیں کیے۔

پریس نوٹ کےمطابق سب انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن ایم۔ارون کمارنے پی۔کشن راؤ سےتفتیش کی تو انہوں نے بتایاکہ وہ اور ویمولہ ومشی حضورآباد کے ساکن ہیں۔پولیس کے بموجب پی۔کشن راؤ نظام کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کی خدمات انجام دےرہے ہیں۔اور وہ ماضی میں بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی وی پی،عابڈس کے انچارج رہ چکے ہیں۔

سب انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن ایم۔ارون کمار کے پریس نوٹ کے مطابق پی۔کشن راؤ نے بتایا کہ یہ رقم بنجارہ ہلز روڈ نمبر۔1 کے ساکن مدھو کے پاس سے حاصل کی گئی تھی۔گرفتار شدگان کے پاس سےکار،رقم اور بشمول آئی فون دو موبائل فونس ضبط کرلیے گئے۔اس طرح پولیس نے ان دونوں واقعات میں جملہ ایک کروڑ ایک کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپئے ضبط کیے ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ حیدرآباد کےمختلف مقامات اور مضافاتی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سےپولیس کی کارروائیوں میں بڑی مقدار میں نقد رقم کی ضبطی کاسلسلہ جاری ہے۔12 اکتوبر کو حیدرآبادکے بنجارہ ہلز،روڈ نمبر 12 پرٹاسک فورس کےعہدیداروں نے 2 کروڑروپئے ضبط کیے تھے۔

جبکہ اس سے تین دن قبل ہی ٹاسک فورس پولیس نےوینکٹاگری،جوبلی ہلز سے 54 لاکھ روپئے،چندرائن گٹہ علاقہ سے 79 لاکھ روپئے،جوبلی ہلز سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپئےضبط کیے تھے۔جوکہ حوالہ کی رقم بتائی گئی تھی۔اس طرح جاریہ ماہ ہی حیدرآبادپولیس نےجملہ 8 کروڑ روپئے ضبط کیے۔اتنی بڑی مقدار میں حوالہ کی رقم کی ضبطی موضوع بحث ہے کہ یہ رقم آئی کہاں سے اور کہاں اس رقم کو پہنچایا جانا تھا۔؟

اسی دؤران حیدرآباد کےمضافاتی علاقہ نارسنگی میں پولیس نے 22 اکتوبر کوگاڑیوں کی تلاشی مہم کےدؤران تین مشتبہ گاڑیوں سےایک کروڑ روپئے ضبط کرلیے ہیں۔جسے تین حصوں میں تقسیم کرکے دو کاروں اور ایک موٹرسیکل کے ذریعہ منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔پولیس نے بتایا تھاکہ یہ رقم حلقہ اسمبلی منوگوڑومنتقل کی جانے والی تھی۔اس سلسلہ میں پولیس نے پانچ افراد کو گرفتارکیا تھا۔جبکہ مزید چار افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اس وقت ڈی سی پی مادھاپور کے۔شلپاولی نے بتایا کہ دو کاروں میں فی کس 35 لاکھ روپے کے دو بیگ دستیاب ہوئے۔جبکہ موٹرسائیکل سوار کے پاس 30 لاکھ روپے والا ایک اور بیگ تھا۔پولیس نے بتایا کہ ان افراد سے پوچھ تاچھ پر انکشاف ہوا کہ اس ر قم کوکومٹ ریڈی سمنت ریڈی اور کومٹ ریڈی سوریہ پون ریڈی کو سونپنے کے لیے منگوڑو لے جایا جارہاتھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مکمل رقم کوکا پیٹ کے رہائشی سنیل ریڈی سے حاصل کی گئی تھی۔اور پولیس کی تلاشی سے بچنے کے لیے اس رقم کو تین حصوں میں تقسیم کرکے مختلف گاڑیوں پر لے جایا جا رہا تھا۔

پولیس نےبتایا تھا کہ اس معاملہ میں پانچ افراد کےدیول راجو،داسر لوتھر،ڈی ناگیش،گنڈالا وجئے کمار اور جی سری کانت ساگر کو گرفتار کیا گیا ہے ۔جبکہ وی۔ہرش وردھن ریڈی،سنیل ریڈی،سمنتھ ریڈی اور سوریا پون ریڈی مفرور ہیں۔اس معاملہ میں پولیس نے ایک کروڑ روپئے نقد رقم کے علاوہ دو کاریں،ایک موٹرسیکل اور 6 موبائل فونس ضبط کیے ہیں۔

حلقہ اسمبلی منوگوڑو میں ہونے جارہےضمنی انتخابات کی مہم زوروں پر ہے۔جہاں 3 نومبر کو رائے دہی ہونے والی ہے۔ایسے میں سوشل میڈیا اورمیڈیا میں ایسی اطلاعات زیرگشت ہیں کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ میں بڑےپیمانے پر رائے دہندوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے۔اور وہاں بھی پولیس تلاشی مہم کے ذریعہ بڑی مقدار میں رقم ضبط کرنے کی اطلاعات ہیں۔

https://twitter.com/i/status/1585843804145258498

 

” یہ بھی پڑھیں "

حیدرآباد: نارسنگی میں پولیس نے ایک کروڑ روپئے ضبط کرلیے، پانچ افراد گرفتار، چار فرار، رقم منوگوڑو منتقل کی جارہی تھی

 

حیدرآباد پولیس نے چینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے نام پر 903 کروڑ کے حوالہ کاروبارمیں ملوث گینگ کا پردہ فاش کیا، 10گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے