حیدرآباد: نارسنگی میں پولیس نے ایک کروڑ روپئے ضبط کرلیے، پانچ افراد گرفتار، چار فرار، رقم منوگوڑو منتقل کی جارہی تھی

حیدرآباد : نارسنگی میں پولیس نے ایک کروڑ روپئے ضبط کیے
رقم منوگوڑو منتقل کی جارہی تھی،پانچ گرفتار،چار فرار

حیدرآباد: 23۔اکتوبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

حیدرآباد کےمختلف مقامات اور مضافاتی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سےپولیس کی کارروائیوں میں بڑی مقدار میں نقد رقم کی ضبطی کاسلسلہ جاری ہے۔12 اکتوبر کو حیدرآبادکے بنجارہ ہلز،روڈ نمبر 12 پرٹاسک فورس کےعہدیداروں نے 2 کروڑروپئے ضبط کیے تھے۔جبکہ اس سے تین دن قبل ہی ٹاسک فورس پولیس نےوینکٹاگری،جوبلی ہلز سے 54 لاکھ روپئے،چندرائن گٹہ علاقہ سے 79 لاکھ روپئے،جوبلی ہلز سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپئےضبط کیے تھے۔جوکہ حوالہ کی رقم بتائی گئی تھی۔اس طرح گزشتہ ہفتہ حیدرآبادپولیس نےجملہ 8 کروڑ روپئے ضبط کیے۔ایک ہفتہ کےدؤران اتنی بڑی مقدار میں حوالہ کی رقم کی ضبطی اب موضوع بحث تھی کہ یہ رقم آئی کہاں سے اور کہاں اس رقم کو پہنچایا جانا تھا۔؟

وہیں حلقہ اسمبلی منوگوڑو میں ہونےجارہےضمنی انتخابات کی مہم زوروں پرہے۔ایسے میں سوشل میڈیا اورمیڈیا میں ایسی اطلاعات زیر گشت ہیں کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ میں بڑےپیمانے پررائے دہندوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے۔اور وہاں بھی پولیس تلاشی مہم کے ذریعہ بڑی مقدار میں رقم ضبط کرنے میں مصروف ہے۔!!

اسی دؤران حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ نارسنگی میں پولیس نے کل 22 اکتوبر کو گاڑیوں کی تلاشی مہم کےدؤران چند مشتبہ گاڑیوں سے ایک کروڑ روپئے ضبط کرلیے ہیں۔جسے تین حصوں میں تقسیم کرکے دو کاروں اور ایک موٹرسیکل کے ذریعہ منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

پولیس کےمطابق یہ رقم حلقہ اسمبلی منوگوڑو منتقل کی جانے والی تھی۔اس سلسلہ میں پولیس نے پانچ افراد کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ مزید چار افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں موجود نارسنگی کے اس واقعہ کی تفصیلات پولیس کے مطابق سب انسپکٹر پولیس نارسنگی پولیس اسٹیشن ایس۔مرلی اپنے ماتحت پولیس عملہ کےساتھ نارسنگی روٹری میں گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھے کہ اس دوران پولیس ٹیم نے دو کاروں اور ایک موٹرسیکل پر سوار افراد کو مشکوک انداز میں تیزرفتاری کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا اور انہیں روک کر ان کی گاڑیوں کی تلاشی لی۔

ڈی سی پی مادھاپور کے۔شلپاولی نے بتایا کہ دو کاروں میں فی کس 35 لاکھ روپے کے دو بیگ دستیاب ہوئے۔جبکہ موٹرسائیکل سوار کے پاس 30 لاکھ روپے والا ایک اور بیگ تھا۔پولیس نے بتایا کہ ان افراد سے پوچھ تاچھ پر انکشاف ہوا کہ اس ر قم کوکومٹ ریڈی سمنت ریڈی اور کومٹ ریڈی سوریہ پون ریڈی کو سونپنے کے لیے منگوڑو لے جایا جا رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مکمل رقم کوکا پیٹ کے رہائشی سنیل ریڈی سے حاصل کی گئی تھی۔اور پولیس کی تلاشی سے بچنے کے لیے اس رقم کو تین حصوں میں تقسیم کرکے مختلف گاڑیوں پر لے جایا جا رہا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں پانچ افراد کے دیول راجو،داسر لوتھر، ڈی ناگیش،گنڈالا وجئے کمار اور جی سری کانت ساگر کوگرفتار کیا گیاہے۔جبکہ وی۔ہرش وردھن ریڈی،سنیل ریڈی،سمنتھ ریڈی اور سوریا پون ریڈی مفرور ہیں۔اس معاملہ میں پولیس نے ایک کروڑ روپئے نقد رقم کے علاوہ دو کاریں،ایک موٹرسیکل اور 6 موبائل فونس ضبط کیے ہیں۔